اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2024-02-22

قادیان میں سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ قادیان کا انعقاد

مجلس خدام الاحمدیہ و مجلس اطفال الاحمدیہ قادیان کا سالانہ اجتماع مورخہ 28 ستمبر تا 2 اکتوبر 2023ء شایان شان طریق پر منعقد ہوا۔ الحمدللہ۔ اس موقعہ پر تمام ایام میں ہی خدام و اطفال کے مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے جس میں خدام و اطفال نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
امسال اس اجتماع کی تھیم ’’کان خلقہ القرآن‘‘ مقرر کی گئی تھی۔ اجتماع کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو مسجد اقصیٰ قادیان میں ادا کی گئی۔ بعد ازاں، مزار مبارک حضرت مسیح موعود علیہ السلام پر اجتماعی دعا ہوئی جو محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان نے کروائی۔ اسکے بعد ایوانِ طاہر دفتر مجلس خدام الاحمدیہ قادیان میں لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کروائی گئی۔ اجتماع کے تمام ایام میںہی قادیان کے جملہ خدام و اطفال نے ہر مقابلہ میں بہت شوق سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اجتماع کی اختتامی تقریب مورخہ 2 اکتوبر 2023ء کو بستان احمد قادیان میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب زیر صدارت مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بھارت منعقد ہوئی جس میں محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر مقامی قادیان کو مہمان خصوصی کے طور پرمدعو کیا گیا تھا۔
اس موقعہ پر قادیان کے خدام و اطفال کی جانب سے ایک دیدہ زیب صنعتی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔جس میں خدام و اطفال نے نہ صرف اپنے ہاتھوں کی مہارت دکھاتے ہوئے صنعت کاری پر مشتمل اشیاء بنائی تھیں بلکہ سائنس سے تعلق رکھنے والے پروجیکٹ بھی بنا کر رکھے تھے جسے تمام ناظرین نے خوب سراہا۔
اختتامی تقریب سے قبل قادیان کے خدام کے ذریعہ خلافت سے محبت اور شعائر اللہ کی عظمت کے حوالہ سے واقعات پر مشتمل ایک مذاکرہ پیش کیا گیا جس سے سامعین نے اپنے ایمانوں کو تازہ کیا ۔ بعدہ صدر صاحب اجتماع کمیٹی نے شکریہ احباب پیش کیا اور پھر مہتمم صاحب مقامی مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کی تقریر کے بعد صدارتی خطاب ہوا۔ آخر میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی اور دعا کے ساتھ اجتماع کی کاروائی اختتام پذیر ہوئی۔
اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کے دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(انچارج پریس اینڈ میڈیا بھارت)