حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 08؍جنوری 2023ء بروز اتوار 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضرو غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
عزیزم لبیب شاہد بھٹی ابن مکرم زاہد محمود بھٹی صاحب (لندن)
25؍دسمبر 2022ء کو9 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگیا۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ عزیز تحریک وقف نو میں شامل تھا اور بہت نیک اور فرمانبردار بچہ تھا۔اس کے والد زاہد محمود بھٹی صاحب نے کوونٹری جماعت میں سیکرٹری مال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔بہت مخلص، چندہ جات کی ادائیگی میں باقاعدہ اور جماعت کے ساتھ قریبی تعلق رکھنے والی فیملی ہے۔
نماز جنازہ غائب
1- مکرم امیر احمد طاہر صاحب ابن مکرم غلام سرور صاحب(ربوہ)
11؍ دسمبر 2022ء کو ایک روڈ ایکسیڈنٹ میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ محلہ میں سیکرٹری وقف جدید کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے تھے۔ہمیشہ جماعتی خدمت کو اوّلین فرض سمجھ کر ادا کیا کرتے تھے۔پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، خوش اخلاق، ملنسار،قناعت پسند،محنتی، دیانت داراور مخلص انسان تھے۔خلافت سے آپ کا گہرا وفا کا تعلق تھا۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں شامل ہیں۔
2- مکرم خواجہ منور احمد صاحب (ربوہ۔حال ہمبرگ جرمنی)
12؍ نومبر 2022ء کو79سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ کے والد حضرت خواجہ محمد شریف صاحب ر ضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، دعا گو، تہجد گزار، متوکل علی اللہ، خوش گفتار، ملنسار، مہمان نواز، چندوں میں باقاعدہ ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔خلافت کے ساتھ گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ آپ زمیندارہ اور تجارت کا وسیع تجربہ رکھتے تھے۔لمبا عرصہ حضرت سیدہ نواب امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ کی زمینوں پر بھی کاشت کاری کرواتے رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور آٹھ بیٹیاں شامل ہیں۔
3- مکرم بشارت احمد باجوہ صاحب(جرمنی)
7؍ اکتوبر 2022ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ بہت نیک، مخلص اور باوفا انسا ن تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔
4- مکرمہ مسرت بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم بشارت احمد باجوہ صاحب(جرمنی)
24؍ نومبر 2022ءکو اپنے میاں کی وفات کے ڈیڑھ ماہ بعد لاہو ر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحومہ ایک نیک فطرت اور مخلص خاتون تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔
5- مکرمہ جمشید معین صاحبہ اہلیہ مکرم معین الدین احمد صاحب (کینیڈا)
26؍ دسمبر 2022ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ کے نانا حضرت میاں مولا بخش صاحب رضی اللہ عنہ اور ماموں حضرت چودھری عطا محمد بنگوی صاحب رضی اللہ عنہ دونوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ مرحومہ کے میاں نے واہ کینٹ جماعت میں لمبا عرصہ تک امین اور نائب امیر کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔آپ نے شوہرکاجماعتی خدمات میں ہر طرح کا ساتھ دیا۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، متوکل علی اللہ،خلق خدا کی ہمدرد،مہمان نواز، صابرہ وشاکرہ، ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ خاص عشق کا تعلق تھا۔ اولاد کی تعلیم وتربیت پر ہمیشہ خاص توجہ دی۔ چندوں میں شرح اور باقاعدگی کا بہت خیال رکھتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم شاہد معین احمد صاحب ( وقف زندگی) جماعت کے مرکزی شعبہ AIMS میں اورآپ کے پوتے مکرم قاصد معین احمد صاحب مربی سلسلہ آجکل بطور ایڈیٹر اخبار الحکم خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
6- مکرمہ امۃ المصور صاحبہ اہلیہ مکرم اعجاز احمد ورک صاحب (دارالرحمت شرقی ربوہ)
13؍ دسمبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت فیض احمد بھٹی صاحب رضی اللہ عنہ اور حضرت قاضی ضیاء الدین صاحب رضی اللہ عنہ کی نسل سے تھیں۔آپ نے اپنے حلقہ میں نائب صدر کے علاوہ لجنہ کے مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ ایک فعال داعی الی اللہ بھی تھیں اور متعدد بیعتیں کروانے کی بھی توفیق پائی۔ ہمسایوں کی بچیوں کو قرآن کریم باترجمہ پڑھانے کا بھی موقعہ ملا۔صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، تہجد گزار، صلہ رحمی کے جذبہ سے سرشار،ایک نیک، ہمدرد اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خواتین کے ساتھ عقیدت کا گہر اتعلق تھا۔مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے ۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔