اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-10-02

خطبہ جمعہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ فرمودہ06؍جون 2025بطرز سوال وجواب

سوال: ہمیں اپنے مخالفین کی مخالفت کا کس طرح جواب دینا چاہئے؟
جواب: حضور انور نے فرمایا:ہمارا کام یہ نہیں کہ غلط زبان استعمال کریں یا اس رنگ میں جواب دیں جس سے نادانستگی میں ہمارے منہ سے ایسے الفاظ نکل جائیں جو کسی بھی رنگ میں کسی کی بھی ہتک کا موجب بنیں اور اس سے فائدہ اٹھا کر مخالفین یہ کہتے رہیں کہ ہم نعوذ باللہ آنحضرت ﷺکی توہین یا صحابہ رضوان اللہ علیہم کی توہین کرنے والے ہیں۔
سوال: ہمارا سب کچھ کس پر قربان ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: ہمارا تو سب کچھ آنحضرت ﷺپر قربان ہے۔
سوال: مخالفین کی گالیاںسن کر ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
جواب: حضرت مسیح مووعود علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’میں اپنی جماعت کو نصیحت کرتا ہوں کہ ان کو مناسب ہے کہ ان کی گالیاں سن کر برداشت کریں اور ہرگز ہرگز گالی کا جواب گالی سے نہ دیں کیونکہ اس طرح پر برکت جاتی رہتی ہے۔‘‘
سوال: ہمارے اخلاق کس طرح کے ہونے چاہئے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:ہمارے اخلاق بہت بلند اور بہت بالا ہونے چاہئیں اور جس کے اخلاق بلند نہیں اس نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت کا حق ادا نہیں کیا۔
سوال:آجکل سوشل میڈیا پر جماعت احمدیہ کے بارے میں کیسی باتیں بیان کی جا رہی ہیں؟
جواب: حضور انور نے فرمایا:آج کل جہاں سوشل میڈیا کا فائدہ ہے اور اس سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے وہاں بعض ایسی باتیں بھی ہوتی ہیں جو تکلیف دہ ہوتی ہیں اور اسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آج کل مخالفین جماعت احمدیہ کے خلاف انتہائی بیہودہ گوئی بھی کرتے ہیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے خلاف وہ جھوٹ اور غلاظت بکتے ہیں کہ احمدی کا دل چھلنی ہوتا ہے۔ جنہیں سن کے اور پھر ردعمل میں بعض احمدی بھی ان کے جواب غلط رنگ میں دے دیتے ہیں۔ نیت چاہے ان کی صاف بھی ہو تب بھی بعض دفعہ ایسے الفاظ نکل جاتے ہیں جن کو غلط معنی پہنائے جا سکتے ہیں۔ یہ ہمارا طریق نہیں ہے۔ اس سے ایک احمدی کو بچنا چاہیے۔
سوال: ہمارے دلوں میں آنحضرت ﷺ اور صحابہ ؓ کا کیا مقام ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: ہمارے دلوں میں تو آپ ﷺکا اور صحابہ ؓکا جو مقام ہے اس کا تو کروڑواں حصہ بھی ان لوگوں کو فہم و ادراک نہیں ہے۔
سوال: کیسی باتیں کرنے سے ایک احمدی کو بچنا چاہئے؟
جواب: حضور انور نے فرمایا:ایسی باتیں کرنے سے ہر احمدی کو بچنا چاہیے جس سے غلط تاثر پیدا ہو یا غلط تاثر پیدا ہونے کا کسی بھی رنگ میں اندیشہ ہو۔
سوال: کون سا احمدی جماعت احمدیہ کو بدنام کرنے کا باعث بنتا ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:بعض احمدی سمجھتے ہیں کہ ہم نے یہ جواب دےکے بڑی غیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔ جب ان سے پوچھو تو یہی ان کا جواب ہوتا ہے جبکہ یہ نام نہاد غیرت جہالت ہے اور اگر کوئی احمدی ہو کر ایسی باتیں کرتا ہے جس سے کسی بھی طرح غلط مطلب نکلتا ہو تو وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور جماعت کو بدنام کرنے والا ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃوالسلام فرماتے ہیں کہ تم نے صبر کرنا ہے اور ہمیشہ صبر دکھانا ہے۔
سوال:عقل اور جوش کی دشمنی کے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کیا فرمایا؟
جواب: حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں: یقینا ًیاد رکھو کہ عقل اور جوش میں خطرناک دشمنی ہے۔ جب جوش اور غصہ آتا ہے تو عقل قائم نہیں رہ سکتی۔ لیکن جو صبر کرتا ہے اور بردباری کا نمونہ دکھاتا ہے اس کو ایک نور دیا جاتا ہے جس سے اس کی عقل و فکر کی قوتوں میں ایک نئی روشنی پیدا ہو جاتی ہے اور پھر نور سے نور پیدا ہوتا ہے۔
سوال: سوشل میڈیا کے جواب دینے کے بجائے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
جواب: حضور انور نے فرمایا:اگر ہم سوشل میڈیا پر ان جوابوں کے بجائے اللہ تعالیٰ کے حضور جھکیں۔ اپنی نمازوں کو سنوار کر ادا کریں۔ اپنے سجدوں میں وہ درد پیدا کریں کہ جس سے اللہ تعالیٰ کی غیرت جلد جوش میں آئے تو ہم بہت جلد اس سے بہت بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں جو نتائج یہ لوگ اپنے جواب دینے سے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
سوال: بعض احمدی لوگ سوشل میڈیا پر غیر احمدیوں کے اعتراضات کے جواب دینے لگتے ہیں اس تعلق سے حضور انور نے کیا فرمایا؟
جواب: حضور انور نے فرمایا:بعض لوگ عالم بن جاتے ہیں اور سوشل میڈیا پر غیراحمدیوں کے جو نام نہاد مُلّاں ہیں جواب دینا شروع کر دیتے ہیں، جو جو لوگ اعتراض کرتے ہیں ان کے اعتراضوں کے جواب دینے لگتے ہیں ان کو اس چیز سے بچنا چاہیے اوراگر جواب تلاش کرنے ہیں تو علماء سے جماعت کے، گہرا علم رکھنے والے جماعتی لٹریچر سے ان سے پوچھا جائے اور ان کے جواب ایسے دیے جائیں جو واقعی ٹھوس ہوں اور ان کی دلیلوں کو ان کے الزاموں کو ردّ کرنے والے ہوں۔
سوال: حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے مخالفین سے کیا فرمایا؟
جواب: حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنے مخالفین سےمخاطب ہو کر فرمایا:کفر کے فتوے لگائیں، جھوٹے مقدمات بنائیں اور قسم قسم کے افتراء اور بہتان لگائیں۔ وہ اپنی ساری طاقتوں کو کام میں لا کر میرا مقابلہ کر لیں اور دیکھ لیں کہ آخری فیصلہ کس کے حق میں ہوتا ہے…جو کوشش کرنی ہے تم نے کر لو لیکن اللہ تعالیٰ میرے ساتھ ہے آخری فیصلہ تو نظر آ جائے گا کس کے ساتھ ہے…میں ان کی گالیوں کی اگر پرواہ کروں تو وہ اصل کام جو خدا تعالیٰ نے مجھے سپرد کیا ہے رہ جاتا ہے۔ اس لئے جہاں میں ان کی گالیوں کی پرواہ نہیں کرتا۔
سوال: ہمارا آنحضرت ﷺ کے متعلق کیا عقیدہ ہے؟
جواب: حضور انور نے فرمایا: آپؐہی وہ خاتم الانبیاء ہیں جو اللہ تعالیٰ کے پیارے اور آخری نبی ہیں اور آپ کے صحابہؓ کے بارے میں تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بےشمار جگہ وہ کلمات فرمائے ہیں، وہ باتیں کی ہیں کہ جو ہمارے مخالفین کی سوچ سے بھی بالا ہیں جو بات وہ کرتے ہیں۔