سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے مورخہ 8؍اگست 2023ء بروز منگل 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نمازجنازہ حاضرو غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
(1) مکرم چودھری مبارک احمد ساہی صاحب (یو.کے)
29؍جولائی 2023ء کو79سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت1902ءمیں آئی جب آپ کے دادا حضرت حاجی غلام محمد ساہی صاحب رضی اللہ عنہ اور ان کے بڑے بھائی حضرت چودھری نصر اللہ خان صاحب رضی اللہ عنہ نے قادیان میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔مرحوم پیشہ کے لحاظ سے وکیل تھے۔ان کو فیصل آباد میں حضرت شیخ محمد احمد صاحب مظہر کے ساتھ کام کرنے کی بھی توفیق ملی۔ کراچی قیام کے دوران نائب قائد کراچی کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔1983ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کے سفر مشرق بعید میں بطور افسر حفاظت شامل ہونے کی سعادت حاصل ہوئی۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی یوکے ہجرت کے بعد حضور رحمہ اللہ کی ہدایت پر آپ لندن آئے اور2002ء تک عملہ حفاظت میں خدمت کی توفیق پائی۔اسکے بعد 2015ء تک امیر صاحب برطانیہ کے دفتر میں خدمت بجالاتے رہے۔آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند،بہت محنتی، دیانتدار، خدمت کا بے لوث جذبہ رکھنے والے ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔خلافت کے ساتھ بہت پیار اور عقیدت کا تعلق تھا۔مرحوم موصی تھے۔ آپ کی دو شادیاں ہوئیں۔ پہلی اہلیہ کی وفات کے بعد ترک احمدی خاتون مکرمہ امینہ چقماق صاحبہ کے ساتھ آپ کی دوسری شادی ہوئی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
(2) مکرم عبد القدیر صاحب ابن مکرم ٹھیکیدار عبد الرحیم صاحب(ومبلڈن،یو.کے)
2؍اگست 2023ء کو75سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مستری مرزا مہردین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ ربوہ میں قیام کے دوران انہوں نے فضل عمر ہسپتال کے آپریشن تھیٹر، لجنہ ہال، بیوت الحمد اور دیگر جماعتی عمارات کی تعمیر میں لکڑی کا کام کرنے کی توفیق پائی۔مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، مالی قربانی میں دل کھول کر حصہ لینے والے، غریبوں کے ہمدرد، بہت دعاگو، نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
(1) مکرم بشیر احمد شاد صاحب ابن مکرم عبد القادر ضیغم صاحب(دارالنصر شرقی نور ربوہ )
24؍ فروری2023ء کو69 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم فضل عمر ہسپتال میں بطور مددگار کارکن خدمت کرتے رہے۔دینی اور اخلاقی لحاظ سے اچھے شریف النفس انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
(2) مکرم چوہدری محمد اشرف باجوہ صاحب ابن مکرم چوہدری سلطان علی صاحب مرحوم (جرمنی)
25؍ فروری2023ء کو87 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا پودا آپ کی دادی حضرت حاکم بی بی صاحبہ کے ہاتھوں لگا جو حضرت چودھری سر محمد ظفر اللہ خان صاحب کی والدہ کی خالہ زاد بہن تھیں۔ آپ دونوں بہنوں نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سیالکوٹ آمد پر دستی بیعت کا شرف حاصل کیا۔ مرحوم کے دادا، دادی اور نانا، نانی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔مرحوم کئی سال تک اپنے حلقہ میں زعیم انصار اللہ رہے۔صوم وصلوٰۃ کے پابند، اطاعت گزار اور خلافت کے وفادارایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ جماعتی پروگراموں میں باقاعدگی سے شامل ہوتے تھے۔ عہدیداروں اور مربیان کی بہت عزت اور احترام کرتے تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
(3) مکرم ملک محمد اشرف صاحب(امریکہ) ابن مکرم ملک برکت علی صاحب مرحوم(سابق امیر جماعت حافظ آباد)
8؍مئی2023ء کو86 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے والد اپنے خاندان میں پہلے احمدی تھے اور آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔آپ مکرم میجر محمود احمد صاحب(افسر حفاظت خاص یوکے) کے بھائی تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
…٭…٭…٭…