اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-06-19

نماز جنازہ حاضروغائب

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے10؍ فروری 2025ء بروز سوموار 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔
(نماز جنازہ حاضر)
مکرمہ آصفہ ریحانہ صاحبہ
اہلیہ مکرم مظفر اقبال چیمہ صاحب مرحوم
(نائب ناظم وقف جدید قادیان۔ بھارت)
2 ؍فروری 2025ء کو 74 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ چک 312 ضلع فیصل آباد میں پیدا ہوئیں۔ 1975ء میں شادی ہوکر قادیان گئیں۔ مرحومہ مکرم منظور احمد چیمہ صاحب مرحوم درویش قادیان کی بہو تھیں۔ گزشتہ چار سال سے یوکے میں مقیم تھیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ اور قرآن کریم کی تلاوت کی پابند، تہجّد گزار، بڑی مخلص اور نیک خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہرا فدائیت کا تعلق تھا۔ حضور انور کی طرف سے تسبیحات کی تحریک ہوئی تو نہ صرف خود باقاعدگی سے روزانہ تسبیحات کرتیں بلکہ بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتی تھیں۔ ایم ٹی اے خصوصاً This Week With Huzoor باقاعدگی کے ساتھ دیکھا کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔ مرحومہ مکرم خالد حیات صاحب (Hayat Funeral Service) کی خوشدامنہ تھیں۔
(نماز جناز ہ غائب)
(1)مکرم ڈاکٹر مرزا منور احمد صاحب
ابن مکرم حافظ عبدالسلام صاحب
( دارالعلوم غربی صادق ربوہ )
25؍جنوری 2025ء کو 92 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا زیادہ وقت کراچی میں گزرا جہاں آپ کو تقریباً 30 سال جماعت میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق ملی۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تلاوت قرآن کریم روزانہ باقاعدگی سے کرنے والے، ہمدرد، حلیم الطبع، دعاگو تقویٰ شعار، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ چندوں میں باقاعدہ تھے۔ اس کے علاوہ جب بھی کوئی مالی تحریک ہوتی اس میں معیاری قربانی پیش کیا کرتے تھے۔ خلافت سے بے انتہا محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ کی اپنی کوئی اولاد نہ تھی۔ اپنے ایک عزیز کی تین ماہ کی بیٹی کو گود لیا اور اپنے بچوں کی طرح پرورش کی اور اسے اچھی تعلیم دلوائی۔ آپ مکرم مرزا عبدالرشید صاحب (سیکرٹری ضیافت یوکے) کے بہنوئی تھے۔
(2)مکرم غلام حسن آہنگر صاحب
ابن مکرم عبدالعزیز آہنگر صاحب
(نئی بستی اننت ناگ صوبہ جموں و کشمیر ۔ انڈیا)
13؍جنوری2025ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کو 1971ء میں بیعت کا شرف حاصل ہوا۔ خاندان میں اکیلے احمدی تھے۔ آ پ چونکہ اہل حدیث کے جنرل سیکرٹری تھے اس لئے بیعت کے بعد آپ کو شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ سارے خاندان نے آپ کا بائیکاٹ کردیا اور بیوی نے بھی سخت مخالفت کی لیکن آپ نے استقامت کا نمونہ دکھایا۔ مرحوم صوم و صلوۃ اور اسلامی شعار کے پابند، خلافت سے والہانہ محبت رکھنے والے، شریف النفس، سنجیدہ طبیعت کے مالک، ایک مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ تبلیغ کا بڑا جوش تھا۔ مرحوم نے امیر ضلع اننت ناگ کے علاوہ مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں شامل ہیں۔
(3)مکرمہ سیدہ شمیم صاحبہ
اہلیہ مکرم شیخ عبدالمجید صاحب
(جرمنی)
15؍دسمبر2024ء کو 88سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں فضل محمد صاحب ہرسیاں والے رضی اللہ عنہ اور حضرت برکت بی بی صاحبہ رضی اللہ عنہا کی نواسی تھیں۔ لجنہ اماء اللہ راولپنڈی میں پانچ سال تک صدر حلقہ اور پھر سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری خدمت خلق کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ راولپنڈی میں حضرت خلیفۃ المسیح کے خطبات بذریعہ کیسٹ سنوانے کا کام بھی خوش اسلوبی سے کرتی رہیں۔ جرمنی آنے کے بعد اپنی مجلس میں شعبہ سمعی و بصری کے علاوہ سیکرٹری اشاعت، سیکرٹری رشتہ ناطہ اور سیکرٹری وصیت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ جہاں بھی رہیں بچوں کو قرآن مجید بھی پڑھاتی رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم شیخ عبدالوحید صاحب سیکرٹری سمعی بصری Offenbach اور دوسرے بیٹے مکرم محمد سلیم احمد صاحب صدر جماعت Nauhein کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ مکرم محمد اسلم خالد صاحب (کارکن دفتر پرائیویٹ سیکرٹری یوکے) کی ہمشیرہ تھیں۔
(4)مکرم منصور احمد صاحب
(ہنسلو یوکے)
08؍جنوری کو 91 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت بابو عبدالرحمٰن صاحب انبالوی رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پڑپوتے تھے۔ ان کے والد 1947ء میں بٹالہ سے ہجرت کرکے سرگودھا میں رہائش پذیر ہوئے۔
1961ء میں یوکے شفٹ ہوئے۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ نے ہنسلو جماعت کے سیکرٹری تبلیغ، سیکرٹری مال اور سیکرٹری وقف نو کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ تبلیغی پمفلٹس بڑے شوق سے تقسیم کرتے اور وقف نو بچوں کی اردو کلاسیں بھی لیتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم عادل منصور صاحب ایم ٹی اے انٹرنیشنل میں بطور ڈائریکٹر آئی ٹی خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(5)مکرمہ امتہ الوحید ہادی صاحبہ
بنت کیپٹن ہادی علی خان صاحب مرحوم
(St.Albans نزد لوٹن یوکے)
06؍اکتوبر 2024ء کو 69 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم مولانا ذوالفقار علی خان صاحب کی پوتی اور مکرم خان بہادر غلام محمد خان صاحب کی نواسی تھیں۔ مرحومہ دماغی طور پر کمزور تھیں لیکن بڑی ثابت قدمی سے احمدیت پر قائم رہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین۔