اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2024-01-18

وقف نو قادیان کا 25واں سالاجہ اجتماع کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے واقفین نو وواقفات نو قادیان کا25 و اں سالانہ اجتماع مورخہ11،12اور 13 نومبر 2023ء کو منعقد ہوکر بخیر وخوبی اختتام پذیر ہوا۔
25واں اجتماع ایک تاریخی اور سنگ میل کی حیثیت رکھنے والا اجتما ع ہوا کرتاہے ۔لہٰذااس تاریخی اجتماع کی مناسبت سے خلافت احمدیہ کے تئیں اخلاص و وفا کے جذبات ابھارنے اور اس نعمت خداوندی کا شکر بجالانے کیلئے اس اجتماع کی تھیم ’’رہیں گے خلافت سے وابستہ ہم‘‘ رکھی گئی تھی۔اللہ کرے کہ یہ اجتماع واقفین و اوقفات کے دلوں میں بالخصوص اور دیگر احباب جماعت کے دلوں  میں بالعموم خلافت احمدیہ کے تئیں محبت او ر اخلاص کے جذبات کو فروغ دینے کا موجب ہو۔آمین
نیز اس اجتماع کی سب سے اہم اور خاص بات یہ رہی ہے کہ سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت قادیان کے واقفین اورو اقفات نوکے نام ایک بصیرت افروز اور روح  پرورخصوصی پیغام بھجوایا ۔اپنے اس خصوصی پیغام میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزونےاقفین و و اقفات کو مختلف نصائح فرمائی ہیں اللہ تعالیٰ تمام واقفین و واقفات کو ان نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اللہ تعالیٰ  ہمیں پیارے آقا کے پیغام پر مومنا نہ شان کا اظہار کرتے ہوئے حقیقی رنگ میں سمعنا واطعنا کی صدا بلند کرنے والا بنائے آمین ۔اللہ تعالیٰ پیارے آقاکی ہر آن تائید ونصرت فرمائے ۔آمین ۔
اجتماع کا آغاز11؍نومبر 2023 ءکومسجد اقصیٰ  میں اجتماعی نماز تہجد سے ہوا۔اسکے بعد خصوصی درس اور مزار مبارک سیّدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام پر اجتماعی دعا بھی ہوئی ۔
واقفین و واقفات کوان کی عمر کے مطابق 7 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا جن کے درمیان مختلف علمی وورزشی مقابلہ جات کروائےگئے۔ان تمام علمی و ورزشی مقابلہ جات میں700 سے زائد واقفین و واقفات نے حصہ لیا ۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا2016ء میں کینیڈا میں دیاگیا ایک خطبہ جمعہ بعنوان (The Essence of Waqf e Nau)بھی دکھا یا گیا جس میں حضورانور نے کینیڈااور دنیا بھر کے تمام واقفین و اقفات نو اور ان کے والدین کو قیمتی نصائح فرمائی ہیں۔یہ خطاب تمام واقفین و اقفات نو کیلئے مشعل راہ ہے۔
اسکے علاوہ شعبہ وقف نو بھارت کی طرف سے تیار کردہ ایک Documentryبھی دکھائی گئی جو خلافت کے ساتھ تعلق اور کیریئر گائڈنس کے عنوان پر تھی ۔
نیزواقفین کیلئے ایک علمی و معلوماتیTalk Show کا بھی انعقادکیا گیا ۔جس میں میدان عمل میں آئے ہوئے چار مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے واقفین نو نے حصہ لیا ۔جن میں مکرم ڈاکٹر عمران صاحب میڈیکل فیلڈ، مکرم نقیب مبشر صاحب شعبہ آئی ٹی،مکرم فلاح الدین غوری صاحب شعبہ انجینئرنگ اور مکرم فؤاد احمدصاحب استاد جامعہ احمدیہ مربی کی حیثیت سے اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ ان تمام پینالیسٹ نے اپنےوقف کی تکمیل نیز اپنی مفوضہ خدمت کے بارے میں ایمان افروز تذکرے کئے ۔اسی طرح واقفات نو کیلئے بھی دو خصوصی تقاریر اور برکات خلافت کے عنوان سے ایک مذاکرہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔
واقفین و واقفات نو کیلئے صنعتی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔جس میں 40 سے زائد واقفین و واقفات نے اپنے ماڈلس پیش کئے۔اس میں حصہ لینے والےتمام شرکاء  کو میڈل جبکہ اول دوم اور سوم آنے والوں کو نقد انعام سے نواز ا گیا۔
اجتماع کی اختتامی تقریب زیر صدارت مکرم شیخ فرید صاحب ناظر تعلیم صدر انجمن احمدیہ قادیان مورخہ 13؍نومبر 2023 کو منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر مکرم شمیم احمد غوری صاحب انچارج وقف نو وصدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت ، مکرم نور الدین ناصر صاحب صدر عمومی لوکل انجمن احمدیہ قادیان اور مکرم سلطان ظفر صاحب صدر وقف نو کمیٹی قادیان بطور مہمانان خصوصی شکرکت کی۔اس تقریب میں  وقف نو بچوں بچیوں اور ان کے والدین کے علاوہ عہدیداران ہر سہ انجمن وسابق سیکرٹریان وقف نو قادیان نے بھی شرکت کی ۔
تلاوت ونظم کے بعد مکرم صدر صاحب عمومی لوکل انجمن احمدیہ قادیان نے سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قادیان کے واقفین وواقفات نو کے نام بصیرت افروز خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ جس کے بعد خاکسار نے شعبہ وقف نو قادیان کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں اجتماع کے مختلف پروگرامز اور علمی وورزشی مقابلہ جات کی glimpses حاضرین کو دکھائی گئی اسکے ساتھ ہی مکرم نیاز احمد نائک صاحب صدر اجتماع کمیٹی نے اجتماع کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے شکریہ احباب پیش کیا۔ بعدہ مکرم صدر اجلاس نے اختتامی خطاب فرمایا جس میں  موصوف نے واقفین بچوں اور بچیوں نیز ان کے والدین اور عہدیداران کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔اس کے بعد تقریب تقسیم انعامات عمل میں آئی اور آخر پر اجتماعی دعا کے ساتھ وقف نو قادیان کا یہ تاریخی 25واں سالانہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔
دعا ہے اللہ تعالیٰ یہ اجتماع جملہ واقفین وواقفات نو اور تمام عہدیداران کیلئے بابرکت کرے اور اس کے دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(سید سعید الدین احمد مربی سلسلہ ،سیکرٹری وقف نو قادیان )