سوال :خطبہ جمعہ 4 جنوری 2008ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے کون سی بنیادی قرآنی آیات تلاوت فرمائیں؟
جواب : حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سورۃ البقرہ کی آیت 263-262 تلاوت فرمائی، جس میں اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ کرنے والوں کا ذکر ہے اور فرمایا گیا ہے کہ جو لوگ اللہ کی راہ میں اپنا مال خرچ کرتے ہیں اور پھر اپنے خرچ کے پیچھے احسان جتلا کر یا تکلیف پہنچا کر نہیں چلتے، ان کا اجر ان کے رب کے پاس ہے، اور ان پر نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
سوال : اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے والے مومن کی بنیادی صفت کیا بیان ہوئی ہے؟
جواب : مومن اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لیے خرچ کرتا ہے۔ اس کا مقصد دکھاوا، نام و نمود یا لوگوں سے تعریف حاصل کرنا نہیں ہوتا بلکہ اس کی نیت صرف ابتغاءِ رضائے الٰہی ہوتی ہے۔
سوال : اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے کے بعد احسان جتانے سے کیوں روکا گیا ہے؟
جواب : کیونکہ احسان جتانا مالی قربانی کی روح کو ختم کر دیتا ہے۔ جو شخص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے خرچ کرتا ہے اسے اپنے خرچ کو یاد دلا کر دوسرے شخص کو تکلیف نہیں دینی چاہیے۔ قرآن کریم نے ایسے مخلصانہ خرچ کا اجر اللہ تعالیٰ کے ذمہ قرار دیا ہے۔
سوال : دکھاوے کے لیے مال خرچ کرنے والوں کے متعلق قرآن کریم کیا فرماتا ہے؟
جواب : قرآن کریم فرماتا ہے کہ بعض لوگ اپنے مال لوگوں کو دکھانے کے لیے خرچ کرتے ہیں اور وہ اللہ تعالیٰ اور یومِ آخرت پر حقیقی ایمان نہیں رکھتے۔ ایسے لوگ شیطان کے ساتھی قرار دیے گئے ہیں۔
سوال : مومن اور غیر مومن کے مالی خرچ میں بنیادی فرق کیا ہے؟
جواب : مومن اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے خرچ کرتا ہے، جبکہ غیر مومن یا منافق دکھاوے، شہرت اور لوگوں کی نظر میں مقام حاصل کرنے کے لیے خرچ کر سکتا ہے۔ مومن کا تعلق اللہ تعالیٰ سے ہوتا ہے جبکہ دکھاوے کا مقصد لوگوں کی توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔
سوال : اللہ تعالیٰ نے اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کے لیے کیا اجر بیان فرمایا ہے؟
جواب : اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:فَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْکُمْ وَاَنْفَقُوْا لَھُمْ اَجْرٌ کَبِیْرٌ (الحدید:8)یعنی جو لوگ ایمان لائے اور اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں ان کے لیے بہت بڑا اجر ہے۔
سوال : حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مخلص مالی قربانی کرنے والوں کی کیا خوبی بیان فرمائی؟
جواب : ایسے لوگ اللہ کی راہ میں قربانی کرنے کے بعد اسے بھول جاتے ہیں۔ وہ بار بار یہ نہیں کہتے کہ ہم نے فلاں موقع پر اتنا چندہ دیا اور فلاں وقت اتنی قربانی کی۔ ان کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا ہوتا ہے، اس لیے وہ اپنے احسان کو جتانے کے بجائے اللہ تعالیٰ کے فضل کے امیدوار رہتے ہیں۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے مال سے محبت کے متعلق کیا تعلیم دی؟
جواب : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ انسان کو مال کے ساتھ ایسی محبت نہیں ہونی چاہیے جو اسے اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنے سے روک دے۔ آپؑ نے سورۃ آل عمران کی آیت 93 پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ انسان اس وقت تک حقیقی نیکی کو نہیں پا سکتا جب تک اپنی محبوب چیزوں میں سے اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ نہ کرے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے صحابۂ رسول ﷺ کی مالی اور جانی قربانیوں کا کس طرح ذکر فرمایا؟
جواب : آپؑ نے فرمایا کہ آنحضرت ﷺ کے زمانہ میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنی جان تک قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتے تھے۔ انہیں اپنی جان، بیوی اور بچوں سے محبت تھی، لیکن جب اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربانی کا موقع آتا تو وہ اس قربانی کے لیے حریص ہوتے تھے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مطابق اللہ تعالیٰ کی رضا کس طرح حاصل ہوتی ہے؟
جواب : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا اس وقت حاصل ہوتی ہے جب انسان اپنی رضا، اپنی لذات، اپنی عزت، اپنا مال اور اپنی جان اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربان کرنے کے لیے تیار ہو جائے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے نفس کی موت کے متعلق کیا فرمایا؟
جواب : آپؑ نے فرمایا کہ جب انسان اپنے نفس سے حقیقی طور پر مر جاتا ہے اور اپنی نفسانی خواہشات کو چھوڑ دیتا ہے تو وہ اللہ تعالیٰ میں ظاہر ہونے لگتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے ساتھ ہوتا ہے اور اس کے گھر اور ماحول کو برکت عطا فرماتا ہے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے مالی قربانی کی اہمیت کیوں واضح فرمائی؟
جواب : اس لیے کہ اللہ تعالیٰ کے پیغام کو دنیا کے ہر فرد تک پہنچانے، تبلیغ و تربیت کے کام کو آگے بڑھانے اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے مالی وسائل کی ضرورت ہے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بعد خلفائے احمدیت نے مالی قربانی کے بارے میں کیا کردار ادا کیا؟
جواب : خلفائے احمدیت نے مسلسل جماعت کو مالی قربانی کی طرف توجہ دلائی اور مختلف تبلیغی، تربیتی اور مالی منصوبے جاری فرمائے تاکہ جماعت حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کے مقصد کے حصول کی طرف تیزی سے آگے بڑھ سکے۔
سوال : حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے وقفِ جدید کی تحریک کب شروع فرمائی؟
جواب : حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے 27 دسمبر 1957ء کو وقفِ جدید کی تحریک کا اعلان فرمایا۔
سوال :وقفِ جدید کی تحریک کا بنیادی مقصد کیا تھا؟
جواب : وقفِ جدید کا بنیادی مقصد برصغیر بالخصوص پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے دیہات میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پیغام پہنچانا، تبلیغ و تربیت کے کام کو فروغ دینا اور اس مقصد کے لیے مالی قربانی اور واقفینِ زندگی کی خدمات حاصل کرنا تھا۔
سوال : وقفِ جدید کی تحریک کے آغاز میں کن علاقوں پر زیادہ توجہ تھی؟
جواب : ابتدا میں پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے علاقوں پر خاص توجہ تھی، اور اس تحریک میں بالخصوص پاکستانی احمدیوں نے نمایاں مالی قربانیاں پیش کیں۔
سوال : وقفِ جدید کو تمام دنیا کے احمدیوں کے لیے کب جاری کیا گیا؟
جواب : حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ نے 1985ء میں وقفِ جدید کی تحریک کو تمام دنیا کے احمدیوں کے لیے جاری فرمایا۔
سوال :حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ نے 1985ء میں دنیا کے احمدیوں کو وقفِ جدید میں شامل کرنے کی کیا وجہ بیان فرمائی؟
جواب : آپؒ نے توجہ دلائی کہ پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے احمدیوں نے احمدیت یعنی حقیقی اسلام کے پھیلانے کے لیے مالی، جانی اور وقت کی قربانیاں دی ہیں۔ اب دنیا کے دیگر ممالک خصوصاً یورپ اور امریکہ کے احمدیوں کو بھی ان تبلیغی و تربیتی پروگراموں میں تعاون کرنا چاہیے، خصوصاً ہندوستان جیسے ممالک میں جہاں اکثریت غریب احمدیوں کی ہے۔
سوال : وقفِ جدید کے چندے کا بڑا حصہ کن کاموں پر خرچ ہوتا ہے؟
جواب : وقفِ جدید کی آمدنی بالخصوص ہندوستان اور افریقہ کے تبلیغی اور تربیتی پروگراموں پر خرچ ہوتی ہے۔
سوال : وقفِ جدید کے سالانہ اعلان کا طریق کیا ہے؟
جواب : ہر سال وقفِ جدید کے مالی سال کی وصولیوں کا جائزہ لیا جاتا ہے اور نئے سال کے آغاز پر خلیفۂ وقت گزشتہ سال کی مالی قربانیوں اور مختلف جماعتوں کی کارکردگی پیش فرماتے ہیں اور نئے سال کے لیے تحریک فرماتے ہیں۔
سوال : حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ نے وقفِ جدید کے سلسلہ میں احمدی بچوں کو کیا نصیحت فرمائی؟
جواب : آپؒ نے پاکستانی احمدی بچوں کو توجہ دلائی کہ وہ وقفِ جدید کا بوجھ اٹھائیں اور اپنے بڑوں کو بتا دیں کہ جب احمدی بچے کسی نیک مقصد کے لیے فیصلہ کرکے کھڑے ہو جائیں تو بڑے بڑے انقلابات میں مددگار بن سکتے ہیں۔
سوال : احمدی بچوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ کی تحریک پر کیا ردِعمل ظاہر کیا؟
جواب : احمدی بچوں اور بچیوں نے غیر معمولی جوش اور جذبے کے ساتھ مالی قربانیاں پیش کرنا شروع کر دیں اور ایک دوسرے سے بڑھ کر قربانی دینے کی کوشش کی۔ یوں اطفال و ناصرات کی مالی قربانی وقفِ جدید کی نمایاں خصوصیت بن گئی۔
سوال : بچوں کے لیے وقفِ جدید میں حصہ لینا کیوں اہم ہے؟
جواب : اس سے بچپن ہی سے مالی قربانی کی عادت پیدا ہوتی ہے، قربانی کی روح پروان چڑھتی ہے اور آئندہ نسلوں میں بھی مالی قربانی کا جذبہ منتقل ہوتا ہے۔ ایسے بچے جماعت کے بہترین افراد بننے کے ساتھ اپنے روشن مستقبل کی بھی ضمانت بن سکتے ہیں۔
سوال :بچوں کی مالی قربانی انہیں کن برائیوں سے بچانے میں مدد دیتی ہے؟
جواب : مالی قربانی بچوں کو لہو و لعب، فضولیات اور لغویات سے بچا کر اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی طرف متوجہ کرتی ہے۔