اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-03-30

اللہ کرے سب جھولیاں رحمت سے بھر سکیں

نصر الحق نصر، نیپالی، معلم سلسلہ وقف جدیدارشاد

 

آیا خدا کا سایا رمضان کی شکل میں
رحمت کا ابر چھایا رمضان کی شکل میں

اس ماہ میں اللہ نے نازل کیا قرآن
انسانیت پے ہے بڑا اللہ کا احسان

فرمان ہے اللہ کا رمضاں کے واسطے
غمخوار و دردمند ہو انساں کے واسطے

پابند سلاسل کئے جاتے ہیں شیاطین
جنت کے در بھی کھلتے ہیں برائے مومنین

رمضان میں ہے ساری عبادت کا مزہ اور
اس ماہ میں ہے قرآں کی تلاوت کا مزہ اور

وقت سحر نوافل و سحری کی ہے بہار
افطار کی لذت کا بھی ہوتا ہے انتظار

مومن وہ خوش نصیب ہے جس کو ملے رمضان
اپنی وہ مغفرت کا جو کر لیتا ہے سامان

گنتی کے چندروز ہیں ہم شوق سے رکھیں
روزہ خدا کے واسطے ہے ذوق سے رکھیں

اجر عظیم دیگا خدا سوچ سے زیادہ
دیدار سے نوازیگا وہ، ہے یہی وعدہ

آتا ہے خدا آسمانِ دنیا پر اس میں
یعنی وہ اپنے بندوں سے ہے قریب تر اس میں

سنت کا اجر فرض کی مانند ہے اس میں
اک فرض کا ستر کے برابر بھی ہے جس میں

وہ ماہ مبارک ہے یہ رمضاں کا مہینہ
جل جاتی ہے جس میں بدی، نیکی کا ہے زینہ

آتی ہے ایک رات بھی اس ماہِ مبیں میں
خَیْرٌ مِّن اَلْفِ شَھَر ہے جو دین متیں میں

ہو جائے جسے عمر میں اک رات میسر
دارین میں ہو خیر کے لمحات میسر

اس ماہ میں ہم نیکیاں کثرت سے کر سکیں
اللہ کرے سب جھولیاں رحمت سے بھر سکیں