اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




کلام امام الزمان

2023-07-20

عظیم الشان دعویٰ

اِنِّيْ رَسُوْلُ اللّٰهِ اِلَيْكُمْ جَمِيْعًا- فَكِيْدُوْنِيْ جَمِيْعًا- سَيُهْزَمُ الْجَمْعُ وَ يُوَلُّوْنَ الدُّبُرَ

یہ الفاظ اُسی کے منہ سے نکلے جو خداتعالیٰ کے سائے کے نیچے الوہیت کی چادر میں لپٹا ہوا پڑاتھا
ارشادات عالیہ سیّدناحضرت مسیح موعود ومہدی معہود علیہ الصّلٰوۃ و السّلام

ہمارے نبی کریم ؐ کا کیساپکا کام ہے اُس وقت سے جب سے کہا کہ مَیں ایک کام کرنے کیلئے آیا ہوں، جب تک یہ نہ سُن لیا کہ اَلْيَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ (المائدۃ:4) آپؐدنیا سے نہ اُٹھے۔ جیسے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اِنِّيْ رَسُوْلُ اللّٰهِ اِلَيْكُمْ جَمِيْعًا (الاعراف: 159) اس دعویٰ کے مناسب حال یہ ضروری تھاکہ کل دنیا کے مکرو مکاید متفق طور پر آپؐکی مخالفت میں کیے جاتے۔ آپؐنے کس حوصلے اور دلیری کے ساتھ مخالفوں کو مخاطب کرکے کہا کہ فَكِيْدُوْنِيْ جَمِيْعًا (ہود:56) یعنی کوئی دقیقہ مکر کا باقی نہ رکھو۔ سارے فریب مکر استعمال کرو، قتل کے منصوبے کرو، اخراج اور قید کی تدبیریں کرو، مگر یادرکھو سَيُهْزَمُ الْجَمْعُ وَ يُوَلُّوْنَ الدُّبُرَ (القمر:46) آخری فتح میری ہے۔ تمہارے سارے منصوبے خاک میں مل جائیں گے۔ تمہاری ساری جماعتیں منتشر اور پراگندہ ہوجاویں گی اور پیٹھ دے نکلیں گی، جیسے وہ عظیم الشان دعویٰ اِنِّيْ رَسُوْلُ اللّٰهِ اِلَيْكُمْ جَمِيْعًا کسی نے نہیں کیا اور جیسے فَكِيْدُوْنِيْ جَمِيْعًا کہنے کی کسی کو ہمت نہ ہوئی۔ یہ بھی کسی کے منہ سے نہ نکلا، سَيُهْزَمُ الْجَمْعُ وَ يُوَلُّوْنَ الدُّبُرَ یہ الفاظ اسی کے منہ سے نکلے جو خداتعالیٰ کے سائے کے نیچے الوہیت کی چادر میں لپٹا ہوا پڑاتھا۔

( ملفوظات، جلد اوّل، صفحہ 469،مطبوعہ 2018قادیان )