سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے21؍ ستمبر 2024ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
(1) مکرم محمد عبدالرشید حیدر آبادی صاحب (جماعت یوکے) ابن مکرم عبد الرحمٰن صاحب( آف حیدرآباد۔ انڈیا)
18ستمبر2024ء کو88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ ۔ مرحوم پہلے ڈھاکہ اور پھر کراچی میں مقیم رہے۔ 1962ء میں یو کے شفٹ ہونے پر برمنگھم میں رہائش اختیار کی اور وہاں جماعت قائم کی اور اس کے پہلے صدر مقرر ہوئے۔ 1968ء میں آپ برمنگھم سے لندن شفٹ ہو گئے۔ آ پ نے لمبا عرصہ MTA کے دفتر میں اور اس کے علاوہ مقامی صدر جماعت، قاضی سلسلہ اور جلسہ سالانہ یوکے پر اہم خدما ت بجالانے کی توفیق پائی۔ مرحوم نماز اورروزہ کےپابند، خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق رکھنے والے، نیک مخلص اور باوفا خادم سلسلہ تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
(2) مکرم را نا اکرام اللہ خان صاحب( آف وسن کے ضلع سیالکوٹ حال جماعت ووسٹر پارک۔ یوکے)
17ستمبر2024ء کو71 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ ۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، خلافت کے عاشق ایک نیک اورمخلص انسان تھے۔ پاکستان میں ان کو مقامی سطح پر صدر جماعت، سیکرٹری مال، زعیم انصار اللہ، سیکرٹری اصلاح وارشاد اور سیکرٹری رشتہ ناطہ کے طورپر خدمت کی توفیق ملی۔ آپ2020ء میں یو کےشفٹ ہوئے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم اطہر احمد صاحب (عملہ حفاظت خاص یوکے)کے ماموں تھے۔
نماز جنازہ غائب
(1) مکرمہ ولایت بی بی صاحبہ بنت مکرم احمد خان صاحب (ربوہ)
20اپریل 2024ء کو84 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّااِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ ۔ مرحومہ نے 1978ء میں اپنے خاوند مکرم بشیر احمد بھٹی صاحب آف کلسیاں کے ہمراہ بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحومہ سادگی اور اخلاص کے ساتھ جماعت سے وابستہ رہیں۔ نمازوں کی ادئیگی اور تلاوت قرآن کریم بڑی باقاعدگی سے کیا کرتی تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹوں اور۴پوتوں کے علاوہ ایک غیر احمدی بیٹی شامل ہیں۔ مرحومہ مکرم خالد محمود الحسن بھٹی صاحب (سابق وکیل الدیوان ربوہ )کی پھوپھی زاد اور مکرم یعقوب احمد بھٹی صاحب کی والدہ تھیں۔ ان کا ایک پوتا بھی مربی سلسلہ ہے۔
(2)مکرمہ فرزانہ خواجہ صاحبہ اہلیہ مکرم خواجہ عبدالمجید صاحب (کینیڈا)
یکم جولائی 2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مرزا جمیل بیگ صاحب ایڈووکیٹ رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں۔ آپ نے لجنہ میں مختلف خدمتوں کے علاوہ کافی عرصہ سیکرٹری وقف نو کا کام بھی کیا۔ جب بچوں کو Onlineقرآن مجید پڑھانے کا آغاز ہوا تو آپ کا نام ابتدائی اساتذہ میں شامل تھا۔ آپ کا گھر مسجد کے بہت قریب تھا۔ مسجد میں جب بھی کوئی بڑا پروگرام ہوتا تو اپنے بچوں کے ساتھ مل کر ضیافت کی ذمہ داری بھی ادا کرتی رہیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تہجدگزاراور مہمان نواز تھیں۔ چندہ ہمیشہ باقاعدگی سے ادا کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں2 بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم خواجہ عبد الباسط صاحب (مربی سلسلہ) ساؤتھ امریکہ(Ecuador) کی والدہ تھیں۔
(3)مکرم محمد جاوید اقبال صاحب ریٹائرڈ سپر نٹنڈنٹ انجینئر ابن مکرم چودھری محمد دین وینس صاحب (کینیڈا)
25 جولائی2024ء کو74 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ ۔ مرحوم حضرت چودھری سلطان احمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پڑنواسے تھے۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، غریبوں کے ہمدرد، رحمی رشتوں کا خیال رکھنے والے، مہمان نواز، ایک مخلص اور نیک فطرت انسان تھے۔ خلافت سے گہری وابستگی کا تعلق تھا۔ خلیفہ وقت کے خطبات باقاعدگی سے سنتے تھے۔ جماعتی عہدیداروں کا بہت احترام کرتے تھے۔ چندہ جات کی ادائیگی میں با قاعدہ تھے۔ آپ نے پاکستان اور کینیڈا میں مختلف جماعتی خدمات کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اورتین بیٹیاں شامل ہیں۔
(4)مکرمہ نصرت جہاں صاحبہ اہلیہ مکرم محمود احمد صاحب شہید آف کوئٹہ (حال کینیڈا)
23اگست 2024ء کو87 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔آپ مکرم میاں بشیر احمد صاحب( سابق امیر جماعت کوئٹہ وناظم اعلیٰ انصاراللہ بلوچستان ) کی سب سے بڑی بیٹی تھیں۔مرحومہ صو م و صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، خلافت سے عقیدت کا گہر اتعلق رکھنے والی، خوش اخلا ق، ہمدرد، ملنسار، مخلص اور نیک خاتون تھیں۔ کو ئٹہ میں قیام کے دوران مرحومہ نے لجنہ میں جنرل سیکرٹری اور سیکرٹری مال کے طور پر ۵۰؍ سال سے زائد عرصہ خدمت کی توفیق پائی۔ آپ علاقے کے احمدی اور غیر احمدی بچوں کو قرآن مجید اور سکول کے مضامین پڑھانے میں مدد کرتیں لیکن کبھی کسی سے معاوضہ نہیں لیا۔ لجنہ اماء اللہ کے تعلیم بالغان پروگرام کے تحت بڑی عمر کی ممبرات کو گھریلو حساب کتاب رکھنے، حضرت مسیح موعودؑ کی کتب پڑھنے اور خط لکھنے کی تعلیم بھی دیتی رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
(5) مکرم ناصر احمد صاحب ابن چودھری عبدالحمید صاحب (جرمنی )
31 اگست 2024ء کو73 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم پاکستان آرمی میں ملازمت کرتے رہے اور ڈیوٹی کے دوران جوانی کی عمر میں ایک حادثہ میں ایک ٹانگ سے
محروم ہو گئے تھے۔ معذوری کے باوجود کسی پر کبھی بوجھ نہیں بنے اور اپنی محنت سے بچوں کو پالا اور ہمیشہ انہیں جماعت سے جوڑ کر رکھا۔ 2016ء میں فن لینڈ اور پھر جرمنی منتقل ہو گئے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور ۵ بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرمہ ریحانہ کوکب صاحبہ (صدر لجنہ اماء الله فن لینڈ) کے والد اور مکرم شیخ محمد یونس صاحب ( شہید لاہور )کے ہم زلف تھے۔
(6)مکرم سید منور احمد شاہ صاحب ابن مکرم سید اقبال حسین شاہ صاحب (ربوہ)
12 اگست 2023ء کو56 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْنَ۔ مرحوم کے پڑدادا حضرت سید قاسم شاہ صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ مرحوم نے ربوہ
میں وکالت دیوان اوروکالت تبشیر میں خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، ملنسار، محنتی اور ہنس مکھ مخلص انسان تھے۔ بچوں کی تعلیم کا بہت خیال رکھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ۲ بیٹے اور۳ بیٹیاںشامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین