اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-11-23

نماز جنازہ حاضروغائب

مورخہ5؍ستمبر 2023ء بروزمنگل بمقام بیت السبوح (جرمنی)

 

سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے دورہ جرمنی کے دوران مورخہ5؍ستمبر 2023ء بروزمنگل مغرب وعشاء کی نماز سے قبل بیت السبوح (جرمنی)میں درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر وغائب پڑھائی ۔

نماز جنازہ حاضر

(1)محترم محمد اصغر آصف صاحب آف جماعت Hannover
مورخہ 3؍ستمبر 2023 کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ آپ 1960ء میں چک نمبر 6/11ضلع ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ مرحوم کا نظام جماعت سے اچھا تعلق تھا۔ باقاعدگی سے چندہ جات ادائیگی کرتے اور جماعتی پروگرامز میں شامل ہوتے ۔ نمازوں  کیلئے مسجد میں تشریف لاتے اور خاص طور پر نمازِ  جمعہ کیلئے ضرور حاضر ہوتے تھے۔شعبہ ضیافت میں  بڑے شوق اور بھرپور طریق سے مدد کرتے ۔ آپ دھیمے مزاج کے مالک اور نہایت خوش خلق انسان تھے ۔ مرحوم نے چاربچے یادگار چھوڑے ہیں جو سب جماعت کی خدمت کرنے والے ہیں۔

(2)محترم بشارت علی صاحب آف ہالینڈ
مورخہ 31؍اگست 2023کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے ۔ اناللہ وناالیہ راجعون۔ آپ 1961ء میں کلاس والا ضلع سیالکوٹ میں پیداہوئے ۔ آپ دوسال قبل ہالینڈ میں آئے تھے۔ آپ نہایت شریف النفس ، مخلص اور قربانی کرنے والے ایک بااخلاق انسان تھے۔ آپ مکرم محمد ارشد صاحب زعیم انصار اللہ جماعت بادسودن کے بڑے بھائی تھے۔

نماز جنازہ غائب

(1)مکرمہ آصفہ مشہود صاحبہ زوجہ مکرم مشہود احمد صاحب (دارالصدر غربی لطیف ربوہ)
5؍جون 2023ء بعمر 58سال بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔ مرحومہ ہردلعزیز ، ملنسار، غریبوں کی ہمدرد اور جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی تھیں۔ اپنے خاوند کی وفات کے بعد بڑی ہمت اور حوصلہ سے ہر مشکل کا مقابلہ کیا۔ سیکرٹری وقف نو ، سیکرٹری صنعت ودستکاری، سیکرٹری تحریک جدید ووقف جدید اور سیکرٹری مصباح کےطور پر خدمت کی توفیق پائی ۔

(2)مکرم احمد نور صاحب ابن مکرم شیرزمان صاحب (واہ کینٹ راولپنڈی )
7؍جون 2023ء کو 99سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اناللہ واناالیہ راجعون۔مرحوم خوف خدا رکھنے والے، نہایت صاف گو انسان تھے۔ نماز کے حد درجہ پابند اور ہر دلعزیز شخصیت ، اخلاق و کر دار میں  نمایاں حیثیت کے حامل تھے۔ 78سال کی عمر میں راہ حق کو قبول کر کے ایثار وقربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ گاؤں  میں اکیلا احمدی گھرانہ ہونے کے باعث نہایت نامساعد حالات کا سامنا کیا مگر پائے ثبات میں ذرہ بھی لغزش نہ آئی۔ ایک پوتا محمد دانش فاروق صاحب واقف زندگی جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہے اور ایک پوتا وقف نو میں ہے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندگی رکھنے کی توقیق دے۔ آمین