اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-04-27

خطبہ جمعہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ فرمودہ30 ستمبر 2005 بطرز سوال وجواب

سب سے زیادہ پیاری اور خوبصورت وہ باتیں ہوتی ہیں جب تم اللہ تعالیٰ کا پیغام دوسروں تک پہنچا رہے ہوتے ہو

دعوت الی اللہ اور تبلیغ بھی اُسوقت ہی اللہ کے نزدیک اور اُسکے رسول کے نزدیک نیکی شمار ہو گی جب تمہارے عمل بھی نیک ہونگے

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا ہے کہ
تمہاری علمی دلیلیں تمہارے تبھی کام آئیں گی جب تمہارے عمل بھی نیک ہونگےاور نیک عمل وہ ہیں جو دوسروں کو کھینچتے ہیں

 

خطبہ جمعہ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ فرمودہ30 ستمبر 2005 بطرز سوال وجواب
بمنظوری سیّدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

سوال:کب اللہ تعالیٰ آپکی تبلیغ کے نتیجہ میں نیک نتائج پیدا فرمائےگا؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:جب ایک لگن سے اور صبر کے ساتھ تبلیغی رابطے کریں گے اور لوگوں تک پیغام پہنچائیںگے، اپنے عملوں سے ان پر ایک نیک اثر بھی قائم کریں گے اور سب سے بڑھ کر دعا کریں گے تو اللہ تعالی نیک نتائج بھی پیدا فرمائے گا انشاء اللہ ۔
سوال:اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو کس طرف بلانے کا حکم دیا؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:وَمَنْ اَحْسَنُ قَوْلًا مِّمَّنْ دَعَآ اِلَی اللّٰہِ وَعَمِلَ صَالِحًا وَّ قَالَ اِنَّنِیْ مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ(حم سجدہ: 34)اور اس سے زیادہ اچھی بات کس کی ہو گی جو کہ اللہ کی طرف لوگوںکو بلاتا ہے اور نیک عمل کرتا ہے اور کہتا ہے کہ میں تو فرمانبرداروںمیں سے ہوں۔
سوال:اللہ تعالیٰ نے آنحضرت ﷺ کو دنیا میں کیا بنا کر بھیجا تھا؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے فرمایا تھا کہ میرا پیغام تمام دنیا کو پہنچا دو اور آپؐ کو سب سے بڑا داعی الی اللہ قرار دیا تھا۔ فرماتا ہے دَاعِیًا اِلَی اللّٰہِ بِاِذْنِہٖ وَ سِرَاجًا مُّنِیْرًا (الاحزاب:47) یعنی اور اللہ کے حکم سے اس کی طرف بلانے والا اور ایک چمکتا ہوا سورج بنا کر بھیجا ہے۔
سوال:سب سے پیاری اور خوبصورت کون سی باتیں ہوتی ہیں؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: سب سے زیادہ پیاری اور خوبصورت وہ باتیں ہوتی ہیں جب تم اللہ تعالیٰ کا پیغام دوسروں تک پہنچا رہے ہوتے ہو۔
سوال:دعوت الی اللہ اور تبلیغ کس وقت اللہ اور اس کے رسول کے نزدیک نیکی شمار ہوگی؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: دعوت الی اللہ اور تبلیغ بھی اس وقت ہی اللہ کے نزدیک اور اسکے رسول کے نزدیک نیکی شمار ہو گی جب تمہارے عمل بھی نیک ہوں گے۔ ورنہ تو گنہگار ہو گے۔ ایسی تبلیغ میں برکت ہی نہیں ہو گی جب اپنے عمل اللہ اور اس کے رسول کے حکموں کے مطابق نہ ہوں ۔
سوال:ہماری علمی دلیلیں کب کام آئیں گی؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بھی فرمایا ہے کہ تمہاری علمی دلیلیں تمہارے تبھی کام آئیں گی جب تمہارے عمل بھی نیک ہوں گے۔اور نیک عمل وہ ہیں جو دوسروں کو کھینچتے ہیں۔
سوال:آج اسلام پر حملے کس وجہ سے ہورہے ہیں؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:۔ آج اسلام پر ہر طرف سے حملےمسلمان کہلانے والوں کی غلطیوں کی وجہ سے ہی ہو رہے ہیں۔
سوال:ایک احمدی کس نے زمانے کے حکم اور عدل کو ماناہے اس کو کن باتوںکو اپنے ذہن میں رکھناچاہئے؟
جواب:حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ایک احمدی جس نے زمانے کے حکم اور عدل حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اس لئے مانا ہے کہ میںکامل فرمانبرداروں میں شمار کیا جائوں، اس لئے مانا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم پر عمل کروں،اس لئے مانا ہے کہ آج خدا تک پہنچنے کا راستہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہی دکھایا ہے تو پھر ہر وقت یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ تمام فیض بھی تبھی حاصل کر سکتے ہیں جب ان تمام حکموں پر بھی عمل کریں گے جو اللہ تعالیٰ نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دئیے اور جن کی طرف اس زمانے میں ہمیں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے توجہ دلائی۔
سوال:سکنڈے نیوین ممالک کی ایک خاتون نے احمدیت کے بارے میں اپنی ذہنی کشمکش کا کیا ذکر کیا؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: سکنڈے نیووین ممالک میں مجھے ایک خاتون نے کہا کہ میں جماعت کو بہت اچھا سمجھتی ہوں لیکن بیعت نہیں کرنا چاہتی۔ کیونکہ میں دیکھ رہی ہوں کہ بعض عورتوں کی باتیں اور ایک دوسرے کے خلاف بولنا ویسا ہی ہے جیسا کہ ایک غیر احمدی عورت میں ہے تو کیا ضرورت ہے کہ میں جماعت میں شامل ہوں۔ کبھی میں سوچتی ہوں کہ بیعت کر لوں، کبھی سوچتی ہوں نہ کروں، عجیب مخمصے میں پڑی ہوئی ہوں۔
سوال:کن چیزوں کی طرف توجہ ہوگی تو نیک نتائج پیدا ہوں گے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: دعوت الی اللہ کے ساتھ نیک اعمال کا بہت جوڑ ہے۔ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کی طرف بہت توجہ کی ضرورت ہے۔ ورنہ باوجود اس کے کہ بات اچھی ہو گی، لیکن اپنے بد نمونے کی وجہ سے نیک نتائج پیدا نہیں ہوتے۔
سوال:حضور انور نے ہالینڈ کے لوگوں کے بارے میں کیا بتایا؟
جواب:حضور انور نے فرمایا:ہالینڈ کےبعض لوگ شدت پسند ہیںلیکن یہ بہت تھوڑے ہیں جو مسلمانوں کے خلاف ہیں۔ یہاں بہت بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو دین سے دلچسپی بھی رکھتی ہے اور اسلام کے بارے میں سننا بھی چاہتی ہے۔
سوال: کس طرح ہالینڈکے لوگوں کو تبلیغ کرنے سے کامیابی مل سکتی ہے؟
جواب:حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:اگر آپ لوگ پروگرام بنا کر ان میں تبلیغ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیںکہ آپ کے عمل بھی ان کو متاثر کرنے والے ہوں تو یہاں مقامی لوگوں میں بھی اور مختلف قومیتوں میںبھی آپ کو کامیابیاں حاصل ہو سکتی ہیں۔ اسلام اور احمدیت کا پیغام پہنچائیں۔ایسا پیغام جو ثمر آور ہو جس میں پھل لگنے ہوں۔
سوال:اسلام کی خوبصورت تصویر آج کون پیش کررہا ہے؟
جواب:ضور انور نے فرمایا:آج اگر اسلام کی خوبصورت تصویر کو کوئی پیش کر سکتا ہے تو وہ احمدی ہیں۔
سوال: ہم کب اللہ تعالیٰ کی نظر میں فرمانبرداروں میں شمار نہیں ہوسکتے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: آج اگر ہم نے بھی اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہ کیا، نہ سمجھا تو اللہ تعالیٰ کی نظر میں فرمانبرداروں میں شمار نہیں ہو سکتے۔
سوال:آپ کی تبلیغ کا لوگوں پر کب اثر ہوگا؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: آپ کے نیک نمونے، آپ کی شرافت، آپ کا اللہ تعالیٰ سے تعلق جب ان لوگوں پر ظاہر ہو گا تو تبلیغ کے مزید میدان کھلیں گے۔
سوال:جماعت احمدیت کا کیا کام ہے؟
جواب:حضور انور نے فرمایا: ہمارا کام اللہ تعالیٰ کی باتوں کو لوگوں تک پہنچانااور اپنے آپ کو پاک رکھتے ہوئے اپنے عملوں کے معیاروں کو اونچا کرتے ہوئے، دعائوںکے ساتھ یہ پیغام پہنچانا ہے۔ آگے اللہ تعالیٰ برکت ڈالنے والا ہے۔ جو نیک فطرت ہو گا وہ آئے گاانشاء اللہ۔
…٭…٭…٭…