اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




کلام امام الزمان

2023-12-07

اگر کوئی نجات چاہتا ہے اور حیات طیبہ یا ابدی زندگی کا طلب گار ہے

تو وہ اللہ کیلئے اپنی زندگی وقف کرے اور ہر ایک اس کوشش اور فکر میں لگ جاوے کہ وہ اس درجہ اور مرتبہ کو حاصل کرے

جب تک انسان خدا میں کھویا نہیں جاتا ،خدا میں ہو کر نہیں مرتا وہ نئی زندگی پا نہیں سکتا

انسان اگر اللہ تعالیٰ کیلئے زندگی وقف نہیں کرتا تو وہ یاد رکھے کہ ایسے لوگوں کیلئے اللہ تعالیٰ نے جہنم کو پیدا کیا ہے

ارشادات عالیہ سیّدناحضرت مسیح موعود ومہدی معہود علیہ الصّلٰوۃ و السّلام

 

میں خود جو اس راہ کا پورا تجربہ کار ہوں اور محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور فیض سے میں نے اس راحت اور لذت سے حظ اٹھایا ہے، یہی آرزورکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں زندگی وقف کرنے کیلئے اگر مر کے پھر زندہ ہوں اور پھر مروں اور زندہ ہوںتو ہر بار میرا شوق ایک لذت کے ساتھ بڑھتا ہی جاوے۔
پس میں چونکہ خود تجربہ کار ہوں اور تجربہ کر چکا ہوں اور اس وقف کیلئے اللہ تعالیٰ نے مجھے وہ جوش عطا فرمایا ہے کہ اگر مجھے یہ بھی کہہ دیا جاوے کہ اس وقف میں کوئی ثواب اور فائدہ نہیں ہے، بلکہ تکلیف اور دکھ ہو گا، تب بھی میں اسلام کی خدمت سے رک نہیں سکتا ،اس لئے میں اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ اپنی جماعت کو نصیحت کروں اور یہ بات پہنچا دوں آئندہ ہر ایک کا اختیار ہے کہ وہ اِسے سُنے یا نہ سُنے! اگر کوئی نجات چاہتا ہے اور حیات طیبہ یا ابدی زندگی کا طلب گار ہے تو وہ اللہ کیلئے اپنی زندگی وقف کرے اور ہر ایک اس کوشش اور فکر میں لگ جاوے کہ وہ اس درجہ اور مرتبہ کو حاصل کرے کہ کہہ سکے کہ میری زندگی،میری موت،میری قربانیاں،میری نمازیں اللہ ہی کیلئے ہیں اور حضرت ابراہیم کی طرح اسکی روح بول اٹھے۔اَسْلَمْتُ لِرَبِّ الْعٰلَمِيْنَ(البقرۃ:132) جب تک انسان خدا میں کھویا نہیں جاتا ،خدا میں ہو کر نہیں مرتا وہ نئی زندگی پا نہیں سکتا۔
پس تم جو میرے ساتھ تعلق رکھتے ہو،تم دیکھتے ہو کہ خدا کیلئے زندگی کا وقف میں اپنی زندگی کی اصل غرض سمجھتا ہوں۔ پھر تم اپنے اندر دیکھو تم میں سے کتنے ہیں جو میرے اس فعل کو اپنے لئے پسند کرتے ہیں اور خدا کیلئے زندگی وقف کرنے کو عزیز رکھتے ہیں۔
انسان اگر اللہ تعالیٰ کیلئے زندگی وقف نہیں کرتا تو وہ یاد رکھے کہ ایسے لوگوں کیلئے اللہ تعالیٰ نے جہنم کو پیدا کیا ہے۔ اس آیت سے صاف طور پر معلوم ہوتا ہے کہ جیسا کہ بعض خام خیال کوتاہ فہم لوگوں نے سمجھ رکھا ہے کہ ہر ایک آدمی کو جہنم میں ضرورجانا ہو گا، یہ غلط ہے۔ ہاں اس میں شک نہیں کہ تھوڑے ہیں جو جہنم کی سزا سے بالکل محفوظ ہیں اور یہ تعجب کی بات نہیں۔ خدا تعالیٰ فرماتا ہے قَلِيْلٌ مِّنْ عِبَادِيَ الشَّكُوْرُ(سبا:14)

(ملفوظات، جلد اوّل،صفحہ501،مطبوعہ 2018قادیان )