اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-05-04

نماز جنازہ حاضر وغائب

 مورخہ18جنوری 2023بروز بدھ بمقام اسلام آباد (ٹلفورڈ)

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 18؍جنوری 2023ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔


نماز جنازہ حاضر


٭مکرم ڈاکٹر عبد المنان صاحب( لندن)
5 جنوری 2023ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ مرحوم کی پیدائش قادیان میں ہوئی اور 1956ء میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پربیعت کر کے سلسلہ احمدیہ میں شامل ہوئے۔ہجرت کے بعد فیصل آباد منتقل ہوئے اور اپنے گھر کے ساتھ والے پلاٹ میں دارالحمد کے نام سے مسجد بنوائی۔2015ء میں یوکے شفٹ ہو گئے اور حضور انور کی اجازت سے ہومیو پیتھی ڈیپارٹمنٹ میں خدمت کا موقعہ ملا۔ کووڈ کے دوران بھی ادویات تیار کر کے دیا کرتے تھے۔ مرحوم نما ز اور روزہ کے پابند، خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والےایک ہمدرد، نیک، دیندارمخلص بزرگ تھے۔ چندوں میں باقاعدہ اور ہرتحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم نعمان ہادی صاحب (مربی سلسلہ،وکالت تصنیف یوکے) کے نانا تھے۔

نماز جنازہ غائب


(1)مکرم میاں محمد صدیق صاحبابن مکرم میاں قربان حسین صاحب(ربوہ)
6؍ ستمبر 2022ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ مرحوم نے تین مرتبہ اپنے حلقہ میں زعیم انصار اللہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، ایک نیک، مخلص اور غریب پرور انسان تھے۔
(2)مکرمہ مومنہ مبشر صاحبہاہلیہ مکرم چودھری مبشر احمد صاحب ( ہالینڈ)
23 ؍ دسمبر2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ آپ کے پڑدادا حضرت حافظ احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ، دادا حضرت عبد القاد ر صاحب رضی اللہ عنہ اور نانا حضرت حاجی محمد الدین تہالوی صاحب رضی اللہ عنہ تینوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مرحومہ لجنہ ہالینڈ کی فعال رکن تھیں۔ مختلف شعبہ جات میں نیشنل اور لوکل سطح پر خدمت کی توفیق پائی۔ کمزوروں اور مظلوموں کیلئے غیر معمولی ہمدردی کا جذبہ رکھتی تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم طلحہ احمد صاحب (مربی سلسلہ) آج کل سلووینیا میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(3)مکرمہ شریفاں بی بی صاحبہ(ربوہ)
30؍ دسمبر2022 کو93سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند،تہجد گزار،صابرہ وشاکرہ، بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں۔پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔آپ مکرم شمس اقبال صاحب (مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ جرمنی) کی نانی تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

…٭…٭…٭…