پیارے احباب جماعت احمدیہ تنزانیہ
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ 29، 30؍ ستمبر اور یکم اکتوبر 2023ء کو اپنا باونواں جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ آ پ کے جلسہ کو بہت کامیاب کرے اور تمام شاملین اس منفرد مذہبی اجتماع میں بے پایاں روحانی فیوض حاصل کریں ۔
حضرت مسیح موعودؑ نے ہمیں سکھایا ہے کہ اس جلسہ کوعام لوگوں کے اجتماع کی طرح نہ سمجھیں۔بلکہ حضورؑ نے بتایا کہ اس جلسہ کی بنیاد خالصۃً الٰہی منشاء کے تحت رکھی گئی ہےتا کہ اسلام کی اشاعت ہوسکے اور ساتھ ہی مصفیٰ کلام قرآن کریم اور ہمارے پیارے نبی ﷺکی تعلیمات کا پرچار ہو سکے۔
حضرت مسیح موعودؑ مزید فرماتے ہیں:اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلاءِ کلمہ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کیلئے قومیں طیار کی ہیں۔ جو عنقریب اس میں آملیں گی۔ کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات انہونی نہیں۔
(ماخوذاز اشتہار 7؍ دسمبر1892ء، مجموعہ اشتہارات، جلد1، صفحہ361، ایڈیشن 2019ء)
اس لیے ضروری ہے کہ آپ جلسہ کی تمام کارروائی سے پوری طرح فائدہ اٹھائیں تا کہ آپ سیکھ سکیں کہ کیسےنیکی کے کاموں میں آگے بڑھتے ہوئے اللہ کا قرب حاصل کرنے کیلئے اپنے روحانی اور اخلاقی معیاروں کو بہتر کرنا ہے۔ یہ جلسہ آپ کے تقویٰ کے معیار کو بڑھانے والا ہونا چاہئےجو حقیقی نیکی ہے اورآپ کے دلوں میں اللہ کا حقیقی خوف پیدا کرنے والا ہونا چاہئے۔یقیناً آپ کا واحد مقصد اللہ کی حقیقی خوشنودی کا حصول ہونا چاہئے۔
درحقیقت حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا ہےکہ زندگی کا اصل مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے دل کی کھڑکی کو اپنے خالق کی طرف کھولیں۔
آپؑفرماتے ہیں کہ’’اے لوگو تم اپنے سچے خداوند خدا اپنے حقیقی خالق اپنے واقعی معبود کی شناخت اور محبت اور اطاعت کیلئے پیدا کئے گئے ہو۔‘‘ (Essence of Islam Vol IV p 146)
لہٰذا آپ کو اللہ سے ایک ذاتی تعلق پیدا کرنا چاہئے۔ باقاعدگی کے ساتھ پنجوقتہ نماز باجماعت ادا کرنی چاہئے۔ زیادہ سے زیادہ دعائیں اور خدا تعالیٰ کی یاد کو ہمہ وقت اپنے دلوں میں رکھیں ۔
مَیں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ خلافت احمدیہ کے ساتھ مضبوط تعلق رکھیں۔اور خلافت احمدیہ کے ذریعہ حاصل ہونے والے انعامات کے شکرانے کے طور پر اس کا مستقل شکر ادا کرتے رہیں۔ہمیں صرف خلافت احمدیہ کے ذریعہ حاصل ہونے والے لاتعداد انعامات کے شکرانے کے طور پر ہی اس کا شکر ادا نہیں کرنا چاہئے بلکہ ہمیں اس بات کا بھی پختہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اچھے اور نیک کام کریں گے اور مثالی احمدی بننے کی کوشش کریں گے۔یاد رکھیں کہ ہماری کامیابی کا دارومدار خلافت احمدیہ سے جڑے رہنے پر ہے جو آج حقیقی طور پر مسلمانوں کی خلافت کی نمائندگی کر رہی ہے۔صرف خلیفۃ المسیح کی راہنمائی پر دیانتداری کے ساتھ عمل پیرا ہو کر ہی آپ دنیا کو اسلام کی خالص اور حقیقی تعلیمات سے روشناس کروا سکیں گے۔
یہ بھی انتہائی اہم اور ضروری ہےکہ آپ مکمل طور پر نظام جماعت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں کیونکہ ہم تبھی آگے بڑھ سکتے اور ترقی کر سکتے ہیں جب ہم متحد ہوں اور جماعت کے عالیشان مقصد کو حاصل کرنے کیلئے مل کر کام کریں ۔
آپ کو عموماً MTA دیکھنا چاہئے اور اپنے اہل خانہ اور خاص طور پر بچوں کو بھی اس کی ترغیب دینی چاہئے۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطباتِ جمعہ اور دوسرے مواقع اور تقریبات پر کیے گئے خطابات کو سننا چاہئے۔ یہ آپ کاخلافت سے مستقل رابطہ جوڑ ے رکھے گا اور آپ کے ایمان کو مضبوط کرے گا۔
آپ کو تبلیغ سے متعلق اپنی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ رہنا چاہئے جو ہر احمدی کیلئے نہایت اہم ہے۔ آپ کو تنزانیہ اور ارد گرد کےممالک تک اسلام احمدیت کا پُر امن پیغام پہنچانے کیلئے نئے اور مؤثر تبلیغی پروگرام ترتیب دینے چاہئیں۔
آخر پر میری دل کی گہرائیوں سے یہ دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسہ سالانہ کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور آپ سب کو اپنا ایمان مضبوط اور مستحکم کرنے کی توفیق عطا کرے ۔اللہ آپ کو اپنی زندگیوں میں تقویٰ اور اچھے اخلاق نیز اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کی جانب جانے والی حقیقی تبدیلی لانے کی توفیق دے۔اللہ آپ سب پر اپنا رحم کرے۔ (بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 7؍نومبر2023ء)