اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2024-09-12

نماز جنازہ حاضروغائب

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے15؍ جون 2024ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر و غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم اقبال حیدر یوسفی صاحب(آف بیت الفتوح جماعت۔ یوکے)
28؍مئی 2024ءکو 77 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت ڈاکٹرمحمد بخش صاحب رضی اللہ عنہ کے نواسے اور مکرم مولوی غلام حیدر صاحب مرحوم (معلم وقف جدید کریم نگر فارم )کے بیٹے تھے۔ مرحوم سات سال ملائیشیا میں رہے اور اب ایک سال سے یو کے میں مقیم تھے۔ مرحوم نیک، پابند صوم و صلوٰۃ ، تہجد گزار، خوش گفتار اور صاحب کشف بزرگ تھے۔ بیماری اور پیرانہ سالی کے باوجود مسجد میں باجماعت نماز ادا کرتے اور جماعتی پروگراموں میں شامل ہوتے۔مرحوم گلشن اقبال کراچی میں سیکرٹری اشاعت کی خدمت بجالاتے رہے۔ جماعتی رسائل میں بے شمار مضامین لکھے۔ تقریری مقابلوں اور مضمون نویسی میں حصہ لیتے رہے۔ ملائیشیا میں مجلس انصار اللہ کے تحت شائع ہونے والے رسالہ ناصر کے لیے پروف ریڈنگ کا کام کرتے رہے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور 4 بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے بچوں کو بھی جماعتی خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ ایک بیٹے مکرم اظہر اقبال صاحب جماعت ایپسم کے نائب صدر اور جنرل سیکرٹری ہیں۔ آپ مکرم ظہیر احمد جتوئی صاحب اور مکرم مبارک احمد ظفر صاحب (ایڈیشنل وکیل المال یوکے) کے کزن تھے۔
نماز جناز ہ غائب
(1) مکرم شیخ کریم اللہ صاحب ابن مکرم شیخ حمید اللہ صاحب(دار الصدر غربی لطیف ربوہ)
2؍ فروری 2024ءکو76 سال کی عمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی میاں علی محمد صاحب رضی اللہ عنہ (آف لکھا نوالی ضلع سیالکوٹ) کے نواسے تھے۔ ٹاؤن شپ ضلع لاہور میں 9 سال تک زعیم انصار اللہ رہے۔ مرحوم شادی سے قبل لیبیا میں الیکٹریشن کا کام کرتے تھے اور ساتھ ساتھ جماعتی خدمت بھی کرتے رہے۔ مرحوم نیک،مخلص اور باوفاانسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔
(2) مکرم منظور احمد گوندل صاحب ابن مکرم ملاخان صاحب(طاہر آباد غربی ربوہ)
15؍فروری 2024ء کو 75 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی سطح پر مختلف حیثیتوں میں جماعتی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم پنجوقتہ نماز وں کے پابند، تہجد گزار ، چندوں میں باقاعدہ، سادہ اور منکسرالمزاج، ملنسار ایک نیک مخلص بزرگ تھے۔ بڑے بھائی کی وفات کے بعد آپ کی شادی ان کی بیوہ سے ہوئی۔ جن کے بچوں کی کفالت بڑی توجہ اور محبت سے کی۔ مرحوم موصی تھے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور 6 بیٹے شامل ہیں۔
(3) مکرمہ مسعودہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم ممتاز احمد رفیق ڈوگر صاحب المعروف ممتاز پلاسٹک ہاؤس ربوہ( آف نانو ڈوگر ضلع لاہور ، حال باب الابواب شرقی ربوہ )
16؍فروری 2024ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، تقویٰ شعار، خلافت سے فدا ئیت کا تعلق رکھنے والی، سلیقہ شعار، مہمان نواز ،غریب پرور،ہمدرد نیک اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت کی ہر تحریک پر اول وقت میں لبیک کہنے والی تھیں۔ مرکزی مربیان اور معلمین کا بہت احترام کرتی تھیں۔ گاؤں کے سینکڑوں احمدی اور غیر احمدی بچوں اور بچیوں کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق ملتی رہی۔مرحومہ نے اپنی طویل بیماری نہایت استقامت اور صبر سے برداشت کی۔ مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سےموصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔آپ مکرم شفقت اللہ ہمایوں ڈوگر صاحب (کار کن حفاظت خاص۔اسلام آباد یوکے) کی والدہ تھیں۔
(4) مکرمہ صفیہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر شریف احمد صاحب مرحوم (دندان سازربوہ حال لندن)
5؍اپریل2024 کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولوی علی شیر صاحب رضی اللہ عنہ آف زیرہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیٹی تھیں۔صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، چندوں میں باقاعدہ ، مالی تحریکات میں حصہ لینے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں2 بیٹے اور 6بیٹیاں شامل ہیں۔
(5) مکرمہ کوثر تنویر صاحبہ اہلیہ مکرم تنویر احمد سندھو صاحب(سرگودھا)
یکم جنوری 2021ء کو63 سال کی عمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت چودھری عبد اللہ خان صاحب پٹواری رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی اورمکرم محمود احمد چیمہ صاحب (سابق امیر ومشنری انچارج انڈونیشیا) کی بھانجی تھیں۔ مرحومہ نے صدر لجنہ کراچی کے علاوہ مختلف تنظیمی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ اورتلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار ، غریب پر ور، نظام جماعت کی اطاعت گزار اور چندوں میں با قاعدہ، دینی شعار کا احترام کرنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔حضرت مسیح موعودؑ کی کتب کا مطالعہ باقاعدگی سے کرتی تھیں۔ خلافت سے عقیدت کا گہرا تعلق تھا۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم زبیر احمد سندھو صاحب خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(6) مکرم چودھری سمیع اللہ رشید صاحب ابن مکرم محمد ابراہیم رشید صاحب(ربوہ)
3؍ نومبر 2023ء کو83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کو گاؤں میں مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق ملی۔ اکثر جمعہ بھی پڑھایا کرتے تھے۔ جماعت اور خلافت سے گہرا تعلق تھا۔ نماز باجماعت، روزہ اور قرآن کریم با ترجمہ پڑھنے کے پابند تھے۔بہت اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک اورمخلص انسان تھے۔
(7) مکرمہ راحت رشید صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الرشید صاحب(ربوہ)
22؍ نومبر 2023ء کو58 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ چودھری عبد الرحیم نذیر صاحب کی بیٹی اور مکرم عبدالسلام صاحب مرحوم( سابق نائب افسر حفاظت خاص) کی بہو تھیں۔جلسہ سالانہ ربوہ اور لجنہ اماءاللہ کے اجتماعات پر ڈیوٹی دیتی رہیں۔ وفات سے قبل ربوہ میں گروپ لیڈر تھیں۔ مرحومہ اچھے اخلاق کی مالک ایک ہمدر د مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں میاں کےعلاوہ تین بیٹیاں شامل ہیں۔
(8) مکرم ظفر علی گوندل صاحب ابن مکرم محمد یار صاحب(طاہر آباد غربی ربوہ)
15 فروری 2024ء کو55 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نمازوں کے پابند ،سادہ طبیعت کے مالک ایک مخلص اور باوفا انسان تھے۔مرحوم 1995ء میں اپنی فیملی کے ہمراہ احمدیت میں شامل ہوئے۔ اپنے والد یار محمد صاحب کی وفات کے بعد مکرم منظور احمد گوندل صاحب (جن کا ذکر پہلے ہوا ہے )کے زیر کفالت رہے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
خ ض ژ ض خ