جیسا کہ قارئین بدر کو علم ہے کہ سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 6 نومبر 2026ء کو اپنے بصیرت افروز خطبہ جمعہ میں تحریک جدید کے 93 ویں سال کا بابرکت اعلان فرما دیا ہے۔ الحمد للہ۔
سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے تحریک جدید کے چندے کے مصارف کے حوالہ سے اپنے خطبہ جمعہ میں جن امور کا ذکر فرمایا ہےاس کے مطابق تحریک جدید کے چندہ سے دنیا بھر میں مساجد و مشن ہاؤسز کی تعمیر و مرمت، مبلغین و معلمین کے اخراجات، نصرت جہاں اسکیم کے تحت اسکولوں، ہسپتالوں اور کلینکس کا قیام و انتظام، طبی آلات و جدید سہولیات کی فراہمی، تعلیمی وظائف، جامعات، ریڈیو اسٹیشنزاور ایم ٹی اے اسٹوڈیوز جیسے اہم اخراجات پورے کیے جاتے ہیں۔
آج دنیا بھر کی جماعتیں تحریک جدید کے اس عظیم مالی جہاد میں ایک دوسرے سے بڑھ کر قربانیاں پیش کر رہی ہیں۔ اور جماعتوں کے درمیان ارشادِ ربانی کے مطابق ’’فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرَاتِ‘‘ کا حسین نظارہ پیش ہو رہا ہے۔ اسی سلسلہ میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مذکورہ بالا خطبہ جمعہ میں دنیا بھر کے ممالک کی کارکردگی کا جو عالمی موازنہ پیش فرمایا ہے اس کے مطابق سال 2025-26ء میں جماعت احمدیہ بھارت نے اپنی سابقہ پوزیشن کو برقرار رکھا ہے اور چھٹی پوزیشن حاصل کرنے کی سعادت پائی ہے۔ الحمد للہ علی ذلک۔
وکالت مال تحریک جدید قادیان کی طرف سے وعدہ و وصولی چندہ تحریک جدید کی سالانہ رپورٹ 2026-2025ء، سیدنا حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں پیش ہونے پر پیارے آقانے جملہ مخلصین بھارت کو درج ذیل مشفقانہ دعاؤں سے نوازا ہے:
”۔۔۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ آپ اور تمام ساتھی خادمین سلسلہ کی جملہ نیک مساعی کو شرف قبولیت بخشے، وہاں کے تمام مخلصین کے اموال و نفوس میں برکت عطا فرمائے اور اپنے فضلوں کا وارث ٹھہرائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو زہد و تقویٰ کا اعلیٰ معیار حاصل کرنے والا بنائے، اخلاص و وفا میں بڑھاتا چلا جائے اور ہمیشہ اپنی رضا کی راہوں پر گامزن رکھے۔ (آمین)“
اللہ تعالیٰ جملہ مخلصین جماعت احمدیہ بھارت کے حق میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ان سبھی مشفقانہ دعاؤں کو شرف قبولیت سے نوازے اور انہیں آئندہ بھی پیارے آقا کی نیک توقعات پر بطریق احسن پورا اترنے کی توفیق عطا فرماتے ہوئے اپنے فضلوں، رحمتوں اور برکتوں کو جذب کرنے کا اہل بنائے۔ آمین۔
(وکیل المال تحریک جدید قادیان)