سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے 20؍ اپریل 2023ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکردرج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر وغائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
٭مکرم عبد الرحمٰن بٹ صاحب (یو.کے) ابن مکرم فقیر محمد خان صاحب آف کڑیانوالہ گجرات
14؍اپریل 2023ء کو94 سال کی عُمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت محمد بخش صاحبؓ رئیس کڑیانوالہ صحابی حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے بھتیجے تھے۔ جن کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی نظم ’’اک نہ اک دن پیش ہو گا تو فنا کے سامنے‘‘ لکھ کر دی تھی۔ آپ 1974ء میں مع فیملی نیروبی سے انگلستان آئے اور مسجد فضل کے قریب گھر لیا تاکہ اپنا اور بچوں کا مسجد سے مضبوط تعلق قائم رکھیں۔ پنجوقتہ نما زوں کیلئے مسجد میں آتے تو ہمیشہ پہلی صف میں بیٹھتے تھے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد خود کو جماعت کی خدمت کیلئے پیش کیا اور تا دمِ آخر دفتر پرائیویٹ سیکرٹری میں رضاکارانہ خدمت بجالاتے رہے۔مرحوم نما ز اور روزہ کے پابند، خود دار طبیعت کے مالک، بہت نیک، دیندار اور مخلص بزرگ تھے۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا گہرا تعلق تھا۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور دو بیٹیاں اور کئی پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ان کی بڑی بیٹی محترمہ ڈاکٹر ریحانہ صاحبہ کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ کی فیملی ڈاکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ اسی طرح ان کے داماد مکرم ڈاکٹر طارق انور باجوہ صاحب بھی حضور انور کے معالج رہے۔ آج کل انہیں جماعت یوکے میں بطور نیشنل سیکرٹری تحریک جدید خدمت کی توفیق مِل رہی ہے۔
نماز جنازہ غائب
(1)مکرم رانا عزیز اللہ خان صاحب (مربی سلسلہ،ربوہ)
28؍مارچ 2023ء کو 61سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے دادا مکرم چودھری برکت علی صاحب نے 1897ء میں راہوں ضلع جالندھر میں احمدیت قبول کی۔ مرحوم نے 1988ء میں جامعہ احمدیہ ربوہ سے مبشر کی ڈگری حاصل کی اور 1996ء تک نظارت اصلاح وارشاد مقامی کے تحت مختلف اضلاع میں خدمت کی توفیق پائی۔1996ء سے 1999ء تک نظارت دعوت الی اللہ میں رہے۔ 1999ء سے 2020ء تک تقریباً 21سال وکالت وقف نو تحریک جدید میں خدمت بجالاتے رہے۔ نومبر 2020ء سے اکتوبر 2022ء تک نظارت اصلاح و ارشاد مرکزیہ میں خدمت سرانجام دینے کے بعد اکتوبر 2022ء میں بوجہ بیماری ریٹائر ہوئے۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
(2)مکرم محمد سلیم ظفر صاحب ابن مکرم نور احمد صاحب (بریڈ فورڈ،یو.کے)
28؍مارچ 2023ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت دولت خان صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔مرحوم نے اپنی ساری زندگی نیکی اور تقویٰ کے اصولوں پر احمدیت کے ساتھ اخلاص و وفا میں گزاری۔آپ نےبطور منتظم اشاعت فیکٹری ایریا شاہدرہ لاہور کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
(3)مکرمہ صدیقہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم مشتاق احمد چیمہ صاحب(ربوہ)
2؍مارچ 2023ء کو 94سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولوی غلام محمد گوندل صاحب رضی اللہ عنہ کی بیٹی اور مکرم محمود احمد مبشر صاحب درویش قادیان کی بہن تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، ایک نیک،پاکباز اور مستجاب الدعوات بزرگ خاتون تھیں۔کم وبیش 52 سال تک گوٹھ غلام محمد چیمہ ضلع خیر پور سندھ کی صدر لجنہ رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم بشارت احمد چیمہ صاحب (رضاکار کارکن دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے ) کی ساس اور مکرم صباحت احمد چیمہ صاحب (مربی سلسلہ وکالت تصنیف یوکے) کی نانی اور مکرم شاہد احمد چیمہ صاحب (مربی سلسلہ دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے) کی دادی تھیں۔
(4)مکرم شیخ مطیع الرحمٰن صاحب (ڈنمارک)
30؍دسمبر 2022ء کو 88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت منشی حبیب الرحمٰن صاحب رضی اللہ عنہ رئیس کپور تھلہ کے پوتے اور حضرت منشی محبوب عالم صاحب رضی اللہ عنہ کے نواسے تھے۔ آپ 70کی دہائی میں ڈنمارک میں آباد ہوئے۔کچھ عرصہ صدر حلقہ رہے۔آپ خوش مزاج، ملنسار، مہمان نواز، صوم و صلوٰۃ کے پابندایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں۔
(5)مکرمہ امۃ الباسط صاحبہ اہلیہ مکرم ملک محمد حنیف صاحب (خادم مسجد بیت الرحمٰن والنسیا،سپین )
28؍دسمبر 2022ء کو 62 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے دادا مکرم احمد دین صاحب 313 درویشان قادیان میں شامل تھے۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند، چندہ جات بروقت ادا کرنے والی، خلافت سے پختہ تعلق رکھنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
(6)مکرم بشیر احمد منیر صاحب ابن مکرم عمر دین صاحب (لاہور)
4؍دسمبر 2022ء کو 84سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے حلقہ سلطان پورہ میں آڈیٹر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم بڑے مخلص، باوفا اور خلافت سے عقیدت و محبت کا تعلق رکھنے والے نیک انسان تھے۔
(7)عزیزم نبیل احمد ابن مکرم جنید احمد صاحب (ملائیشیا)
2؍فروری 2023ء کو سوئمنگ پول میں گرنے کی وجہ سے بقضائے الٰہی3سال 11ماہ کی عمر میں وفات پاگیا۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔عزیز تحریک وقف نو میں شامل تھا۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
…٭…٭…٭…