اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-05-25

نماز جنازہ حاضر وغائب مورخہ 11؍فروری 2023ء بروز ہفتہ

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 11؍فروری 2023ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر وغائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر


٭مکرمہ آمنہ صدیقہ منان صاحبہ اہلیہ مکرم میاں عبد المنان صاحب (ارلز فیلڈ،یو.کے)
8؍فروری 2023ءکو 90سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت میاں عبد العزیز صاحب المعروف المغل رضی اللہ عنہ کی بیٹی اور حضرت میاں چراغ الدین صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں۔آپ اپنے شوہر اور بچوں کے ساتھ 1960ء کی دہائی میں یوکے آئیں اور Batterseaکی صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔صوم وصلوٰۃ کی پابند، باقاعدگی سے تہجد ادا کرنے والی ایک نیک متقی اور دعا گو خاتون تھیں۔غریب پروری، عزیز واقارب سے حسن سلوک اور مہمان نوازی آپ کے نمایاں اوصاف تھے۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ساری کتب پڑھنے کی توفیق پائی۔جماعتی کتب اور رسائل کا بڑی باقاعدگی سے مطالعہ کرتی تھیں۔خلافت سے والہانہ عقیدت اور احترام کا تعلق تھا۔ایم ٹی اے باقاعدگی سے دیکھتی تھیں۔آپ کو چار خلفاء کا دور دیکھنے کی توفیق ملی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں چار بیٹے، تین بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔

نماز جنازہ غائب


(1)مکرمہ رشیدہ سلمیٰ چودھری صاحبہ اہلیہ مکرم رشید احمدچودھری صاحب (کینیڈا)
28؍دسمبر2022ء کو 91سال کی عمر میں کینیڈا میں وفات پاگئیں۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت حاجی محمد امیر خان صاحب رضی اللہ عنہ اور حضرت اصغری بیگم صاحبہؓ کی نواسی تھیں۔آپ کی والدہ مکرمہ حمیدہ بیگم صاحبہ حضرت میر محمد اسحاق صاحب رضی اللہ عنہ کی اہلیہ حضرت صالحہ بیگم صاحبہ رضی اللہ عنہا کی ماموں زاد اور پھوپھی زاد بہن تھیں۔مرحومہ صوم صلوٰۃ کی پابند،تہجد گُزار،ملنسار، مہمان نواز،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔خلافت اور جماعت سے والہانہ عشق تھا۔ تلاوت قرآن کریم میں نہ صرف باقاعدہ تھیں بلکہ احمدی اور غیر احمدی بچیوں کو بھی ناظرہ اور باترجمہ قرآن پڑھاتی رہیں۔ جماعتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لینے والی تھیں۔ کینیڈا میں طویل عرصہ تک صدر لجنہ سڈبری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ خدا کے فضل سے موصیہ تھیں۔
(2)مکرم شیخ مظفر احمد صاحب ابن شیخ مشتاق احمد صاحب (دنیا پور )
28؍جنوری 2023ء کو حرکت قلب بند ہونے سے84 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ محکمہ تعلیم میں ملازمت کے دوران مذہبی منافرت کی بنا پر آپ کو ساتھی اساتذہ کی طرف سے شدید مخالفت کا سامنا رہا مگر آپ نے ہمیشہ ہمت، حوصلے اور دعا کے ساتھ ان مشکلات کا مقابلہ کیا۔ قومی اسمبلی کے فیصلے کے بعد جون 1976ء میں ان کے خاندان میں پہلی وفات ہوئی تو آپ نے شہر کے سرکردہ افراد سے مل کر احمدیوں کے علیحدہ قبرستان کے حصول کو ممکن بنایا جہاں اس میت کی تدفین ہوئی۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور جماعتی اخبارات کا باقاعدگی سے مطالعہ کرتے۔ خلافت سے انتہائی عقیدت و احترام کا تعلق تھا۔ مرکزی مہمانوں، مربیان اورچندہ جات کی وصولی کیلئے آنے والے انسپکٹران کی بھرپور جذبے کے ساتھ خدمت کی توفیق پائی۔مسلسل کئی سال بڑی باقاعدگی کے ساتھ وقف عارضی کرتے رہےاور کئی بار سند خوشنودی حاصل کی۔ آپ نے مقامی سطح پرقائد مجلس اور زعیم انصار اللہ کے علاوہ ضلعی عاملہ میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ لمبا عرصہ امام الصلوٰۃ رہے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار،تلاوت قرآن کریم میں باقاعدہ،دعاگو، منکسر المزاج،حلیم طبع، ملنسار، زیرک اور صائب الرائے وجود تھے۔ بڑی بیٹی اور بیٹے کو قرآن مجید حفظ کروایا۔ اپنے پوتے پوتیوں اور دیگر بچوں کو باقاعدگی کے ساتھ قرآن مجید ناظرہ پڑھاتے رہے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں پانچ بیٹے، دو بیٹیاں اور بہت سے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔آپ مکرم لئیق احمدمشتاق صاحب (مبلغ انچارج سرینام جنوبی امریکہ) اورمکرم محمد ولید احمد صاحب مربی سلسلہ( میرک ضلع اوکاڑہ) کے والد اور مکرم مظفر احمد خالد صاحب ( مربی سلسلہ) کے سسر تھے۔
(3)مکرم ندیم احمد بھٹی صاحب (جرمنی )
10؍نومبر 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ مرحوم بہت مخلص اور باوفا انسان تھے۔ نمازوں کےلیے مسجد میں جایا کرتے تھے۔ کوئی بھی جماعتی یا تنظیمی پروگرام ہوتاتو اپنے کام کا حرج کر کے بھی اُس میں شامل ہوتے۔ چندہ کی وصولی کیلئے احبابِ جماعت کے گھروں میں جایا کرتے تھے۔ تبلیغی کاموں میں بھی پیش پیش رہتے اور جب بھی کوئی تبلیغی پروگرام ہوتا تو جرمن مہمانوں کو ساتھ لے کر آتے۔ ضرورتمندوں کی مالی مدد بھی کیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔
(4)مکرم ڈاکٹر دلدار احمد صاحب( آف فیصل آباد،حال کینیڈا)
5؍ دسمبر 2022ء کو87 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی کینیڈا میں وفات پا گئے۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ آپ ایک ماہر معالج تھے۔ ہومیو پیتھی کا گہرا مطالعہ اورآکوپنکچر اور الیکٹروہومیوپیتھک کا وسیع تجربہ تھا۔اللہ تعالیٰ نے تشخیصِ امراض کی گہری فراست بھی عطا کی ہوئی تھی۔ مرحوم بہت مہمان نواز اور ہر دِل عزیز انسان تھے۔ خلافت سے بے انتہا محبت و عشق تھا۔ تبلیغ کا انتہائی شوق تھا۔کلینک پر آنے والے اکثر مریضوں اور دوستوں کو تبلیغ کیے بغیر نہیں جانے دیتے تھے۔ 1974ء کے پُر آشوب زمانہ میں مرحوم کا کلینک انتہا پسند ملاؤں نے نذرِ آتش کر دیاتھا۔ اس کے بعد گھر سے کلینک کا دوبارہ آغاز کیا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنےفضل و کرم سےآپ کے کلینک اور رزق میں بےانتہا برکت عطا فرمائی۔ انہیں ہومیوپیتھک ادویات بنانے والی مشینیں بنا کر حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی خدمت میں پیش کرنے کا موقع بھی ملا۔ جس پر حضور رحمہ اللہ نے اظہارِ خوشنودی کے طور پر فرمایا ’’ڈاکٹر صاحب کو اللہ تعالیٰ نے مختلف پُرزے جوڑ کر مشینیں بنانے کا عجیب ملکہ عطافرمایا ہے‘‘۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔
(5)مکرمہ راشدہ وحید صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری عبد الوحید صاحب ایڈووکیٹ مرحوم لاہور(امریکہ)
23؍نومبر 2022ءکو بقضائے الٰہی 83سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ بچپن ہی سے پنجوقتہ نمازوں کی پابند اور باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی تھیں۔ ہر کسی کا خیال رکھنے والی ایک مخلص ہمدرد خاتون تھیں۔ جماعتی خدمت میں پیش پیش رہتیں اور خلافت سے محبت کرنے والی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بچے شامل ہیں۔
(6)مکرمہ نسیم ضیاء صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری ضیاء الدین صاحب ایڈووکیٹ مرحوم بہلولپوری (امریکہ)
16؍جنوری 2023ء کو81سال کی عمر میں بقضائے الٰہی امریکہ میں وفات پا گئیں۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ آپ مکرم چودھری صلاح الدین صاحب بہلولپوری(واقف زندگی ) کی بھابھی تھیں۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجدگزار،خلافت کی شیدائی اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے نہایت عقیدت رکھنے والی مخلص خاتون تھیں۔بہت غریب پرور اور مہمان نوازی میں اپنے سارے خاندان میں ایک مثالی نمونہ رکھتی تھیں۔ اپنی جماعت لاس اینجلس کی ہر دل عزیز خاتون تھیں۔پسماندگا ن میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم نسیم ملک صاحب (سیکرٹری انٹرنیشنل ہیومین رائٹس کمیٹی مقیم سویڈن ) کی نسبتی بہن تھیں۔
(7)مکرم چودھری محمد انور صاحب ابن مکرم نور محمد صاحب (سسکاٹون )
23؍نومبر2022ءکو ایک لمبی بیماری کے بعد 74 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ مرحوم نے صدر جماعت سسکاٹون کے علاوہ مختلف شعبوں میں خدمت کی توفیق پائی۔ مالی قربانی میں پیش پیش رہتے تھے۔صوم وصلوۃ کے پابند، غریب پرور، مہمان نواز، مرکزی مہمانوں سے نہایت محبت اور اخلاص سے پیش آنے والے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے والے، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ایک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔
(8)مکرمہ قدسیہ فردوس صاحبہ اہلیہ مکرم ڈاکٹر عطاء اللہ مہر صاحب (ملتان)
9؍جنوری 2023ء کوبقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ آپ مکرم حکیم مہر دین صاحب درویش قادیان کی پوتی تھیں۔ خان پور میں صدر لجنہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔آپ نے تین حج اور متعد د عمرے کرنے کی سعادت پائی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند اور باقاعدگی سے چندے ادا کرنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
(9)مکرم ملک عطاء اللہ صاحب (جرمنی)
20؍دسمبر 2022ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ آپ صوم وصلوٰۃ کے پابند، نیک مخلص اور خاموش طبع انسان تھے۔ آپ کا نظامِ جماعت سے بہت اچھا تعلق تھا اور عہدیداروں سے رابطہ میں رہتے تھے۔ باقاعدگی سے چندہ جات ادا کرتے تھے۔ وفات سے قبل پورے سال کا چندہ ادا کر دیا تھا۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔
(10) عزیزہ لائبہ خان (جرمنی)
19 ؍نومبر 2022ء کو 16 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔ عزیزہ شوق سے حضور انور کی خدمت میں باقاعدگی سے خط لکھتی تھیں۔ جماعتی پروگراموں میں بھی حصہ لیتیں اور اگر کسی وجہ سے فیملی شامل نہ ہوتی تو ناراض ہوتیں کہ کیوں جماعتی پروگرام میں شامل نہیں ہوئے۔نظمیں سننے کا بہت شوق تھا اور خود بھی خوش الحانی سے نظمیں پڑھتی تھیں۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی اور ایک بہن شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔

…٭…٭…٭…