اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-01-23

نماز جنازہ حاضروغائب

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے23؍ ستمبر 2024ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
(1)مکرم مرزا عبدالرحیم انور صاحب(لندن۔ یوکے)
16ستمبر2024ء کو84 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مولوی محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ (مصنف چٹھی مسیح۔ آف ترگڑی ضلع گوجرانوالہ) کے پڑپوتے اور مکرم مرزا عبد الرؤف صاحب
( سابق امیر ضلع کیمبل پورحال اٹک ) کے بیٹے تھے۔ مرحوم گذشتہ دو دہائیوں سے مسجد فضل کے پاس رہائش پذیر تھے۔ نماز با جماعت کے پابند، چندوں میں باقاعدہ، سلسلہ کی خدمت کے ليے مستعد، علمی ذوق رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ ایک پُر جوش داعی الی اللہ بھی تھے اور میڈیا پر جماعت کے دفاع میں بکثرت سوال و جواب کیا کرتے تھے۔ آپ نے اپنے حلقہ میں متعدد بار بطورزعیم انصار اللہ اور دیگر جماعتی خدمات کی توفیق پائی۔ چیریٹی اور سوشل ورک کے کاموں میں بھی حصہ لیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
(2) مکرم الحاج محیب لنرے ادریس صاحب Muheeb Lanre Idris(آکسفورڈ۔ یوکے)
17ستمبر2024ء کو75 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق نائیجیریا سے تھا اور پیشےکے لحاظ سے بینک مینیجر تھے۔ مرحوم 69۔1968ء میں بیعت کر کے جماعت احمدیہ میں شامل ہوئے۔ شروع سے ہی مجلس خدام الاحمدیہ میں بہت مستعد تھے۔ آپ نے مجلس انصار اللہ نائیجر یا میں دس سال تک بطور نائب صدر اور نائیجیریا جماعت میں نیشنل سیکرٹری وصیت اور نیشنل آڈیٹر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ آپ خود موصی تھے اور احباب جماعت کو نظام وصیت میں شمولیت کے ليے تلقین کیا کرتے تھے۔ پسماندگان میں چھ بچے شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
(1) مکرم ملک مشتاق احمد صاحب(جرمنی ) ابن مکرم ملک محمد عظیم صاحب ( بوچھال کلاں ضلع چکوال)
23 اگست2024ء کو77 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم کے دادا مکرم میاں حسن دین صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زندگی میں بذریعہ خط بیعت کی توفیق پائی تھی۔ مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند، نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم نے Darmstadt جماعت میں لوکل سیکرٹری وصایا اور سیکرٹری مال کے علاوہ اسسٹنٹ نیشنل سیکر ٹری وصایا کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم1988ء میں ہجرت کر کے جرمنی آئے تھے۔ مرحوم کو سو مساجد سکیم کے تحت Wittlich اور Riedstadt میں مساجد کی تعمیر کے ليے وقف عارضی کی توفیق بھی ملی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
(2)مکرم رانا محمد شفیق صاحب (ربوہ )
5جولائی2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم نے دفتر وقف جدید ربوہ میں 24 سال تک بطور مالی خدمت کی توفیق پائی۔ صوم و صلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، سادہ مزاج، خوش اخلاق، ہمدرد، ملنسار، محنتی، مخلص اور نیک انسان تھے۔ حضور انور کا خطبہ بڑی باقاعدگی اور شوق سے سنتے تھے۔ رشتہ داروں اور پڑوسیوں سب کا خاص خیال رکھتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔
(3) مکرمہ نسرین اختر صاحبہ اہلیہ مکرم نعمت اللہ جاوید صاحب (دارالبرکات ربوہ)
15اگست 2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ آپ کو اوائل جوانی سے ہی جماعتی لٹریچر کے مطالعہ کا بہت شوق تھا۔ صوم و صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، متوکل علی اللہ، چندوں میں باقاعدہ، جماعتی اور تنظیمی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی، صابرو شاکر، بہت سادہ اور نیک طبیعت کی مالک مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم وقاص عمر صاحب خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(4)مکرم رحمت اللہ باجوہ صاحب ابن مکرم عبد الغنی صاحب (ربوہ)
11مئی 2024ء کو94سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت ان کے پڑدادا مکرم حسین بخش صاحب کے ذریعہ آئی۔ جن کا تعلق تلونڈی عنایت خان ضلع سیالکوٹ سے تھا۔ مرحوم نے مقامی سطح پر صدر جماعت اورزعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، اپنے علاقہ میں بہت ہر دلعزیز، ہمدرد، مخلص اور نیک انسان تھے۔ تبلیغ کا بھی شوق تھا۔ پسماندگان میں دو بیٹے شامل ہیں۔
(5) مکرم نبی احمد کھوسہ صاحب ابن مکرم جعفر خان صاحب(مبار کہ آباد نفیس نگر جھڈو ضلع میر پور خاص)
15جولائی2024ء کو85 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم اسیر راہ مولیٰ رہے ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی اسیر رہا ہے۔ آپ نے اپنی جماعت میں صدر جماعت احمدیہ اور زعیم انصار اللہ کےطور پر خدمت کی توفیق پائی۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ جماعت اور خلافت کے ساتھ عقیدت کا گہرا تعلق تھا اور اپنے سب بچوں کو بھی خلافت کے ساتھ جڑے رہنے کی تلقین کیا کرتے تھے۔پسماندگان میں دو بیویوں سمیت 7بیٹیاں اور10 بیٹے شامل ہیں۔
(6) مکرم نوید احمد بندیشہ صاحب ابن مکرم محمد رفیق بندیشہ صاحب(261 رب ادھو والی ضلع فیصل آباد)
16جون2024ء کو43 سال کی عمر میں ملائیشیا میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم کے پڑدادا مکرم شیر محمد بندیشہ صاحب نےحضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ آپ نے مقامی جماعت میں سیکرٹری امور عامہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ جب مخالفین نے گھروں پر حملہ کیا اور مسجد کے مینار گرائے تو آپ نے بڑی بہادری سے حالات کا مقابلہ کیا اور ۶ ماہ اسیر راہ مولیٰ بھی رہے۔اس واقعہ کے کچھ عرصہ بعد پاکستان سے ہجرت کر کے بچوں کے ہمراہ ملائیشیا چلے گئے تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، جماعت کی بڑی غیرت رکھنے والے، بااخلاق، بہادر، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ پسماندگان میں دو بیویاں اور پانچ بچے شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین