اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2024-02-22

جمعہ کا دن

28 صلح 1323ہش

(از حضرت میر محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ )

مورخہ28صلح (28جنوری1944ء)کو سیّدنا حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ نے مسجد اقصیٰ قادیان کے منبر پر
رونق افروز ہو کر خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا جس میںآپ نے اپنےمصلح موعود ہونے کا اعلان فرمایا ۔اس پس منظر میںیہ دلچسپ منظوم کلام ملاحظہ فرمائیں۔ (ادارہ)

 

مصلح موعود نے دعویٰ کیا جمعہ کے دن
اور جماعت نے بھی اٰمَنَّا کہا جمعہ کے دن

تھا مہینہ صلح کا، تاریخ اٹھائیسویں
جب حریفوں کا سبھی جھگڑا مٹا جمعہ کے دن

مصلح موعود کہتے تھے جسے پہلے ہی سب
اب تو وہ بھی متفق ہم سے ہوا جمعہ کے دن

جن کے دل میں تھی ابھی باقی ذرا سی بھی خلش
شکّ و شبہ ان کا سب جاتا رہا جمعہ کے دن

سر مرا کھاتے تھے پیغامی کہ ’’دعویٰ ہی کہاں‘‘؟
اب تو ان کا عذر بھی جاتا رہا جمعہ کے دن

وہ جو رکھتے تھے ارادہ نیک اور صالح بھی تھے
پاس آبیٹھیں ہمارے اس دفعہ جمعہ کے دن

دیکھ کر اپنا جمود اور اپنے مرشد کا عروج
دل میںمَیں خوش تھا مگر روتا رہا جمعہ کے دن

وہ کرے اصلاح دنیا کی تو ہم اصلاح نفس
تب کہیں پورا ہوا اپنا مدّعا جمعہ کے دن

’’مفسد موعود‘‘ کی سمجھو کہ شامت آگئی
یونہی بے مطلب نہیں دعویٰ ہوا جمعہ کے دن

پھر سمندر پار جائیگا عَلَم توحید کا
اک سفر ہوگا نیا اعلان تھا جمعہ کے دن

یا مسیح الخلق عدوانا کہیں گی دلہنیں
جب یہ دیکھیں گی کہ دولہا آچکا جمعہ کے دن

’’میں تری تبلیغ کو پہنچائوں گا آفاق تک‘‘
میرے کانوں نے تو یہ مضموں سنا جمعہ کے دن

گو خصوصیت رہی جمعوں کی اب کے سال بھر
لیکن اب تو ہوگئی بس انتہا جمعہ کے دن

(ماخوذاز اخبار الفضل 20؍فروری 1944ء)