اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




کلام امام الزمان

2023-03-02

میں نے اپنے پُر زور نشانوں سے دکھایا ہے اور صاف صاف دکھایاہے کہ زندہ برکات اور زندہ نشانات صرف اسلام کیلئے ہیں

دیکھو اور غور سے سنو!یہ صرف اسلام ہی ہے جو اپنے اندر برکات رکھتا ہے اور انسان کو مایوس اور نا مراد ہونے نہیں دیتا اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ میں اس کے برکات اور زندگی اور صداقت کیلئے نمونہ کے طور پر کھڑا ہوں۔ کوئی عیسائی نہیںجو یہ دکھا سکے کہ اس کا کوئی تعلق آسمان سے ہے۔ وہ نشانات جو ایمان کے نشان ہیں اور مومن عیسائی کیلئے مقرر ہیںکہ اگر پہاڑ کو کہیں تو جگہ سے ٹل جاوے۔ اب پہاڑ تو پہاڑ۔ کوئی عیسائی نہیں جو ایک الٹی ہوئی جوتی کو سیدھی کر دکھائے۔ مگر میں نے اپنے پُر زور نشانوں سے دکھایا ہے اور صاف صاف دکھایاہے کہ زندہ برکات اور زندہ نشانات صرف اسلام کیلئے ہیں۔ میں نے بے شمار اشتہار دیئےہیں اور ایک مرتبہ سولہ ہزار اشتہار شائع کئے۔ اب ان لوگوں کے ہاتھ میں بجز اس کے اور کچھ نہیں کہ جھوٹے مقدمات کیے اور قتل کے الزام دیئے۔ اوراپنی طرف سے ہمارے ذلیل کرنے کے منصوبے گانٹھے،مگر عزیز خدا کا بندہ ذلیل کیونکر ہو سکتا ہے جس میں ان لوگوں نے ہماری ذلت چاہی۔ اسی ذلت سے ہمارے لئے عزت نکلی۔ ذٰلِكَ فَضْلُ اللّٰهِ يُؤْتِيْهِ مَنْ يَّشَآءُ(الـجمعۃ:5) دیکھو ،اگر کلارک کا مقدمہ نہ ہوتا تو اِبراء کا الہام کیونکر پورا ہوتا۔ جو مقدمہ سے بھی پہلے سینکڑوں انسانوں میں شائع ہو چکا تھا۔ یہ اسلام ہی ہے جس کے ساتھ معجزات اور ثبوت ہیں۔ اسلام دوسرے چراغ کا محتاج نہیں،بلکہ خود ہی چراغ ہے۔ اور اس کے ثبوت ایسی اجلٰی، بدیہیات ہیں کہ ان کا نمونہ کسی مذہب میں نہیں۔ غرض اسلام کی کوئی تعلیم ایسی نہ ہوگی جس کا نمونہ موجود نہ ہو۔

(ملفوظات، جلد اوّل، صفحہ 454، مطبوعہ قادیان 2018)
…٭…٭…٭…