اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2024-02-01

نماز جنازہ حاضر وغائب مورخہ 6 ؍دسمبر 2023ء  بمقام اسلام آباد (ٹلفورڈ)

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ6؍دسمبر 2023ء بروز بدھ 12 بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکردرج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر وغائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

٭مکرمہ آنسہ سمیع صاحبہ اہلیہ مکرم عبد السمیع صاحب( آف کراچی حال یو. کے)
4؍ دسمبر2023ء کو برین ٹیومر کی وجہ سے 68سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ قریباً تین ماہ قبل یوکے آئی تھیں۔ آپ مکرم سید محمد یعقوب صاحب (5 ہزاری ممبر تحریک جدید) کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ کو کراچی میں بطور سیکرٹری تعلیم القرآن اور سیکرٹری تربیت کے علاوہ کئی جماعتی عہدوں پر خدمت کرنے کی توفیق ملتی رہی۔ مرحومہ کے شوہر بھی کراچی جماعت کے سرگرم عہد یدار رہے ہیں۔ مرحومہ انتہائی دُعا گو، نیک، دین دار، سلسلہ کی خدمت کرنے والی، لوگوں کے ساتھ انتہائی پیار و محبت سے ملنے والی، غریبوں کی مدد کر نے والی اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی شفیق خاتون تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

نماز جنازہ غا ئب

(1)مکرم ملک حمید احمد خان صاحب (ربوہ)
2؍اکتوبر 2023ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت مولوی جلال الدین صاحب رضی اللہ عنہ، نانا حضرت مولوی غوث محمد صاحب رضی اللہ عنہ، پھوپھا حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی رضی اللہ عنہ اور والد حضرت حکیم محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مرحوم ریٹائرمنٹ کے بعد17سال تک نظارت امور عامہ کے شعبہ احتساب میں بطور اعزازی کارکن خدمت کے علاوہ دارالرحمت شرقی ربوہ میں سیکرٹری امور عامہ اور صدر حلقہ کے طورپر خدمت بجالاتے رہے۔ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، پوری شرح سے چندہ ادا کرنے والے ایک مخلص انسان تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔آپ کے بیٹے مکرم ملک طارق محمود صاحب قاضی سلسلہ ربوہ کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

 

(2)مکرمہ حمیدہ عصمت صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری محمد منیر احمد صاحب( اسیر راہ مولیٰ سلانوالی ضلع سرگودھاحال ربوہ)
8؍اکتوبر2023ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت حکیم اللہ دتہ صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔سلانوالی ضلع سرگودھا اور ربوہ کے حلقہ نصیر آباد نمبر2 کی صدر لجنہ کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، غریبوں کا خیال رکھنے والی، سادہ مزاج، ایک نیک فطرت اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے فدائیت کا تعلق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

 

(3)مکرم داؤد احمد گوندل صاحب ابن مکرم شریف احمد گوندل صاحب (گوٹھ سلطان احمد گوندل ضلع حیدر آبادسندھ)
28؍اکتوبر 2023ء کو83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت چودھری علی محمد صاحب گوندل رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ مرحوم باجماعت نمازوں کے پابند، غریب پرور،مہمان نواز، خلافت کے جاںنثار، ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ نے گوٹھ سلطان احمد کے صدر جماعت، سیکرٹری مال اور زعیم انصار اللہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم مبشراحمد صاحب گوندل (کارکن امیر صاحب آفس لندن) کے بہنوئی تھے۔

 

(4)مکرم مشہود احمد صاحب( لاہور)
13؍ستمبر 2023ء کو45سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے صدر حلقہ اور زعیم مجلس انصار اللہ حلقہ گلشن پارک کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ حلقہ میں مربی ہاؤس کی تعمیر اپنی زیر نگرانی مکمل کروائی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،بڑ ے سخی، مخلص، نیک اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ والدین اور گیارہ بہن بھائی شامل ہیں۔

 

(5)مکرم احمد سعید صاحب ابن مکرم عبد الغفور صاحب (دارالیمن وسطی حلقہ سلام ربوہ)
یکم؍نومبر 2023ء کو43سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم 15سال سے نظارت تعلیم میں بطور کارکن کام کررہے تھے۔ اپنے حلقہ میں سیکرٹری تعلیم اور زعیم مجلس خدام الاحمدیہ کے علاوہ انچارج یمن سیکٹر اور صدر رکشہ یونین ربوہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ دینی خدمت کا جذبہ رکھنے والے ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور تین بیٹوں کے علاوہ والدین شامل ہیں۔

 

(6)مکرم محمد مختار احمد سنوری صاحب( ہمبرگ،جرمنی)
3؍جولائی 2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت بابو فقیر علی صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے تھے۔ فیصل آباد میں طویل عرصہ سیکرٹری مال رہے اور جرمنی آنے پر بحیثیت قاضی اول ہمبرگ خدمت کی توفیق پائی۔پانچوں نمازیں باقاعدگی سے مسجد میں جاکر ادا کرتے تھے۔آپ کو حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ آپ نے بہت سے بچے بچیوں کے رشتے بھی کروائے۔ مرحوم موصی تھے۔

 

(7)مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم انجینئر چودھری عبدالحمید صاحب(سمن آباد،لاہور)
13؍ستمبر 2023ء کو87سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، غریب پرور، ہنس مکھ، مہمان نواز، منکسرالمزاج ایک مخلص اور نیک خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

 

(8)مکرم میاں مظفر احمد صاحب ابن مکرم میاں نواب دین صاحب مرحوم (جھنگ)
29؍ مئی 2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں سب سے پہلے آپ کے والد نے 1927ء میں احمدیت قبول کی۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، چندوں میں باقاعدہ، ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

 

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔