اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2024-01-11

مبارک !! سالِ نَوکی فرحتیں

( محمد ابراہیم سرورؔ،قادیان)

 

عطا کردہ خدا کی رحمتیں سب کو مبارک ہوں
مبارک !! سالِ نَو کی فرحتیں ، سب کو مبارک ہوں

 

نیا اِک سال آیا ہے ہمیں بیدار کرنے کو
کمی جو رہ گئی اس سے ، ہمیں ہشیار کرنے کو
خطائیں ہوں نہ پہلی اب ، یہی انذار کرنے کو
اندھیرے دن، سیہ راتیں بہت ضو بار کرنے کو

 

خدا کی نصرتیں اور قربتیں سب کو مبارک ہوں
مبارک !! سالِ نَو کی فرحتیں ، سب کو مبارک ہوں

 

خدا کے عشق کی راہوں کا ہی مستان رہنا ہے
رضا میں رب کی ہی راضی ہمیں ہر آن رہنا ہے
امام وقت کے در کا اگر دربان رہنا ہے
اُسی کے ہر اشارے پر سدا قربان رہنا ہے

 

اَمیر المونیں کی چاہتیں سب کو مبارک ہوں
مبارک !! سالِ نَو کی فرحتیں ، سب کو مبارک ہوں

 

عداوت بُغض و کینے سب دلوں سے دور کرنے ہیں
الٰہی عشق کی مے سے بہت مخمور کرنے ہیں
بجھے، اجڑے ہوئے دل بھی ہمیں مسرور کرنے ہیں
مٹا کر تیرگی اور ظلمتیں ، پُرنور کرنے ہیں

 

بہاریں ہوں مبارک !! نکہتیں سب کو مبارک ہوں
مبارک !! سالِ نَو کی فرحتیں ، سب کو مبارک ہوں

 

خدا کی خلق کی خدمت کو اب مقصود کرنا ہے
فساد و ظلم کا ہر راستہ مسدود کرنا ہے
کدورت نخوت و کبر و ریاء مفقود کرنا ہے
خدا کی راہ میں خود کو بھی یوں مسعود کرنا ہے

 

وفا کی لذّتیں اور نُزہتیں سب کو مبارک ہوں
مُبارک !! سالِ نَو کی فرحتیں ، سب کو مبارک ہوں

 

مودّت سے ، اخوّت سے سبھی کو شاد کرنا ہے
مسرّت اور محبت سے جہاں آباد کرنا ہے
یتیموں ، بے کسوں کی ہر طرح اِمداد کرنا ہے
خدا کے در پہ سرورؔ بس یہی فریاد کرنا ہے

 

خلافت کی مسلسل برکتیں ، سب کو مبارک ہوں
مبارک !! سالِ نَو کی فرحتیں ، سب کو مبارک ہوں

 

…٭…٭…٭…