اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




کلام امام الزمان

اصل حق استمداد کا اللہ تعالیٰ ہی کیلئے ہے

کسی مخلوق کیلئے نہ آسمان پر نہ زمین پر یہ حق نہیں ہے

انسان کا محبوب ، معبوداور مطلوب اللہ تعالیٰ ہی ہونا چاہئے

ارشادات عالیہ سیّدناحضرت مسیح موعود ومہدی معہود علیہ الصّلٰوۃ و السّلام

مددخداتعالیٰ سے ہی مانگنی چاہئے

استعانت کے متعلق یہ بات یادرکھنا چاہیے کہ اصل استمداد کا حق اللہ تعالیٰ ہی کو حاصل ہے اور اسی پر قرآن کریم نے زوردیا ہے، چنانچہ فرمایا کہ اِيَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِيَّاكَ نَسْتَعِيْنُ (الفاتحۃ:5) پہلے صفاتِ الٰہی رَبّ،رَحْمٰنِ، رَحِيْمِ،مٰلكِ يَوْمِ الدِّيْنِ کا اظہار فرمایا۔ پھر سکھایا اِيَّاكَ نَعْبُدُ وَاِيَّاكَ نَسْتَعِيْنُ یعنی عبادت بھی تیری کرتے ہیں اور استمداد بھی تجھ ہی سے چاہتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ اصل حق استمداد کا اللہ تعالیٰ ہی کیلئے ہے۔ کسی انسان، حیوان، چرند، پرند غرضیکہ کسی مخلوق کیلئے نہ آسمان پر نہ زمین پر یہ حق نہیں ہے مگر ہاں دوسرے درجہ پر ظلّی طور سے یہ حق اہل اللہ اور مردانِ خدا کو دیا گیا ہے۔ ہم کو نہیں چاہیے کہ کوئی بات اپنی طرف سے بنالیںبلکہ اللہ تعالیٰ کے فرمودہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے اندراندررہنا چاہیے۔ اسی کا نام صراطِ مستقیم ہے اور یہ امر لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ سے بھی بخوبی سمجھ میں آسکتا ہے۔ اسکے پہلے حصے سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کا محبوب ، معبوداور مطلوب اللہ تعالیٰ ہی ہونا چاہئے۔

( ملفوظات، جلد اوّل، صفحہ 462،مطبوعہ 2018قادیان )