رحمت ہے ، مغفرت ہے اور آگ سے رہائی
محمد ابراہیم سرور قادیان
اے مومنو ! مبارک !! ماہِ صیام آیا
رحمت خدا کی ، ہم پہ کرنے تمام آیا
اللہ نے جو تحفہ رمضان کا دیا ہے
اس ماہ کو ہمارا ، مہمان جو کیا ہے
ہے شکر اس کا، اُس نے احسان جو کیا ہے
وصلِ خدا کا رستہ آسان جو کیا ہے
ہم سب کو پھر دُعا کے دینے سہام آیا
اے مومنو! مبارک !! ماہِ صیام آیا
روزہ دار کو ہیں دو خوشیاں ملنے والی
وہ مرتبہ ملے گا ، جو کہ ہے سب سے عالی
دستِ طلب کبھی بھی رہتے نہیں ہیں خالی
توفیق جس نے اس میں ، خالِص دُعا کی پا لی
اللہ کے نبیؐ کا، اُن پر سلام آیا
اے مومنو! مبارک !! ماہِ صیام آیا
رب کا ہے شکر اُس نے ، ہم کو بنایا انساں
اس پر مزید یہ کہ ہم کو دیا ہے قرآں
ہے ضابطہ ہدایت ، جو رہ دکھائے ہر آں
جو اسکو پڑھنےوالے، ہے زیست اُ نکی آساں
یہ ماہ ہے کہ جس میں، رب کا کلام آیا
اے مومنو! مبارک !! ماہِ صیام آیا
رحمت ہے ، مغفرت ہے اور آگ سے رہائی
توفیق جس نے اس میں، اعمالِ نیک پائی
اور مدّعا ہے جس کا ، بس خیر کی کمائی
رمضان ہے سکھاتا ، مخلوق کی بھلائی
ہمدردیٔ خلائق کا بھی پیام آیا
اے مومنو! مبارک !! ماہِ صیام آیا
ہے قدر والی اس میں، اِک رات میرے یارو !
عظمت سِوا ہے اسکی اَلفِ شَہر سے پیارو !
سو تم کبھی بھی اس کو غفلت میں نہ بِسارو
رب کی رضا کو مانگو اور عاقبت سنوارو
عملوں کو مومنوں کے، دینے دوام آیا
اے مومنو! مبارک !! ماہِ صیام آیا