اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-09-28

نمازجنازہ حاضر وغائب : مورخہ 24؍ جولائی2023ء بروز سومواربمقام اسلام آباد (ٹلفورڈ)

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےمورخہ 24؍ جولائی2023ء بروز سوموار 12 بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکردرج ذیل مرحومین کی نمازجنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

٭مکرم چودھری بشیر احمد صاحب( Bristol،یو.کے)
مورخہ20؍جولائی2023ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم تقریباً ڈیڑھ سال پہلے پاکستان سے آئے تھے۔ آپ نے شورکوٹ میں بطور صدر جماعت خدمت کی توفیق پائی۔1974ء میں آپ کو اسیر راہ مولیٰ ہونے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔ مالی قربانی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے۔ شورکوٹ کی مسجد اور مربی ہاؤس اپنی زمین پر بنا کر جماعت کو پیش کیا۔جب وہاں قبرستان کا مسئلہ ہوا تو آپ نے نوکنال زمین خرید کر جماعت کو پیش کی۔آپ پیشہ کے لحاظ سے پٹواری تھے۔ آپ کو ربوہ میں جماعتی دفاتر میں بھی خدمت کا موقع ملا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ا ٓپ مکرم محمد افضل ظفر صاحب (مربی سلسلہ کینیا )کے سسر تھے۔

نماز جنازہ غا ئب


(1)مکرم بشار ت اللہ مہر صاحب ابن مکرم الحاج اللہ بخش صاحب (کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ)
27؍مارچ 2023ء کو68سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، قبولیت دعا پر یقین رکھنے والے، دینی اور اخلاقی لحاظ سے اعلیٰ پائے کے شفیق اور نیک مخلص انسان تھے۔ آپ نے مظفر گڑھ اور ملتان میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔1976- 1975ء میں تعلیم الاسلام کالج ربوہ کی سٹوڈنٹ یونین کے صدر بھی رہے۔خلافت سے بے حد محبت تھی۔دعوت الی اللہ کا بہت شوق رکھتے تھے اور20 بیعتیں کروانے کی بھی توفیق پائی۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

(2) مکرم بشیراحمد پرویز صاحب ابن مکرم راج ولی صاحب ( دوالمیال حال امریکہ)
13؍مئی 2023ء کو89سال کی عمر میں امریکہ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے نانا مکرم مستری غلام احمد صاحب ( آف دوالمیال ) کے ذریعہ سے آئی جنہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔ آپ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار،صابرو شاکر، دعا گو،نیک اور مخلص انسان تھے۔خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ آپ1979ءمیں جرمنی آگئے تھےاور وہاں مختلف جماعتی اور تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ گو مبلغ نہ تھے مگر زندگی ایک سادہ اور فدائی مبلغ کی طرح گزاری۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔

(3)مکرمہ زبیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم پیر افتخار احمد تاج صاحب مرحوم (ربوہ )
3؍جون 2023ء کو85سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نمازوں کی پابند، تہجد گزار،جماعتی خدمت میں پیش پیش رہنے والی ایک نیک پارسا مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے۔ آپ مکرم چودھری نصیر احمد صاحب (سیکرٹری مجلس کارپرداز ربوہ ) کی خالہ اور مکرم چودھری ناز احمد ناصر صاحب (واقف زندگی کارکن دفتر وکالت تبشیر یوکے) کی ماموں زاد بہن تھیں۔

(4)مکرمہ ارشاد بیگم صاحبہ( آسٹریلیا)
10؍جون2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت غلام محمد گوندل صاحب رضی اللہ عنہ(چک نمبر99شمالی سرگودھا) صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، دعا گو، چندوں میں باقاعدہ، نظام جماعت اور خلافت کے ساتھ وفا کا تعلق رکھنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔ مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔2008ءسے آسٹریلیا میں اپنے بیٹے کے پاس رہ رہی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹے اور چاربیٹیاں شامل ہیں۔

(5) مکرمہ امۃ المجیب طاہرہ صاحبہ اہلیہ مکرم سلطان احمد قمر صاحب (کارکن جامعہ احمدیہ جرمنی)
12؍جون 2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں بوڑھی والدہ اور میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم فہیم الدین ناصر صاحب(مبلغ سلسلہ رومانیہ) کی بہن تھیں۔

(6) مکرمہ نصیرہ رشیدصاحبہ اہلیہ مکرم ملک محمد عبد الرشید صاحب (مسی ساگا، کینیڈا)
15؍جون2023ءکو77سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے والد مکرم نذر محمدصاحب مرحوم ( آف بھاٹی گیٹ لاہور) حضرت مصلح موعودؓ کے ہاتھ پر بیعت کر کے خود احمدی ہوئے تھے۔مرحومہ کے بڑے بھائی جمال احمد 17برس کی عمرمیں 1953ء کے فسادات میں شہید ہوگئے تھے۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز اور خلافت سے والہانہ محبت و عقیدت رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مختلف جماعتی خدمات کے علاوہ ایک طویل عرصہ تک مسی ساگا جماعت میں بطور سیکرٹری ضیافت خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چاربیٹے شامل ہیں۔ ایک بیٹے مکرم شمعون رشید صاحب (واقف زندگی) جماعت کینیڈا کے شعبہ جائیداد میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

(7) مکرمہ مسعودہ خانم صاحبہ اہلیہ مکرم ملک مظفر احمد صاحب ( میری لینڈامریکہ)
23؍جون 2023ء کو82سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت ملک علی حیدر صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بہو تھیں۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند،مہمان نواز، محنتی،نافع الناس،ایک نیک ہمدرد اور مخلص خاتون تھیں۔لمبی بیماری کو بہت صبر اور حوصلہ سے برداشت کیا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭٭٭