ترقیات غیرمتناہی ہیں
فرمایا: ’’ بہشت میں بھی مومنوں کے لئے ترقیات ہوتی ہیں اور ترقیات انبیاء کے لئے بھی ہیں ورنہ درود شریف کیوںپڑھا جاتا ہے۔ ہمارا یہ مذہب ہے کہ ترقیات غیر متناہی ہیں۔ ‘‘
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا عظیم کارنامہ
فرمایا:’’ مسیحؑ کوتو لوگ اتنی لمبی عمر دینے کے واسطے بے فائدہ سعی کرتے ہیں۔ ان کی تھوڑی سی عمرنے کیا نتیجہ پیداکیا ہے جو بڑی عمر کی خواہش کی جاوے۔ دنیا صلیب پرستی سے بھرگئی ہے اور جابجا شرک پھیل گیا ہے۔ ہاں اگر اتنی عمر کا پانا کسی کے واسطے ممکن ہوتا تو حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم اس کے مستحق تھے، جنہوں نے تھوڑی سی عمر میں ایک دنیا مؤحّدین سے بھردی اور اُن کے دل میں خدا کی محبت کا سچا جوش بھردیا۔‘‘
کرکٹ جو قیامت تک کھیلی جائے گی
قادیان کے مدرسہ تعلیم الاسلام کے لڑکوں کا گیندبَلّا کھیلنے میں میچ تھا۔ بعض بزرگ بھی بچوں کی خوشی بڑھانے کے واسطے فیلڈ میں تشریف لے گئے۔ حضرت اقدس ؑ کے ایک صاحبزادہ نے بچپن کی سادگی میںآپؑکو کہا کہ ابا تم کیوں کرکٹ پر نہیں گئے۔ آپؑاس وقت تفسیرفاتحہ کے لکھنے میں مصروف تھے۔ فرمایا:
’’وہ توکھیل کر واپس آجائیں گے، مگر مَیں وہ کرکٹ کھیل رہا ہوں جو قیامت تک قائم رہے گا۔ ‘‘ (ملفوظات جلد 2 صفحہ 93،94، ایڈیشن 2018، قادیان)