سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 9 جنوری 2024ء بروز منگل 12 بجے دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر اورغائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
٭مکرمہ شاہدہ صدیقہ مرزا صاحبہ
اہلیہ مکرم ظفر محمود مرزا صاحب مرحوم(یو.کے)
30؍ دسمبر2023ء کو67 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت میاں عبدالعزیز صاحب رضی اللہ عنہ (المعروف مغل) صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔ مرحومہ نے 13 سال تک سینٹ جارجز ہسپتال میں کام کیا اور ایک Autistic بیٹے کی دیکھ بھال بھی کرتی رہیں۔مرحومہ نماز اورروزہ کی پابند، بہت ملنسار، مہمان نواز اور خلافت کے سا تھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔ باوجود تنگ دستی کے ہمیشہ اپنے عزیزوں اور ضرورت مندوں کا خیال رکھا کرتی تھیں۔ اپنے بچوں کی بہت اچھی تربیت کی۔پسماندگان میں4 بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم مرزا ر بیب احمد صاحب( مربی سلسلہ، یو.کے) کی والدہ تھیں۔
نماز جنازہ غا ئب
(1)محترم ناصر احمد سعید صاحب
ابن مکرم چودھری عبدالحمید صاحب (فیصل آباد)
19؍دسمبر2023ء کو 70 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے 1974ء کے واقعات سے متاثر ہو کر 1975ء کے آغاز میں خود بیعت کر کے خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کے ہاتھ پر احمدیت قبول کی۔ شروع سے ہی جماعتی خدمت میں مصروف رہے۔ خدام الاحمدیہ میں فیصل آباد کی ضلعی عاملہ میں خدمت کی توفیق پائی۔ 6 سال حلقہ ناظم آباد کے صدر اور14 سال سے زائد عرصہ زعیم اعلیٰ انصار اللہ مجلس دار الفضل (فیصل آباد) رہے اور تاوقت وفات اسی خدمت پر مامور تھے۔ آپ نے جب بیعت کی اس وقت سے ہی خلافت سے اور مرکز سے بہت مضبوط رابطہ قائم رکھا۔ اپنے گاؤں 57 ج ب بڑا گھیالہ سے سائیکل پر ربوہ آیا کرتے تھے۔ الفضل اخبار شروع سے ہی لگوایا ہوا تھا۔آپ کو نمایاں ہونے کا شوق نہیں تھا۔ نہایت خاموشی اور عاجزی سے خدمت سر انجام دیتے چلے جاتے تھے۔آپ کو تبلیغ کا خاص شوق تھا۔ خلافت کی طرف سے جو بھی تحریک آتی، دل و جان سے اس پر عمل کرنے کی پوری کوشش کرتے تھے۔ صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، چندوں میں باقاعدہ، غریب پرور،نرم دل، ہمدرد اور صلہ رحمی کے جذبہ سے سرشار ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ3 بیٹے اور3 بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم ناصف احمد صاحب مربی سلسلہ آج کل چنیوٹ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
(2)مکر مہ عائشہ عشرت صاحبہ
بنت مکرم مولانا ظل الرحمٰن صاحب مرحوم مبلغ سلسلہ
(بنگلہ دیش )
15؍اپریل 2023ء کو83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کی پیدائش قادیان کی ہے۔ چھوٹی عمر میں قادیان کے پاکیزہ ماحول میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے سایہ میں تربیت حاصل کرنے کی توفیق ملی۔ نہایت پارسا، دعا گو اور خلافت سے بہت گہرا تعلق رکھنے والی، چندوں میں با قاعدہ ایک مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم مجیب الرحمان صاحب ایڈووکیٹ مرحوم کی ہمشیرہ تھیں۔
(3)مکرم منور احمد کالا افغانہ صاحب
(پنشنر صدر انجمن احمدیہ قادیان)
ابن مکرم محمد احمد صاحب کالا افغانہ مرحوم (درویش قادیان)
7؍نومبر2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو 45سال صدر انجمن احمدیہ قادیان کے مختلف دفاتر میں خدمت بجالانے کی توفیق ملی۔مرحوم صابر و شاکر، ہمدرد، خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، جماعتی کاموں میں پیش پیش رہنے والے مخلص انسان تھے۔ چندوں میں بڑے با قاعدہ تھے۔ خلافت سے اخلاص و وفا کا تعلق تھا۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
(4)مکرم چودھری فقیر حسین بٹرصاحب
ابن مکرم برکت علی صاحب
(کر تو مرید کے ضلع شیخوپورہ،حال ربوہ)
17؍ اگست 2023ء کو 65 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے زعیم انصار الله، قائد مجلس، صدر جماعت، امیرحلقہ اور سیکر ٹری دعوت الی اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم صوم و صلوٰۃ کے پابند، دینی غیرت رکھنے والے، بڑے نڈر، مخلص اور نیک انسان تھے۔ مالی قربانی میں صف اوّل کے مجاہد تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بھائی شامل ہیں۔
(5)مکرم ریاض الدین احمد صاحب ابن مکرم محمد احمد صاحب مرحوم (آف مردان حال کینیڈا)
15نومبر2023ء کو63 سال کی عمر میں کینیڈا میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولانا معین الدین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود کے پوتے تھے۔ مرحوم نہایت مخلص خادم سلسلہ تھے۔ آپ کو ایک لمبا عرصہ خدام الاحمدیہ اور انصار اللہ کے علاوہ بطور سیکرٹری وقف نو ضلع مردان خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم اگست2021ء میں کینیڈا منتقل ہوئے۔ کینیڈا میں قیام کے دوران جماعتی اور تنظیمی پروگراموں میں بھر پور حصہ لیتے تھے۔مرحوم پابند صوم و صلوٰۃ، غریب پرور،مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ مردان اور پشاور میں اپنی نیکی اور خدمت دین کی وجہ سے جانے پہچانے جاتے تھے۔
(6)مکرمہ صبیحہ مسعود صاحبہ
اہلیہ مکرم محمد مسعود اقبال صاحب
(سابق صدر حلقہ سرے ایسٹ، وینکوور، کینیڈا)
16؍اکتوبر2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم شیخ عبد الرشید بٹالوی صاحب مرحوم (سابق امیر جماعت بٹالہ انڈیا) کی نواسی اور مکرم آغا محمود الٰہی خان صاحب مرحوم (سابق سیکرٹری مال حلقہ ماڈل ٹاؤن لاہور) کی بیٹی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ شعبہ تعلیم سے منسلک ہونے کی وجہ سے جماعت کا پیغام پہنچانے میں ہمیشہ مشغول رہتی تھیں۔
(7)مکرم محمد سلیمان سندھو صاحب
ابن مکرم نذیر احمد صاحب
(تلونڈی کھجور والی ضلع گوجر انوالہ)
25؍جون 2023ء کو72سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے پڑدادا حضرت چودھری خدا بخش صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔آپ ایک لمبا عرصہ شعبہ تدریس سے وابستہ رہے۔ پنجوقتہ نماز وں اور تلاوت قرآن کے پابند، تہجدگزار، غریب پرور، ہمدرد، مخلص، شریف النفس اور اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک انسان تھے۔ اپنے علاقہ کے غیر احمدی مستحقین کی بھی مدد کیا کرتے تھے۔ خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا مضبوط تعلق تھا اور یہی وصف اپنی اولاد میں بھی پیدا کیا۔ صدر جماعت تلونڈی کھجور والی کے علاوہ سیکرٹری مال، سیکرٹری وقف نو اور زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین۔
…٭…٭…٭…