مورخہ15 فروری2025ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ alislam.org ویب سائٹ کی نگرانی کرنے والی ٹیم کے تیرہ13 رکنی وفد کو اسلام آباد (ٹِلفورڈ) میں قائم ایم ٹی اے سٹوڈیوز میں ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ ٹیم حضور انور سے ملاقات کی غرض سے امریکہ اور یورپ سے تشریف لائی تھی۔
جب حضورِانور مجلس میں رونق افروز ہوئے تو آپ نے سب کو السلام علیکم کا تحفہ عنایت فرمایا۔
سب سے پہلے تلاوت قرآنِ کریم ہوئی جس کے بعد مختلف پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں الاسلام ویب سائٹ کی ٹیم کی حالیہ مساعی پر روشنی ڈالی گئی۔
اس کے بعد حضور انور کی خدمتِ اقدس میں نئی بنائی گئی موبائل ایپلیکیشن ’’Ayaat search‘‘ کے بارے میں ایک مختصر پریزنٹیشن پیش گئی۔
اس حوالے سے حضور انور کی خدمت میں عرض کیا گیا کہ یہ ایپلیکیشن مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے قرآنِ کریم کی آیات بذریعہ آڈیو تلاش کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ایپ کا نام حضورانور نے Ayaat search رکھا۔ یہ IOS اور Android دونوں پر میسر ہے۔
پھر سکرین کی مدد سے اس ایپ کی ہوم سکرین دکھائی گئی نیز عرض کیا گیا کہ اس پر نظر آنے والا نیلا بٹن دباکر قرآنِ مجید کی کسی بھی آیت کی تلاوت کی جا سکتی ہے۔ اس کے بعد پریزنٹیشن پیش کرنے والے ٹیم ممبر نے عملی طور پر اس سرچ ایپ پر آیت تلاش کرنے کا ایک نمونہ بھی پیش کیا اور عرض کیا کہ اب یہ ایپ میری آواز ریکارڈ کرے گی اور اس کے نتیجہ میں فوراً مطلوبہ الفاظ پر مبنی آیت تلاش کرے گی۔ نیز عرض کیا کہ ہم اَهْلِہٖ مَسْرُوْرًا تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب ایسا کیا گیا تو سکرین پر اِلٰی اَھْلِہٖ مَسْرُوْرًا نمودار ہوا۔ جس پر حضورِ انور کی خدمت میں عرض کیا گیا کہ فوری طور پر سرچ ایپ سورۃالانشقاق کی آیت نمبر دس دکھا دیتی ہے نیز ساتھ ہی یہ اوپر نشاندہی کرتی ہے کہ مطلوبہ الفاظ پر مبنی دو آیات ملی ہیں۔
اس مختصر پریزنٹیشن کے بعد حضورِ انور نے اپنے دستِ مبارک سے اس ایپ کا باضابطہ اجرابھی فرمایا۔
(بشکریہ الفضل انٹرنیشنل27 فروری 2025ء)