سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 28؍جون2023ء بروز بدھ 12 بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نمازجنازہ حاضر وغائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
٭مکرم رافع کریم صاحب ابن مکرم ڈاکٹر فضل کریم صاحب(فیصل آباد، حال مانچسٹر، یوکے)
24؍ جون2023ء کو64سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے والد مکرم ڈاکٹر فضل کریم صاحب نے 1936ء میں بیعت کی جس کے نتیجہ میں فیملی کو سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ آپ اپنے والد کے ساتھ کلینک پر بیٹھا کرتے تھے۔1990ءمیں کلمہ لگانے کے جرم میں آپ پر متعدد مقدمات بنائے گئے اور تین بار اسیر راہ مولیٰ بھی رہے۔1980ءاور 1990ءکی دہائی میں مرحوم نے قائد مجلس خدام الاحمدیہ فیصل آباد کے علاوہ بعض اور عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، لوگوں کے ساتھ انتہائی پیارومحبت سے ملنے والے، چندوں میں باقاعدہ، دیندار اور ایک نیک مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم حامد کریم صاحب ( مبلغ سلسلہ ہالینڈ)کے چھوٹے بھائی اور مکرم صباحت کریم صاحب (مربی سلسلہ یوکے) کے خسر تھے۔
نماز جنازہ غائب
(1)مکرم مبرور احمد صاحب ابن مکرم منصور احمد صاحب(مسی ساگا، کینیڈا)
28؍فروری2023ءکو70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے پڑداداحضرت میاں جمال الدین صاحب سیکھوانی رضی اللہ عنہ اور دادی حضرت سارہ بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مکرم ملک سیف الرحمٰن صاحب ( مفتی سلسلہ و سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ ربوہ) آپ کے پھوپھا تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،تہجد گزار، خلیق طبع، ملنسار، قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کرنے والے، نافع الناس اور ہر دلعزیز نیک اور مخلص انسان تھے۔ خلافت کے ساتھ انتہائی محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم دینی اور تبلیغی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتے تھے۔ مرحوم نےتنظیمی سطح پر مختلف حیثیتوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
(2)مکرم عبد الواحد صاحب ابن مکرم جودھوجی صاحب (پھولپورہ نگر پارکر سندھ)
4؍مارچ 2023ءکو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نمازوں کے پابند، سادہ مزاج، شریف النفس، کم گو، مہمان نواز، خلافت سے عقیدت کا گہرا تعلق رکھنے والے ایک نیک، مخلص اور با وفا انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چھ بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم گلزار احمد نگری صاحب بطورمربی سلسلہ اور دوسرے بیٹے مکرم عقیل احمد صاحب بطور لیب ٹیکنیشن طاہر ہسپتال نگر پارکرکی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(3)مکرم اسد ضیاء بٹر صاحب ابن مکرم چودھری ضیاء اللہ بٹر صاحب ( کِرتو ضلع شیخوپورہ )
23؍ اپریل 2023ءکو ایک حادثہ کے نتیجہ میں 59سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق ایک زمیندار گھرانے سے تھا۔آپ کے والد نے شادی سے پہلے زمانہ طالب علمی میں 20سال کی عمر میں بیعت کی تھی اور اپنے خاندان میں اکیلے احمدی تھے۔مرحوم شفیق، ہمدرد، مہمان نواز، خدمت خلق اور صلہ رحمی کے جذبہ سے سرشارایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ رفاہ عامہ کے کاموں میں بہت دلچسپی لیتے تھے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں راحت محسوس کرتے تھے۔ خلافت سے والہانہ محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔مقامی جماعت میں سیکرٹری امور عامہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ کبڈی اور باسکٹ بال کے بہترین کھلاڑی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ اور والد کے علاوہ دوبھائی شامل ہیں۔
(4)مکرمہ جمیلہ خلیق بسراء صاحبہ اہلیہ مکرم خلیق اختر بسراء صاحب( جرمنی)
23؍اپریل 2023ءکو 75 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، بہت اچھے اخلاق کی مالک، متوکل علی اللہ، صابرہ وشاکرہ اورخلافت کے ساتھ اخلاص کا تعلق رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ مقامی مجلس میں جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری خدمت خلق کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔
(5)مکرم پروفیسر مرزا بشیر احمد صاحب (نوشہرہ کینٹ حال ورجینیا امریکہ )
5؍مئی 2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مرزا غلام رسول صاحب رضی اللہ عنہ آف پشاور کے بیٹے محترم ملک سیف الرحمٰن صاحب (مفتی سلسلہ ) کے داماد اور مکرم مرزا مقصود احمد صاحب (سابق امیر جماعت پشاور) اور مکرم مرزا عبد الحفیظ صاحب ایڈووکیٹ (سابق صدر جماعت ضلع نوشہرہ و سابق صدر بار ایسوسی ایشن نوشہرہ ) کے بھائی تھے۔ مرحوم محکمہ تعلیم سے وابستہ تھے۔احمدیہ کالج گھٹیالیاں کے ابتدائی دور میں وہاں لیکچرر اور پرنسپل بھی رہے۔آپ علم دوست اور وسیع معلومات رکھتے تھے۔اپنے مضمون فلاسفی پر عبور رکھنے کے علاوہ انگریزی زبان کے بھی ماہر تھے۔ ایک زمانہ میں آپ کے تحقیقی مضامین اور تبصرے انگریزی اخبار ’’پاکستان ٹائمز‘‘ میں شائع ہوا کرتے تھے۔ آپ کا حلقہ احباب بہت وسیع تھا۔ہر طبقہ اور ہر عمر کے شخص سے اس کی طبیعت اور دلچسپی کے موافق گفتگو کرنے کے ماہر تھے۔ 1960ءمیں جب مجلس خدام الاحمدیہ کے تحت احمدیہ انٹر کالجئیٹ ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آیا تو مرحوم اس کے پہلے صدر منتخب ہوئے۔ جب بھی کوئی نامور غیر ملکی شخصیت یا وفد صوبہ سرحد کے دورہ پر آتا تو آپ اس موقع پر بطور جماعتی نمائندہ شامل ہوکر جماعت کا تعارف کرواتے اور قرآن کریم کا ترجمہ اور جماعت کا لٹریچر پیش کیا کرتے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،ضرورت مندوں کی مدد کرنے والے،خلافت کے شیدائی،بہت مخلص اور باوفا انسان تھے۔ جماعتی طور پر مرحوم نے قائد خدام الاحمدیہ نوشہرہ، قائد خدام الاحمدیہ ضلع پشاور، ناظم انصاراللہ ضلع پشاور، صدر جماعت نوشہرہ اور امیر جماعت ضلع نوشہرہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹاشامل ہیں۔
(6)مکرم افتخار احمد اختر صاحب ابن مکرم چودھری منور احمد صاحب امرتسری (سلاؤ،یوکے)
12؍مئی 2023ءکو 70سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت محمد دین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ مرحوم نے پاکستان میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کی توفیق پائی۔صوم وصلوٰۃ کے پابند،دیندار، خلافت کے ساتھ اخلاص ووفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک مخلص بزرگ تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔مرحوم مکرم رفیع بھٹی صاحب (نائب صدر مجلس انصاراللہ یوکے ) کے سسر تھے۔
(7)مکرمہ زبیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم قریشی محمد اسلم صاحب (مشی گن،امریکہ)
14؍مئی2023ء کو77سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند،تہجد گزار، چندوں میں باقاعدہ، خلافت سے عقیدت اور جماعت کے ساتھ گہرا لگاؤ رکھنے والی ایک نیک مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں پانچ بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔آپ کے بیٹے مکرم مدثر احمد صاحب آجکل بطور قائد تربیت مجلس انصاراللہ فن لینڈ خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔