سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سچائی کے معاملہ میں اپنے مخالفین کو کس طرح چیلنج کیا؟
جواب :حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے مخالفین سے فرمایا کہ اگر وہ آپؑ کو جھوٹا سمجھتے ہیں تو محض الزام لگانے کے بجائے اس کا قطعی ثبوت پیش کریں۔ آپؑ نے اپنی زندگی کے ایسے واقعات بطور دلیل پیش کیے جن میں جان، عزت اور مال کو خطرہ تھا لیکن آپؑ نے جھوٹ کا سہارا نہیں لیا۔آپؑ نے خصوصاً یہ چیلنج دیا کہ جس شخص نے اپنی زندگی میں انتہائی مشکل حالات میں بھی سچائی کو نہ چھوڑا ہو، اس کے متعلق محض دعویٰ کر دینا کہ وہ جھوٹا ہے، انصاف کے خلاف ہے۔
سوال : محمد حسین بٹالوی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر کیا الزامات لگائے تھے؟
جواب :محمد حسین بٹالوی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو نعوذ باللہ مخالفِ دینِ اسلام، کافر اور کذاب قرار دیا تھا اور یہ الزام بھی لگایا کہ جھوٹ بولنا اور دھوکہ دینا آپؑ کی سرشت کا حصہ بن چکا ہے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے محمد حسین بٹالوی صاحب کے الزامِ کذب کا کیا جواب دیا؟
جواب :حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا کہ اگر وہ طالبِ حق بن کر آپؑ کی پوری زندگی کا جائزہ لیں تو ان پر یہ حقیقت واضح ہو سکتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو ہمیشہ جھوٹ کی ناپاکی سے محفوظ رکھا۔ حتیٰ کہ ایسے مواقع بھی آئے جب انگریزی عدالتوں میں آپؑ کی جان اور عزت خطرے میں تھی اور وکلاء نے جھوٹ بولنے کا مشورہ دیا، مگر آپؑ نے اللہ تعالیٰ کی توفیق سے سچائی کو اختیار کیا اور جان و مال اور عزت کی پرواہ نہ کی۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے مالی مقدمات میں سچائی کی خاطر کیا قربانیاں دیں؟
جواب :آپؑ فرماتے ہیں کہ بسا اوقات مالی مقدمات میں محض سچائی کی خاطر آپؑ نے بڑے بڑے نقصانات برداشت کیے۔ حتیٰ کہ بعض مواقع پر اپنے والد صاحب اور بھائی کے خلاف بھی سچائی کی گواہی دی اور حق کو ہاتھ سے نہ جانے دیا۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی ساری زندگی کی سچائی کے بارے میں کیا فرمایا؟
جواب :آپؑ نے فرمایا کہ قادیان اور بٹالہ میں آپؑ کی ایک عمر گزری ہے، مگر کوئی شخص یہ ثابت نہیں کر سکتا کہ کبھی آپؑ کے منہ سے جھوٹ نکلا ہو۔ آپؑ نے یہ بھی فرمایا کہ جب آپؑ نے ابتدا ہی سے محض اللہ تعالیٰ کی خاطر انسانوں پر جھوٹ بولنا ترک کر رکھا تھا اور بارہا اپنی جان اور مال کو صدق پر قربان کیا تھا تو پھر آپؑ خدا تعالیٰ پر کیوں جھوٹ بولتے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سچائی اور نبوتِ محمدیہ ﷺ کے درمیان کیا تعلق بیان فرمایا؟
جواب :آپؑ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث پیش فرمائی کہ انسانوں میں زیادہ سچا شخص وہ ہوتا ہے جس کی خوابیں زیادہ سچی ہوتی ہیں۔ آپؑ نے اس اصول کی بنیاد پر اپنے مخالف کو دعوت دی کہ اگر وہ واقعی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کریم پر ایمان رکھتا ہے تو سچائی کی اس علامت کے ذریعے دونوں فریقوں کو آزمایا جا سکتا ہے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سچائی کے امتحان کا ایک اور طریق کیا بیان فرمایا؟
جواب :آپؑ نے فرمایا کہ انسان کی سچائی کا حقیقی امتحان اس وقت ہوتا ہے جب وہ ایسی مصیبت میں مبتلا ہو جائے جس میں بظاہر جھوٹ کے علاوہ نجات کا کوئی راستہ نظر نہ آتا ہو۔ اس وقت معلوم ہوتا ہے کہ انسان کی سرشت میں صدق ہے یا کذب، کیونکہ وہ اپنی جان، آبرو اور مال بچانے کے لیے جھوٹ بولتا ہے یا سچائی پر قائم رہتا ہے۔
سوال : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سچائی کے ثبوت میں کتنے عملی واقعات پیش فرمائے؟
جواب :حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے سچائی کے ثبوت میں تین نمایاں واقعات پیش فرمائے:شرکاءِ ملکیت کے مقدمہ کا واقعہ۔رلیارام کے ذریعہ ڈاک کے مقدمہ کا واقعہ۔سلطان احمد صاحب کے زمین اور مکان کے مقدمہ کا واقعہ۔
سوال :رلیارام کے ڈاک کے مقدمہ کا پس منظر کیا تھا؟
جواب :حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسلام کی تائید میں ایک مضمون ایک عیسائی مطبع کے مالک رلیارام کو بھیجا۔ اس پیکٹ میں ایک خط بھی موجود تھا۔ قوانینِ ڈاک کے مطابق اس طرح خط کو پیکٹ میں رکھنا جرم سمجھا جاتا تھا۔ رلیارام نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا۔
سوال : حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی راستبازی کے متعلق کیا واقعہ بیان فرمایا؟
جواب :حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ وکیل نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مشورہ دیا کہ وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے صرف اشتہار بھیجا تھا، خط نہیں بھیجا۔ لیکن حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے یہ کہنے سے انکار کر دیا کیونکہ حقیقت یہ تھی کہ خط بھی پیکٹ میں موجود تھا۔ جب عدالت میں پوچھا گیا تو آپؑ نے صاف اعتراف کیا کہ ہاں، خط آپؑ نے ہی پیکٹ میں رکھا تھا۔ اس راستبازی کا عدالت پر بھی گہرا اثر ہوا اور آپؑ کو بری کر دیا گیا۔