اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2026-11-19

خلاصہ خطبہ جمعہ سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ ۱۳؍نومبر ۲۰۲۶ء بمطابق ۱۳؍نبوت ۱۴۰۵؍ہجری شمسی بمقام مسجد مبارک،اسلام آباد،ٹلفورڈ(سرے)، یوکے

تشہد،تعوذ اورسورة الفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا:

گذشتہ خطبات میں مَیں نے آنحضرتﷺ کی سادگی کے حوالےسے اُسوۂ حسنہ کا ذکر کیا تھا۔ آج اپنے آقا کی پیروی میں آپؐ کے غلامِ صادق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کچھ باتیں ،کچھ واقعات اس حوالےسے پیش کروں گا۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اس عاجز پر ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ خاکساراپنی غربت اور انکسار اور توکّل اور ایثار اور آیات اور انوار کی رُو سے مسیح ؑکی پہلی زندگی کا نمونہ ہے اور اس عاجز کی فطرت اور مسیح ؑکی فطرت باہم نہایت ہی متشابہ واقع ہوئی ہے، گویا ایک ہی جوہر کے دو ٹکڑے یا ایک ہی درخت کے دو پھل ہیں۔

ایک دفعہ حضورؑ سیر کو تشریف لے جارہے تھے،راستے میں وفاتِ مسیحؑ پر بات چیت شروع ہوگئی، کسی نے کہا کہ حضور! اب تومسیح ؑکی قوم بھی مسیح ؑکی وفات مان گئی ہے، حضور! اب اس قصّہ کو جانے دیں۔ حضورؑ نے فرمایا کہ ابھی بھی اس میں سے زہر نکلتا رہتا ہے، گویا ابھی بھی یہ بحث ختم نہیں ہوئی۔ جب تک اس کی سری نہ کھائی جائے،یعنی جب تک اس مسئلےکا سر نہ کچلا جائے اس کی جان نہیں نکلتی۔

سیر کے وقت حضورعلیہ السلام بہت تیزی کے ساتھ چلتے تھے، یہاں تک کہ لوگ بھاگ بھاگ کر ساتھ ملا کرتے تھے۔ کئی دفعہ لوگوں کے بھاگنے سے، لوگوں کے پاؤں سے حضورؑ کی چھڑی گِر جایا کرتی، لیکن آپؑ نے کبھی کسی کو کچھ نہیں کہا۔

اسی طرح سیر کے دوران اگر کبھی حضرت امّ المومنینؓ اور دیگر خواتین ساتھ ہوتیں تو حضورؑ بڑی سادگی کے ساتھ خواتین کو نصائح فرماتے، کبھی کسی عمدہ تلاوت کرنے والے قاری سے بڑے بےتکلّف ماحول میں تلاوتِ قرآن کریم سنا کرتے۔ سیر میں یہ تمیز بھی نہ ہوتی کہ کوئی آگے نہ بڑھے، بعض جلیل القدر صحابہؓ خیال کرتے کہ یوں لوگوں کے آگے بڑھنے سے مٹی اڑتی ہے مگر حضورؑ نے کبھی اس کی پرواہ نہیں کی۔ سیر میں اگر کسی کے پاؤں پڑنے کی وجہ سے حضورؑ کی چھڑی گِر جاتی یا جوتی پاؤں سے نکل جاتی تو آپؑ رُک جاتے مگر پیچھے مڑ کر نہ دیکھتے کہ اسے ندامت نہ ہو۔

حضرت بھائی عبدالرحمٰن صاحب قادیانی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ

حضرت اقدسؑ کی زندگی کا نمایاں پہلو یہ تھا کہ آپؑ کو تکلّف اور بناوٹ سے اپنے آپ کو ممتاز ظاہر کرنے کی عادت نہیں تھی۔

ایک دفعہ آپؑ چولہ بابانانک جی کی زیارت کے لیے مع چند خدّام ڈیرہ بابانانک تشریف لے گئے۔ وہاں ایک بڑ کے درخت کے نیچے کپڑابچھاکر حضورؑ مع احبابِ جماعت بیٹھ گئے۔ قصبے کے لوگ آئے تو بہت سے لوگوں کو دھوکا لگا کہ مولوی محمد احسن صاحب گویا مسیح موعود ہیں۔ لوگ ان سے مصافحہ کرنے لگے۔ پھر مولوی صاحبؓ کے بتانے سے لوگ آپؑ کی طرف متوجہ ہوئے۔ اس قسم کے واقعات آپؑ کی زندگی میں بےشمار ہیں۔

حضورؑ کی نشست انتہائی بےتکلّفانہ ہوتی تھی۔ حضرت منشی امام دین صاحبؓ نے ۱۸۹۴ء میں حضورؑ کے دستِ مبارک پر بیعت کی تھی۔وہ بیان کرتے ہیں کہ بیعت کے لیے حضورؑ مجھے بیت الفکر کے اندر لے گئے اور وہاں موجود چارپائی کی پائنتی کی طرف خود تشریف فرما ہوئے اور مجھے سرہانے کی طرف بٹھایا۔

حضرت چودھری بڈھا صاحبؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ مَیں قادیان آیا تو نئے مہمان خانے میں چارپائیاں نئی نئی تھیں اور ایک پرانی تھی۔ حضرت صاحب ؑتشریف لائے اور پرانی ٹوٹی ہوئی چارپائی پر بیٹھ گئے ، چھ سات آدمی ا َور تھے۔ سب کو فرمایا بیٹھ جاؤ۔ وہ کہتے ہیں کہ ہمیں بڑی شرم آئی کہ حضورؑ چھوٹی سی ٹوٹی ہوئی چارپائی پر بیٹھ گئے ہیں۔

حضرت مفتی محمد صادق صاحبؓ اپنی بیعت کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ حضرتؑ مجھے ایک علیحدہ مکان میں لے گئے اور اندر سے دروازہ بند کردیا۔ ایک چارپائی بچھی تھی اس پر ہم دونوں بیٹھ گئے۔ میرا داہنا ہاتھ حضرت صاحبؑ نے اپنے ہاتھ میں لیا اور دس شرائط کی پابندی کی مجھ سے بیعت لی۔

حضورانور نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بستر اور بوریے کی سادگی کے حوالے سے کئی روایات پیش فرمائیں۔آتھم سے بحث کے دوران ایامِ بیماری میں بھی حضورؑ ایسے بستر پر آرام فرماتے جس پر نہ تکیہ تھا نہ بستر،کمر تک بوریے پر ہوتے اور باقی جسم مبارک زمین پر ہوتا۔

ایک مرتبہ بعض نوجوانوں نے حضورؑ کی گاڑی گھوڑوں کی جگہ خود کھینچنے کا ارادہ کیا۔ حضورؑ کو اس کا علم ہوا تو فرمایا کہ

گھوڑے واپس جوتو! ہم انسان کو حیوان بنانے کے لیے دنیا میں نہیں آئے۔ ہم تو حیوانوں کو انسان بنانے کے لیے دنیا میں آئے ہیں۔

یہ ذکر آئندہ جاری رہنے کا ارشادفرمانے کے بعد خطبے کے دوسرے حصّے میں حضورِ انور نے درج ذیل مرحومین کا ذکرِ خیر اور نمازِ جنازہ غائب ادا کرنے کا ارشاد فرمایا۔

٭…مکرم الحاج شیخ یوسف عثمان کمبولایا صاحب( مبلغ سلسلہ تنزانیہ)۔

٭…مکرمہ امة الشافی صاحبہ اہلیہ کیپٹن محمود احمدخان صاحب۔ مرحومہ حضرت مرزا شریف احمد صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی، حضرت نواب امة الحفیظ بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہ کی نواسی، صاحبزادہ کرنل مرزاداؤد احمد صاحب کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ گذشتہ دنوں ۸۲؍سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ کراچی میں لجنہ اماء اللہ میں لوکل صدر اور ممبر عاملہ کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ حضرت خلیفة المسیح الثالث ؒنے ان کا نکاح پڑھایا تو خطبے میں فرمایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی اولاد کے لیے بڑی دعائیں کی ہیں جو آپؑ کی دوآمین میں ہیں اور دوسری جگہ بھی پائی جاتی ہیںاور جب ہم ان دعاؤں پر غور کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ہر وہ دعا جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کی وہ ہم پر ایک ذمہ داری بھی عائد کرتی ہے۔ اس میں ایک مصرعہ یہ ہے کہ

حق پر نثار ہوویں، مولیٰ کے یار ہوویں

پھر حضورؑ نے فرمایا:

نہ دیکھیں وہ زمانہ بے کسی کا

مصیبت کا، الم کا، بے بسی کا

حضرت خلیفة المسیح الثالثؒ نے فرمایا کہ یہ دعا جب آپؑ نے کی تو ہمیں اس طرف متوجہ کیا کہ تم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ تم اپنی زندگیاں بَلیٰ مَنْ اَسْلَم وَجْھہٗ لِلّٰہ(البقرۃ:113)کے مطابق گزارو۔ اگر بےکسی اور بےبسی کا زمانہ تم دیکھنا نہیں چاہتے اور مصیبتوں اور مشکلوں سے بچنے کی خواہش ہے تو اپنے پر ایک موت وارد کرلو، اور اپنی ہر ایک چیز خدا پر قربان کردو اور خدا تعالیٰ سے نئی زندگی کی خواہش کرو اور نئی زندگی پاؤ۔ اگر تم سب کچھ خدا کے لیے قربان کردو گے اور اپنے پر ایک موت وارد کرلو گے توبےکسی اور بےبسی کا زمانہ نہ دیکھو گے۔

پھر حضورؑ نے فرمایا:

شیطاں سے دُور رکھیو اپنے حضور رکھیو

اس میں بھی ہمیں متوجہ کیا کہ شیطان کا غلبہ اُن لوگوں پرنہیں ہوتا جو خدا کی راہ میں مجاہدہ کرتے ہیں اور مجاہدے کا حق ادا کرتے ہیں۔ اگر تم ا یساکرو گے تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی یہ دعا تمہارے حق میں قبول ہوگی۔یہ نصائح پیش کرنے کےبعد حضورِانور نے فرمایا کہ

یہ بہت اہم نصائح ہیں، ان کے بچوں کےلیے بھی، خاندان کے افراد کے لیے بھی اور افرادِجماعت کے لیے بھی۔ ان پر غور کرنا چاہیے ،ان پر عمل کرنا چاہیے۔ اگر یہ ہوگا تو تب ہی ہم حقیقت میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کا حق ادا کرنے والے ہوں گے۔

مرحومہ رشتے نبھانے والی، خدمت کرنے والی، تعلق نبھانے والی، لوگوں کی بےلوث مدد کرنے والی تھیں۔

٭…مکرم عبدالرفیق جدران صاحب آف امریکہ

٭…سلیمہ تبسم صاحبہ اہلیہ مکرم مرزا عبدالحمیدصاحب مرحوم آف میرپور خاص سندھ۔

حضورانور نے تمام مرحومین کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی۔

٭…٭…٭