اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




کلام امام الزمان

2023-07-13

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عظیم الشان قوت قدسی
آپؐکی تیار کردہ جماعت کو اگر دیکھا جاوے تو وہ ہمہ تن خدا ہی کیلئے نظر آتے ہیں اور اپنی عملی زندگی میں کو ئی نظیر نہیں رکھتے
ارشادات عالیہ سیّدناحضرت مسیح موعود ومہدی معہود علیہ الصّلٰوۃ و السّلام

ہمارے پیغمبرخدا صلی اللہ علیہ وسلم کی قوتِ قدسی اس درجہ پہ پہنچی ہے کہ اگرتمام انبیاء علیہم السلام کے مقابلہ میں دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ کسی نے آپؐکے مقابلہ میں کچھ نہیں کیا۔ یہودی دنیا کے کتے ہیں۔ عیسائیوں کو دیکھو تو وہ اللہ تعالیٰ کی توحید کے چشمے سے دُور جاپڑے۔ کوئی حضرت مریمؑ کی پرستش کرتا ہے کوئی مسیحؑ کو خداجانتا ہے اور دنیا پرستی ہی شب و روز کا شغل اور کام ہے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تیارکردہ جماعت کو اگر دیکھا جاوے تو وہ ہمہ تن خدا ہی کیلئے نظر آتے ہیں اور اپنی عملی زندگی میں کوئی نظیر نہیں رکھتے۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مُبارک اور کامیاب زندگی کی تصویر یہ ہے کہ آپؐ ایک کام کیلئے آئے اور اُسے پورا کرکے اس وقت دنیا سے رُخصت ہوئے جس طرح بندوبست والے پورے کاغذات پانچ برس میں مرتب کرکے آخری رپورٹ کرتے ہیں اورپھر چلے جاتے ہیں۔ اسی طرح پررسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں نظر آتا ہے۔ اُس دن سے لے کر جب قُمْ فَاَنْذِرْ کی آواز آئی پھر اِذَا جَآءَ نَصْرُ اللّٰهِ اور اَلْيَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ کے دن تک نظر کریں، تو آپؐکی لانظیر کامیابی کا پتہ ملتاہے۔ ان آیات سے واضح طور پر معلوم ہوتا ہے کہ آپؐخاص طور پر مامور تھے۔ حضرت موسٰی کو اپنی زندگی میں وہ کامیابی نصیب نہ ہوئی جو اُن کی رسالت کا منتہا تھی۔ وہ ارضِ مقدس اور موعود سرزمین کو اپنی آنکھ سے نہ دیکھ سکے، بلکہ راہ ہی میں فوت ہوگئے۔ کافر کب مان سکتا ہے اور ایک بے ایمان آدمی راہ میں فوت ہوجانے اور وعدہ کی زمین میں نہ پہنچ سکنے کے وُجوہات کب سننے لگا۔ وہ تو یہی کہے گا کہ اگر مامور تھے، تو وہ وعدے زندگی میں کیوں پورے نہ ہوئے۔ سچی بات یہی ہے کہ سب نبیوں کی نبوت کی پردہ پوشی ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ سے ہوئی۔

( ملفوظات، جلد اوّل، صفحہ 468،مطبوعہ 2018قادیان )
…٭…٭…٭…