اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-06-29

 نماز جنازہ حاضر وغائب مورخہ26؍اپریل 2023ء بمقام اسلام آباد (ٹلفورڈ) یو.کے

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ26؍اپریل 2023ء بروز بدھ12 بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکردرج ذیل مرحومین کی نمازجنازہ حاضر وغائب پڑھائی ۔

نماز جنازہ حاضر

٭مکرم محمد سلیم صاحب (ربوہ حال یو.کے)
23؍اپریل 2023ء کو90 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم16-15 سال کی عمر میں انڈیا سے ہجرت کر کے پاکستان آ ئے اور ننکانہ صاحب میں رہائش پذیر ہوئے اور وہاں قائد مجلس خدام الاحمدیہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔اس دوران مخالفین نے آپ کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا لیکن حضرت مصلح موعود ؓکی دُعا ؤں اور شفقت سے باعزت بری ہوئے اور پھر حضورؓ کی ہدایت پر ربوہ شِفٹ ہوگئے اور وہاں کاروبار شروع کیا۔ کچھ عرصہ بعد مرحوم نے تحریک جدید میں ملازمت اختیار کر لی اور بیرونی ممالک میں مقیم واقفین زندگی کے گھروں میں ضروریات زندگی پہنچانے کا فریضہ کئی سال تک بخوبی سرانجام دیتے رہے۔مرحوم نما ز اور روزہ کے پابند، لوگوں کی ساتھ انتہائی پیار و محبت سے ملنے والے، خوش گفتار، دھیمے مزاج کے مالک، خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے، بہت نیک، مخلص اور دیندار انسان تھے۔ مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں 6بیٹے اور 5 بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب

(1)مکرمہ ثریا بیگم صاحبہاہلیہ مکرم امتیاز احمد کنگ صاحب (جرمنی)
25؍ فروری 2023ء کو 64 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، مہمان نواز، ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والی، صائب الرائے، سچی خوابیں دیکھنے والی، صابرہ وشاکرہ اور دعا گو خاتون تھیں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور جماعتی کتب زیر مطالعہ رکھتیں۔ بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھاتی رہیں۔ خطبہ جمعہ باقاعدگی سے سنتیں۔ خلافت سے نہایت اخلاص اور کامل فرمانبرداری کا تعلق تھا۔ مالی قربانی کا بہت شوق رکھتیں اور اس کیلئے اپنے زیورات بھی پیش کرتی تھیں۔ بچوں کی تربیت کا بہت خیال رکھتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹےاورتین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم افتخار احمد کنگ صاحب (مربی سلسلہ) کی والدہ تھیں جو آج کل جرمنی کے شعبہ آرکائیو اینڈ ریسرچ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ کے ایک داماد مکرم مستجاب قاسم صاحب بھی مربی سلسلہ ہیں۔
(2) مکرم بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) عبدالغفور احسان صاحب(کینیڈا)
13؍مارچ 2023ء کو 75 سال کی عمر میں کینیڈا میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم سانحہ لاہور کے موقع پراپنے بچوں کے ہمراہ مسجد دارالذکر میں موجود تھے۔ اس سانحہ میں آپ کے بیٹے مکرم انعام اللہ احسان صاحب شدید زخمی ہوئے۔ مرحوم کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور دیگر کتبِ سلسلہ بہت شوق سے پڑھتے تھے۔ 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران ظفر وال سیکٹر میں بطور کمپنی کمانڈر بڑی بہادری سے لڑے۔ 1974ء میں فوج چھوڑنا چاہی تو حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد پر اپنا ارادہ ترک کر دیا اور پھر بریگیڈئیر کے عہدے تک ترقی پائی۔ ساری زندگی جماعت سے بہت مضبوط تعلق رکھا اور ہمیشہ مختلف جماعتی خدمتوں میں مصروف رہے۔ چنانچہ صدر حلقہ لالہ زار راولپنڈی اور سیکرٹری اصلاح و ارشاد اورسیکرٹری دعوت الی اللہ راولپنڈی کے علاوہ ناظم اعلیٰ مجلس انصار اللہ علاقہ لاہور کے طور پر خدمت کی توفیق پائی اور کینیڈا آنے پر لوکل نائب امیر ٹورانٹو و یسٹ اور سیکرٹری امور خارجہ کے طور پر خدمت بجالاتے رہے۔ خلافت اور جماعت سے بہت اخلاص کا تعلق تھا اوراس تعلق کے اظہار میں ہمیشہ بہت نڈر رہے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔
(3)مکرمہ رشیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد عبد اللہ صاحب (ٹیلر ماسٹر،ربوہ)
یکم فروری 2023ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے سسر حضرت میاں احمد دین صاحب رضی اللہ عنہ اور ساس حضرت صوباں بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی میں سے تھے۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، بہت خوش اخلاق، ملنسار، مہمان نواز، صدقہ وخیرات کرنے والی،دعا گو، متوکل علی اللہ،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ روزانہ باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرتی تھیں اور رمضان میں قرآن کریم کے کم ازکم تین دور مکمل کرتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم ضیاء اللہ مبشر صاحب(مربی سلسلہ جاپانی ڈیسک ربوہ) کی والدہ تھیں۔آپ کے دونواسے مکرم واصف شہزاد صاحب اورمکرم فاتح احمد صاحب بھی مربی سلسلہ ہیں۔ جن میں سے ایک مالی (افریقہ)میں اور دوسرے نظارت اشاعت ربوہ میں خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ ایک نواسی مکرم راجہ برہان احمد صاحب(مربی سلسلہ واستاد جامعہ احمدیہ یو.کے)سے بیاہی ہوئی ہیں۔ اسکے علاوہ تین پوتیاں اور ایک پڑنواسی بھی مربیان کے ساتھ بیاہی ہوئی ہیں۔
(4)مکرمہ منیرہ سلطان صاحبہ اہلیہ مکرم پروفیسر (ریٹائرڈ) سلطان احمد چودھری صاحب (امریکہ)
4؍مارچ 2023ء کو 67سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا مکرم چودھری فیض بخش صاحب کو حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں احمدیت قبول کرنے کی توفیق ملی۔مرحومہ نماز وں کی پابند، چندوں میں باقاعدہ،بہت ہنس مکھ، مہمان نواز، غریب پرور اور سلسلہ سے انتہائی عقیدت رکھنے والی ایک نیک خاتون تھیں۔ ایثار، قربانی اور خدمت کا جذبہ بہت نمایاں تھا۔ لجنہ میں کسی نہ کسی رنگ میں خدمت کی توفیق پاتی رہیں۔دعوت الی اللہ کا بہت شوق تھا۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
(5)مکرمہ شریفاں بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری محمد رفیق صاحب(دارالبرکات ربوہ )
14؍دسمبر 2022ء کو88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، چندوں میں باقاعدہ،خلافت سے پختہ تعلق رکھنے والی اور نیک کاموں میں بہت تعاون کرنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔ لجنہ میں کافی عرصہ گروپ لیڈر کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم کلیم احمد طاہر صاحب مربی سلسلہ نظارت اشاعت ربوہ کی والدہ تھیں۔
(6)مکرم بشارت احمد صاحب ملہی (ربوہ )
3؍مارچ 2023ء کو77سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، بہت نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔آپ نے صدر جماعت 43 جنوبی سرگودھا کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم موصی تھے۔
(7)مکرمہ ریشم بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم منظور احمد صاحب(پنڈ بیگووال ضلع اسلام آباد)
15؍جنوری 2023ء کو83سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے مقامی سطح پر تیس سال بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی۔صوم وصلوٰۃ کی پابند، غریبوں کا خیال رکھنے والی، جماعتی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی، ایم. ٹی. اے کی شیدائی،ایک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ صبح و شام قرآن کریم کی تلاوت کیا کرتی تھیں۔آپ نے پنڈ بیگووال میں مربی ہاؤس کی تعمیر کیلئے زمین پیش کرنے کی بھی توفیق پائی۔
(8)مکرمہ نصرت حئی صاحبہ ( جرمنی)
11؍اکتوبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ جماعتی اور تنظیمی پروگراموں میں شوق سے شامل ہوتی تھیں اور چندوں میں باقاعدہ تھیں۔پیشہ کے لحاظ سے جج تھیں۔آپ جرمنی جماعت کے پہلے مبلغ مکرم چودھری عبد اللطیف صاحب کی نواسی تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

…٭…٭…٭…