اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-11-16

نماز جنازہ حاضروغائب

مورخہ 29؍اگست 2023ء بروزمنگل بیت السبوح (جرمنی)

 

سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دورہ جرمنی کے دوران مورخہ 29؍اگست 2023ء بروزمنگل بیت السبوح (جرمنی) میں درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر وغائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

٭عزیزم سرمد احمد اللہ ابن مکرم ضیا ء اللہ صاحب (حلقہ روڈل ہائیم فرینکفرٹ ، جرمنی)
24؍اگست 2023 کو ساڑھے گیارہ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگیا۔اناللہ واناالیہ راجعون۔ عزیزچھٹی کلاس کا طالب علم تھااور بہت ذہین بچہ تھا۔ حضور انور کی جرمنی آمد کے موقع پر ترانہ پڑھنے والے بچوں میں شامل تھااور وفات کے روز بھی اس کی تیاری گھر آکر دیر تک کرتا رہا۔ نمازیں باقاعدگی سے نماز سینٹر پر جا کر ادا کرتا اور اطفال کی کلاسوں  میںبھی باقاعدہ شامل ہوتا تھا۔ قرآن کریم ناظرہ آٹھ سال کی عمر میں پڑھ لیا تھا اور اب ترجمہ کے ساتھ قرآن کریم پڑھ رہاتھا۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی اور ایک بہن شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

(1)مکرم فضل احمد صاحب ابن مکرم نور احمد صاحب (الطاف پارک، امارت دہلی گیٹ لاہور)
8؍ جون2023ء کو78 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم نہایت مخلص، سادہ مزاج اور جماعت کے ساتھ وفا کا تعلق رکھنے والے انسان تھے۔ خلافت سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتے رہتے تھے۔اپنے حلقہ میں سیکرٹری رشتہ ناطہ اور سیکرٹری تعلیم القرآن بھی تھے۔ تلاوت قرآن کریم کے پابند تھے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔

(2)مکرم محمد ریاض صاحب ابن مکرم سادہ خان صاحب (موضع ادر حماں تحصیل کوٹ مومن ضلع سرگودھا)
25؍ مئی 2023ء کو63 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم مخلص احمدی تھے۔ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے۔ نئی مسجد کی تعمیر اور جماعتی سکول بنانے میں اپنے آپ کو اس طرح وقف کیے رکھا جیسے اپنا ذاتی کام ہو۔ جماعتی لحاظ سے جب بھی کسی خدمت کی ضرورت ہوتی اپنا کام چھوڑ کر فوری حاضر ہوجاتے تھے۔ نماز باجماعت کے پابند تھے۔ اپنی طاقت کے مطابق ہر ایک کی مدد کرنے والے تھے۔بڑی عمر میں قرآن کریم ناظرہ پڑھا اور چند ماہ میں مکمل کیا۔ خلافت جوبلی کی دعائیں دوہراتے رہتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔

(3)مکرمہ فرزانہ مقصود صاحبہ زوجہ مکرم مقصود احمد صاحب (گاؤں غلام حیدر ضلع عمر کوٹ)
13؍ مئی2023ءکو بعمر43 سال بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز اور خوش اخلاق، غریبوں اور مساکین کا خاص خیال رکھتی تھیں۔ خلیفہ وقت اور جماعت سے عشق و وفا کا تعلق تھا۔ مرحومہ جماعتی عہدیداران اور مرکزی نمائندگان کی دل وجان سے خدمت کرتی تھیں اور ان کو خلیفہ وقت کا نمائندہ جانتے ہوئے ان کی ہر ضرورت کا خیال رکھتی تھیں۔ ان کا ایک بٹیا جامعہ احمدیہ میں زیر تعلیم ہے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

…٭…٭…٭…