اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




خلاصہ خطبہ جمعہ سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

فرمودہ28؍اپریل2023ءبمقام مسجدمبارک ،اسلام آباد (ٹلفورڈ)یو.کے

یہ بات یاد رکھیں کہ ہم نے جماعت کے وسیع تر مفاد کیلئے مشکلات کو صبر سے برداشت کرنا ہے

آج دنیا کے ہر ملک میںجماعت قائم ہےکیا یہ کسی ردِّ عمل یا طاقت کے اظہار سے ہوا ہے نہیں بلکہ قربانیوں اور صبراور دعاؤںکےنتیجہ میں ہوا ہے

خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ صبر کرنے والوں کو وہ بدلے ملیں گے جن کا کوئی حساب نہیں ہے

ہمارے غالب آنے کے ہتھیار استغفار، توبہ، دینی علوم کی واقفیت ،خدا تعالیٰ کی عظمت کو مدّنظر رکھنااور پانچوں وقت کی نمازوں کو ادا کرنا ہے
خلاصہ خطبہ جمعہ سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ28؍اپریل2023ءبمقام مسجدمبارک ،اسلام آباد (ٹلفورڈ)یو.کے

 

تشہد،تعوذاورسورۃ الفاتحہ کی تلاوت کےبعد حضور ا نورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنےفرمایا:
بعض لوگ مجھے پُر زور دلیلوں کے ساتھ لکھتے ہیں کہ پاکستان میں یا کسی اور جگہ جماعت کے حالات پر ہمیں صبر کے بجائے کچھ ردّ عمل دکھانا چاہئے اور حضرت مصلح موعود ؓکی مثالیں دیتے ہیں کہ بعض جگہ آپؓنے اسکی اجازت دی۔یہ بالکل غلط باتیں ہیں جو آپؓ کی طرف منسوب کی جاتی ہیں۔ آپؓ نےقانون کے دائرے میں رہ کربعض باتیں کیں لیکن بلا سوچےسمجھےبلوائیوں کی طرح جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی۔ اگر کہیں کوئی احتجاج کسی صورت میں ہوا تو وہ خلیفہ وقت کی اجازت کے ماتحت تھا۔یہ نہیں کہ ہر کوئی افسر لوگوں کو اکٹھا کرکے احتجاج شروع کردے۔
تقسیم ہندسے پہلے جب انگریزوں کی حکومت تھی اور ہمارے مخالف افسروں نے کوشش کی کہ حضرت مصلح موعودؓ کی تقریروں کو اشتعال انگیز قرار دے کرآپؓ پر ہاتھ ڈالا جائےلیکن ہردفعہ اس لیے ناکام ہوتے تھےکہ حضرت مصلح موعودؓ مخالفین اورحکومت کے افسران کواُن کا چہرہ دکھا کر ہمیشہ جماعت کو آخر پر فرمایا کرتے تھے کہ انبیاء کی جماعتوں کا کام صبراور قانون کی پابندی ہے۔جب بھی مخالف افسران نےکوشش کی اُن کےمنصوبوں پر پانی پِھر جاتا تھا۔ یہ کس طرح ہو سکتا تھا کہ آپؓ کوئی ایسی بات کرتے جو اسلام اورحضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیم کے خلاف ہوتی۔
حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے تو بےشمارجگہ صبراور دعا کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ جن کے پاؤں نازک ہیں اور میرے ساتھ خاردار راستوں پر نہیں چل سکتے وہ بے شک مجھے چھوڑ دیں۔پس یہ صبر ہی ہے جو دنیا میں جماعت کی انفرادیت قائم کیےہوئےہے۔
کئی میڈیا والوں کو بھی مَیں اکثر جواب دیتا ہوں کہ جو لوگ ہمیں تکلیف پہنچا رہے ہیں، جو ظلم کررہے ہیں ان میں سے ہی احمدی بھی ہوئے ہیں اورہو رہے ہیں۔ ہم ردِّعمل دکھا سکتے ہیں لیکن ہم نے زمانے کے امام کو مانا ہےجنہوں نےامن قائم رکھنے اوراللہ تعالیٰ کےفضلوں کا وارث بننے کیلئےیہ تعلیم دی ہےکہ تم نے امن سے کام لینا ہےالبتہ قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے حقوق لینے کی کوشش کرو۔
حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ صبر دو قسم کا ہے۔ایک صبریہ ہے کہ انسان کو کسی ردِّ عمل کی طاقت ہو اور پھر وہ صبر دکھائے۔دوسرے اُس وقت کا صبر ہے جب مقابلے کی طاقت ہی نہ ہو یعنی مجبوری کا صبرہے۔ طاقت ہوتے ہوئے صبر یہی ہے کہ ظلم کرنے والوں کا جواب نہ دینااوراللہ تعالیٰ کی خاطر صبر کامظاہرہ کرنااور مجبوری کا صبر یہ ہے کہ طاقت نہ ہوتے ہوئے آسمانی آفات پر اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر صبرکرنا ۔اللہ تعالیٰ نے مختلف جگہوں پر صبر کی تلقین فرمائی ہے۔اللہ تعالیٰ کے احکام کو سامنے رکھتے ہوئے صبرکےتین معنی ہیں۔پہلا گناہ سے بچنا اور اپنے نفس کو اُس سے روکنا۔ دوسرا نیک اعمال پراستقلال سے قائم رہنا۔تیسرا جزع فز ع سے بچنا۔
پہلےمعنے کےرُو سے متواتر اور استقلال کے ساتھ اُ ن بدیوں سے رُکنا ہے جو اُسے اپنی طرف کھینچ رہی ہیں اوراُن بدیوںسے مقابلہ کیلئے تیار رہنا جوآئندہ اُسے اپنی طرف کھینچ سکتی ہیں۔دوسرے معنےکی رُوسے انسان استقلال کے ساتھ اُن نیکیوں پرقائم رہےجواُسے حاصل ہوچکی ہیں اوراُن کیلئے کوشش کرے جو ابھی اُسے نہیں ملی ہیں۔ یہ بھی صبر کی ایک قسم ہے جو انسان کواللہ تعالیٰ کا قرب دلانے والی ہیں اور یہ قرب دعاؤں سے ہی مل سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ وَاسْتَعِيْنُوْا بِالصَّبْرِ وَالصَّلٰوۃِ۝۰ۭ وَاِنَّہَا لَكَبِيْرَۃٌ اِلَّا عَلَي الْخٰشِعِيْنَ۔اور صبراور دعا کے ذریعہ سے اللہ سے مدد مانگواور بے شک فروتنی اختیار کرنے والوں کے سِوا دوسروں کیلئے یہ اَمرمشکل ہے۔اللہ کا خوف رکھنے والے اوراللہ کی رضا چاہنے والے عاجزی دکھانے والے ہی ایسے صبر کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔پھر فرمایا کہ وَالَّذِيْنَ صَبَرُوا ابْتِغَاۗءَ وَجْہِ رَبِّہِمْ وَاَقَامُوا الصَّلٰوۃَ وَاَنْفَقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰہُمْ سِرًّا وَّعَلَانِيَۃً وَّيَدْرَءُوْنَ بِالْحَسَـنَۃِ السَّيِّئَۃَ اُولٰۗىِٕكَ لَہُمْ عُقْبَى الدَّارِاورجنہوں نے اپنے ربّ کی رضا کی طلب میں ثابت قدمی سے کام لیاہے اورنمازکوعمدگی سے اداکیا ہےاور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے اس میں سے چھپ کر بھی اور ظاہر بھی ہماری راہ میں خرچ کیا ہے اورجو بدی کو نیکی کے ذریعہ سے دُور کرتے رہتے ہیں اُنہی کیلئے اس گھر کا بہترین انجام مقدر ہے۔پس صبر، مستقل مزاجی، عاجزی اوردعاؤں سے اللہ تعالیٰ کی رضا چاہنے کا نام ہے۔یہ اُس وقت ہوگا جب ہم اپنی حالتوں کو اللہ تعالیٰ کی تعلیم کے مطابق کریں گے اوراپنی زندگیوں کواسکے احکام کے مطابق گزاریں گےاوراللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا ہمارا مقصود ہوگا۔
دشمن یہ چاہتا ہے کہ ہمارا ردّعمل ہو تو وہ مزید سختیاں کریں ہمارے نظام پر پابندیاں لگانے کی کوشش کریں۔اس وقت بعض حکومتی افسران مخالفین کی پشت پناہی کررہے ہیں تو اس طرح کے ردِّ عمل پر حالات خراب ہوتے ہیں۔بعض ایسے واقعات جماعت کی تاریخ میں ہیں کہ ایسے واقعات کی وجہ سے جماعت کو نقصان ہوالیکن جب صبرکےساتھ حالات بہتر کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا فائدہ بھی ہوا۔ اس طرح بعض افسران پر اس کا مثبت اثر بھی ہوا ہے۔ ہمارے ماردھاڑ کے ردّعمل سے زیر تبلیغ افراد پربھی بُرا اثر پڑے گا اور اُنہیں کہنے کا حق ہوگا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کیا تبدیلی پیدا کی کہ ہم ان کی جماعت میں آجائیں؟ پس یہ بات یاد رکھیں کہ ہم نے جماعت کے وسیع تر مفاد کیلئے مشکلات کو صبر سے برداشت کرنا ہے۔حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے ہمیں یہی تعلیم دی ہےکہ دوسروں کی سختیوں کو صبر کے ساتھ جھیلو اور برداشت کرو۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں کئی لوگ آپؐاور صحابہؓ کا صبر دیکھ کر ہی ایمان لائے تھے۔ یہ مثالیں حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے زمانے میں بھی ملتی ہیں کہ کئی لوگ آپؑکا صبراوراخلاق دیکھ کرآپؑکی جماعت میں شامل ہوئے اور آج بھی یہی حالات ہیں۔ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام فرماتے ہیں کہ ہماری جماعت کیلئے بھی وہی مشکلات ہیں جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو پیش آئیں۔ یاد رکھو اس قسم کی مشکلات کاآنا ضروری ہے تاکہ خدا تعالیٰ پر ایمان قوی ہو اور پاک تبدیلی کا موقع ملے۔مجھے بہت دُکھ ہوتا ہے جب پتا چلتا ہے کہ جماعت کا کوئی شخص کسی سے لڑا ہے۔اگر کوئی شخص صبر سے کام نہیں لیتا تو وہ اس جماعت میں سے نہیں۔پس اپنے معاملے کو خدا کے سپرد کردو۔گالیاں سُن کر بھی برداشت سے کام لو۔جب میں صبر کرتا ہوں تو تمہارا کام ہے تم بھی صبر کرو۔
آج دنیا کے ہر ملک میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پیغام پہنچ چکا ہے اورجماعت قائم ہے۔کیا یہ کسی ردِّ عمل یا طاقت کے اظہار سے ہوا ہے نہیں بلکہ قربانیوں اور صبراور دعاؤںکےنتیجہ میں ہوا ہے۔پس ہمیں صبرکا مظاہرہ کرتے رہنا ہوگا۔
حضرت مسیح موعودعلیہ السلام فرماتے ہیں کہ حضرت موسٰی کی قوم نے اُن کو فوراً قبول کرلیا تھا اس لیے اُنہیں اپنی قوم کی طرف سے کوئی مشکل پیش نہیں آئی لیکن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی قوم سے ہی انکار اور مشکلات درپیش تھیں۔ آپؐکے مصائب کا سلسلہ تیرہ برس تک چلا گیالیکن خدا تعالیٰ کی طرف سےآپؐکو صبر اور استقلال کی ہدایت ہوتی تھی۔بار بار حکم ہوتا تھا کہ جس طرح پہلے نبیوں نے صبر کیا تُو بھی صبر کر۔ پس آپؐ کبھی سُست نہ پڑتے اور ہمیشہ قدم آگے پڑتے تھے۔
ایک احمدی کسی گاؤں سےحضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا اورعرض کی کہ میرے گاؤں میں مدرسے کا ملازم ایک مولوی سخت مخالف ہے اورمجھے بہت تکلیف دیتا ہےحضور دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اُس کی تبدیلی وہاں سے کردے۔آپؑمسکرائے اور فرمایا کہ اس جماعت میں جب داخل ہوئے ہو تو اس کی تعلیم پر عمل کرو۔اگر تکالیف نہ پہنچیں توپھر ثواب کیونکر ہو۔پیغمبر خدا نے تیرہ برس دُکھ اُٹھائے مگر صحابہ کو صبر ہی کی تعلیم دی۔ اللہ تعالیٰ نے ارادہ کیا ہےکہ اس پاک جماعت کو دنیا میں پھیلائے اور خدا تعالیٰ تمہیں ان کے ذریعے سے صبر کی تعلیم دینا چاہتاہے۔تھوڑی مدت صبر کے بعد دیکھو گے کہ کچھ بھی نہیں ہے جو شخص دُکھ دیتا ہے یا تو توبہ کرلیتا ہے یا فنا ہوجاتا ہے۔خدا تعالیٰ فرماتا ہے کہ صبر کرنے والوں کو وہ بدلے ملیں گے جن کا کوئی حساب نہیں ہے۔پھر فرمایا کہ دنیاوی لوگ اسباب پر بھروسہ کرتے ہیں لیکن خدا مجبور نہیں۔پس اپنے اعمال کو صاف کرو غفلت نہ کرو۔غفلت کرنے والا شیطان کا شکار ہوجاتاہے۔توبہ کو ہمیشہ زندہ رکھوتاکہ وہ بیکار نہ ہوجاوے۔سچی توبہ عمدہ بیج کی طرح ہے جو اپنے وقت پرپھل لاتا ہے۔ہم تو اللہ تعالیٰ کی طرف سےصبرکے واسطےمامورکیےگئےہیں۔تم اِن کیلئے دعا کروکہ خدا تعالیٰ اِن کو بھی ہدایت دے۔پس ہماری بھی کامیابی اسی میں ہےکہ ہم آپؑکے نقش قدم پر چلیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ ہمارے غالب آنے کے ہتھیار استغفار، توبہ، دینی علوم کی واقفیت ،خدا تعالیٰ کی عظمت کو مدّنظر رکھنا،اور پانچوں وقت کی نمازوں کو ادا کرنا ہے۔پس یہ وہ نصائح ہیں جو ہماری کامیابی اور ترقی کی بنیاد ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشاد کے مطابق اگر ہم صحیح رنگ میں ان نصائح پر توجہ دیتے رہیں گے تو ہماری کامیابی ہے۔ ہماری کامیابی انشاء اللہ مقدر ہے ۔
اگر ہر احمدی اپنی ذمہ داری کو سمجھ لے تو بہت سے مسائل کا حل ہمارے رویوں اور دعاؤں سےنکل سکتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں صبراوردعاؤں کی توفیق عطا فرمائے اور اپنی رضا کے حصول کیلئےاِن باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔(آمین) ٭٭٭