اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-02-06

نماز جنازہ حاضروغائب

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے08؍ اکتوبر 2024ء بروز منگل 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
مکرمہ نصیرہ قدسیہ صاحبہ بنت مکرم قاضی ناصر احمد بھٹی صاحب مرحوم سابق ریجنل امیر نارتھ ویسٹ، یوکے
3؍اکتوبر2024ء کو 54سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، بہت ملنسار،غریب پرور، خلافت کے ساتھ اخلاص ووفا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک اور پرہیز گار خاتون تھیں۔ اپنے چندہ جات باقاعدگی سے ادا کرتیں اور بچوں کو بھی اس کی پابندی کی تلقین کیا کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں اور مکرم خالد ولید صاحب( مربی سلسلہ سپین )کی والدہ تھیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم عطاء الرازق صاحب شعبہ تبلیغ یوکے میں رضاکارانہ خدمت کررہے ہیں۔آپ کے پسماندگان میں ایک بہن اور تین بھائی بھی شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
(1) مکرم خالد محمود باجوہ صاحب (وینکوور۔کینیڈا)
18؍ستمبر2024ء کو 79سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولوی ابو محمد عبداللہ صاحب رئیس کھیوا باجوہ رضی اللہ عنہ کے پڑپوتے اور مکرم محمود احمد باجوہ صاحب( سپر نٹنڈنٹ جیل) کے بیٹے تھے۔ مرحوم کو پہلے پاکستان میں اور بعدازاں کینیڈا میں مختلف حیثیتوں میں جماعت کی خدمت کی توفیق ملی۔ اپنے حلقے میں لمبا عرصہ سیکرٹری امورعامہ کے طور پر بھی خدمت بجالاتے رہے۔وینکوور کی مسجد اور اپنے حلقہ کے نماز سینٹر کے لیے اپنی حیثیت سے بڑھ کر مالی قربانی کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، غریب پرور، اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
(2) مکرم ناصر احمد صاحب ابن مکرم محمد ابراہیم احمد صاحب(بدین)
24؍ستمبر2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت شاہ محمد صاحب رضی اللہ عنہ کے پوتے تھے۔ آپ کا تعلق گاؤںتلونڈی جھونگلاں سے تھا۔آپ نے ضلع بدین میں سیکر ٹری وقف نو، سیکرٹری اصلاح و ارشاد، سیکرٹری تعلیم القرآن اور مقامی امام الصلوٰۃ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ بدین شہر کی مسجد کی مرمت کے لیے نمایاں مالی قربانی کی بھی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
(3) مکرم ناصر بن حاجی الدین صاحب(ملائیشیا)
20؍ستمبر2024ء کو 66سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے1979ء میں خود بیعت کرکے جماعت احمدیہ میں شمولیت اختیار کی اور پھر نماز، قرآن اور دیگر اسلامی تعلیمات سے آگاہی حاصل کی۔ اس دوران اکثر اوقات مسجد میں اذان دیتے اور مسجد کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھتے تھے۔ پنجوقتہ نماز وں کے پابند، تہجدگزار، ملنسار، خوش مزاج، مخلص اور نیک انسان تھے۔ جماعت کے تمام پروگراموں میں بھر پور حصہ لیتے تھے۔ مقامی سطح پر سیکرٹری مال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کو تبلیغ کا بہت شوق تھا اور آپ کے ذریعہ بہت سے لوگوں کو بیعت کی توفیق ملی۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور چار بیٹے شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم فواد احمد ناصر صاحب ملائیشیا میں مبلغ سلسلہ اور نیشنل سیکرٹری وقف نو کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(4) مکرم ڈاکٹر رشید احمد صاحب ( سوئٹزرلینڈ)
23؍ستمبر2024ء کو 91 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت شیخ محمد حسین صاحب رضی اللہ عنہ اور حضرت حافظ عبد الجلیل خان صاحب شاہجہانپوری رضی اللہ عنہ کے داماد تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، چندوں میں باقاعدہ اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے ایک فدائی اور مخلص انسان تھے۔آپ جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے پرانے ممبر تھےاور کئی سالوں سے زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیٹیا ں اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے داماد مکرم سید اسماعیل یوسف صاحب آف جدہ حضرت سیٹھ ابو بکر یوسف صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیٹے اور دوسرے داماد مکرم زاہد قریشی صاحب کئی سال امیر جماعت شارجہ رہ چکے ہیں۔
(5) مکرم عبد الرشید فوزی صاحب ابن مکرم محمد موسیٰ صاحب ( امریکہ)
23؍ستمبر 2024ء کو 83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے1960ء میں تعلیم الاسلام کالج سے گریجوایشن کرنے کے بعد1962ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ہسٹری میں ماسٹرز کیا۔1962ء سے 1966ء تک تعلیم الاسلام کالج میں پڑھاتے رہے۔ 1966ء میں آپ کا تقرر احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول فری ٹاؤن سیرالیون میں ہواجہاں آپ 1990ء تک خدمت بجالاتے رہے۔1990ء میں امریکہ آگئے اور جماعت احمدیہ بالٹی مورکے صدر اور پھر سیکرٹری مال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ 2019ء سے آپ جماعت احمدیہ امریکہ کے شعبہ مال کے دفتر میں خدمت کی توفیق پارہے تھے۔ صوم وصلوٰۃ کےپابند،متقی، دعا گو، محنتی، متوکل علی اللہ، عاجز اور منکسرالمزاج،ہمدرد،ملنسار، خلافت سے گہرا عشق ومحبت کا تعلق رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین