اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2024-08-08

ہم حسینی بنیں احمدؐ کے جلو میں رہکر خدمت دیں میں کٹے سال و مہینہ یارو پیغام کربلا نصرالحق نصر، نیپالی،معلم وقف جدیدارشاد

جب بھی آتا ہے محرم کا مہینہ یارو
درد میں ڈوب ہی جاتا ہے یہ سینہ یارو
قافلہ لٹ گیا اور بے سر و ساماں بھی ہوئے
پھر بھی درپیش رہا فکر مدینہ یارو
کس لئے خون بہایا گیا معصوموں کا
ظلم کے واسطے کیا وجہ و قرینہ یارو
نام سے مسلم تھے پر عاقبت اندیش نہ تھے
دل میں تھا آلِ محمدؐ سے بھی کینہ یارو
اِس طرف آلِ محمدؐ پے تھا پانی بھی حرام
اُس طرف چلتا رہا ساغر و مینا یارو
ایسا منظر نہ کبھی چشمِ فلک نے دیکھا
اشک میں ڈوب گیا دل کا سفینہ یارو
باری باری رہِ مولی میں فدا ہوتے گئے
کربلا میں سبھی اک ایک نگینہ یارو
اے یزید تجھے کیوں رحم نہ آیا ظالم
کیسے ہو مجھ سے بیاں درد سکینہ یارو
ہم بھی چل کر پس اقدام امام حسین
دین کے نام کریں روز و شبینہ یارو
ہم حسینی بنیں احمدؐ کے جلو میں رہکر
خدمت دیں میں کٹے سال و مہینہ یارو
پھر کوئی ظالم و جابر نہ مسلط ہو نصرؔ
لوٹ لے جائے جو دیں کا خزینہ یارو
…٭…٭…٭…