اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-10-19

 نماز جناز ہ حاضر وغائب از حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالٰی

مورخہ 23؍اگست 2023ء بروز بمقام اسلام آباد (ٹلفورڈ)

 

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 23؍اگست 2023ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نمازجنازہ حاضر وغائب پڑھائی۔

نماز جناز ہ حاضر

٭مکرم چودھری محمد رفیق صاحب (ساؤتھ فیلڈز، یو.کے)

18؍ اگست 2023ءکو88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت بابا خیر الدین صاحب رضی اللہ عنہ کے پوتے تھے۔ پنجاب یونیورسٹی سے وکالت اور اکاؤنٹنسی میں ڈگری حاصل کی اور1963ء میں نائیجیریا کی وفاقی حکومت میں بطور سو ل سرونٹ کام شروع کیا۔ پھر کمشنر انٹرنل ریوینیو پروموشن ہوئی اور بعدازاں بطور نیشنل چیئرمین فیڈرل ان لینڈ ریوینیو ترقی ہوئی۔ 1986ء میں آپ نے یوکے شفٹ ہو نے پر زندگی وقف کردی اور وکالت مال میں 20سال خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم نماز اور روزہ کے پابند، تہجد گزار اور خلافت سے عقیدت رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔آپ نے تین حج اور متعدد عمرے کرنے کی سعادت حاصل کی۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

(1)مکرمہ امینہ بشریٰ صاحبہ اہلیہ مکرم شفیق الرحمٰن صاحب (ربوہ )
17؍اگست2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت چودھری محمد رمضان صاحب رضی اللہ عنہ کی پڑپوتی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، ملنسار،صابرہ وشاکرہ اور خلافت سے وفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک دل خاتون تھیں۔ چندہ جات کی ادائیگی بڑی فکر مندی سے اور باقاعدگی سے کیا کرتی تھیں۔ تکلیف دہ بیماری کو انتہائی صبر اور ہمت سے برداشت کیا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں بوڑھے والدین کے علاوہ، میاں اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم وحید احمد رفیق صاحب (استاد جامعہ احمدیہ ربوہ ) کی تایا زاد بہن تھیں۔

(2)مکرم مظفر احمد گوندل صاحب؎ (گوٹھ چودھری سلطان احمد ضلع ٹنڈوالہ یار،سندھ)
17؍اگست 2023ءکو76سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت چودھری محمد خان صاحب گوندل رضی اللہ عنہ کے پوتے اور حضرت چودھری علی محمد گوندل صاحب رضی اللہ عنہ کے نواسے تھے۔آپ بڑے غریب پرور، مہمان نواز، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، بڑے زیرک اور معاملہ فہم،ایک مخلص، نیک اور باوفا انسان تھے۔ علاقہ میں اچھی شہرت تھی۔تقریباً17 سال صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں بوڑھی والدہ کے علاوہ، اہلیہ، دو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم مبشر احمد صاحب گوندل (کارکن دفتر امیر جماعت یو.کے) کے چھوٹے بھائی تھے۔مرحوم کے پوتے عزیزم احمد سلطان جامعہ احمدیہ ربوہ میں آخری سال کے طالب علم ہیں۔ ان کی ایک بیٹی مکرمہ اسماء شاہد صاحبہ کو نظمیں پڑھنے کا موقعہ ملتا رہا ہے جو کبھی کبھی ایم ٹی اے پر بھی آتی ہیں۔

(3)مکرم خلیل احمد صاحب ابن مکرم ناظر دین صاحب (گھانا)
5؍اگست2023ءکوگھانا میں 85سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ دو سال سے گھانا میں مقیم تھے۔ مرحوم کو چھوٹی عمر سے بزرگان دین اور صحابہ کی صحبت حاصل رہی جس کی وجہ سے تبلیغ کا بہت شوق تھا۔ مرحوم شاہ تاج شوگر ملز منڈی بہا ؤالدین میں الیکٹریکل انجینئر تھے۔ دوران ملازمت بھی ارد گرد کے دیہات میں تبلیغ کرتے رہے۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجدگزار ، چندوں میں باقاعدہ، دینی غیرت رکھنے والے ایک نیک او ر مخلص انسان تھے۔ اپنی لوکل جماعت کی مجلس عاملہ کے ممبر رہے۔ربوہ میں اپنے محلہ دارالنصر شرقی میں سیکرٹری دعوت الی اللہ اور سیکرٹری اصلاح وارشاد کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ ایک بیٹی مکرمہ عظمیٰ خلیل صاحبہ اور ان کے میاں مکرم شبیر حسین صاحب دونوں واقف زندگی ہیں اور آجکل کماسی (گھانا) میں بطور ہومیو پیتھ ڈاکٹر خدمت بجا لا رہے ہیں۔

(4)مکرم رانا محمود احمد صاحب ابن مکرم رانا محمد نواز صاحب(پنڈی بھاگو ضلع سیالکوٹ)
26؍جون2023ء کو52 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، بہت دلیر، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ پسماندگا ن میں ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم رانا برہان احمد صاحب ( مربی سلسلہ تہران،ایران )کے ماموں اور خسر تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔

…٭…٭…٭…