اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-11-23

28ویں سالانہ اجتماع لجنہ اماءاللہ وناصرات الاحمدیہ بھارت کا کامیاب انعقاد

خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ بھارت کا 28واں سالانہ اجتماع مؤرخہ 27تا29؍اکتوبر2023ء بمقام بستان احمد قادیان میںمنعقد ہوکر بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا الحمدللہ ۔اس اجتماع میں بھارت کے 23صوبہ جات کی 187مجالس کی 632مہمان مستورات شامل ہوئیں۔ بیرون ممالک سے بھی 8ممبرات نے شرکت کی۔ مؤرخہ27؍اکتوبر بروز جمعہ صبح ٹھیک9 بجے لوائے لجنہ لہرایا گیا۔ افتتاحی اجلاس زیر صدارت محترمہ بشریٰ پاشا صاحبہ صدر لجنہ اماءا للہ بھارت منعقد ہوا۔ ناصرات الاحمدیہ کی ممبرات نے مارچ پاسٹ کے ساتھ ترانہ پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔بعدہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت نے لجنہ اماء اللہ وناصرات الاحمدیہ کا عہد دہرایا۔ نظم کے بعد صدر اجلاس نے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز پیغام پڑھ کر سنایا اور پھر افتتاحی خطاب فرمایا۔ بعد ازاں سالانہ کارگزاری رپورٹ لجنہ اماء اللہ بھارت 2022-23ء پڑھی گئی۔
اس کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے اس کے علاوہ 2 تربیتی معلوماتی ڈسکشن پروگرام مجلس بنگلور اور مجلس سکندرآباد نے پیش کئے۔ بعدہ محترم مولانا محمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ و امیرجماعت احمدیہ قادیان نے پردہ کی رعایت سے لجنہ وناصرات کی ممبرات کو اپنے قیمتی خطاب سے نوازا ۔ آپ نے فرمایا کہ ہمارا مطمح نظر فاستبقواالخیرات ہونا چاہئے، بچوں کی تربیت کرنے میں اپنا اعلیٰ نمونہ دکھانے اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔ ٹی وی ، انٹرنیٹ کے گندے پروگراموں سے بچوں کو بچانے، بچوں کی تربیت میں دعا، نگرانی، نصیحت اور عملی نمونہ پیش کرنےکی طرف ماؤں کو خصوصی توجہ دلاتےہوئے ممبرات کو قیمتی نصائح فرمائیں اور سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کے مجموعہ خطابات سے تربیت کے اصول بیان فرمائے۔
سالانہ اجتماع کے موقع پر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے 2خطاب مؤرخہ 21؍ اگست 2022ء برموقع جلسہ سالانہ جرمنی اور24؍ستمبر 2023ء برموقع سالانہ اجتماع لجنہ اماء اللہ یو.کے بذریعہ پروجیکٹر دکھایا و سنایا گیا۔
سالانہ اجتماع کے تیسرے اور آخری دن زیر صدارت محترمہ صدر لجنہ اماء اللہ بھارت خصوصی نشست منعقد کی گئی۔ تلاوت قرآن کریم مع ترجمہ کے بعد صدر اجلاس نے لجنہ اماء اللہ وناصرات الاحمدیہ کا عہد دہرایا۔ اسکے بعد حمد باری تعالیٰ پڑھی گئی۔ بعدہٗ صدر اجلاس نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بصیرت افروز پیغام دوبارہ پڑھ کر سنایا ۔ اسکے بعد ترانہ پیش کیاگیا۔ اسکے بعد محترمہ صدر اجلاس نے اختتامی خطاب فرمایا اور آخر میں دعا کروائی ۔
دوسرے دن 28؍اکتوبر 2023ء کوصبح 9:30بجے بمقام بستان احمد مجلس شوریٰ منعقد کی گئی اور صدر لجنہ اماء اللہ بھارت کے انتخاب کی کارروائی عمل میں آئی ۔
اجتماع سے قبل مؤرخہ 26؍اکتوبر2023ء کو احمدیہ گراؤنڈ میں لجنہ وناصرات کے ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اجتماع گاہ میں صد سالہ جشن تشکر لجنہ اماء اللہ کے کاموںپر مبنی دلچسپ اور معلوماتی نمائش اور صنعت و دستکاری کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔
سیّدناحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے اجتماع کے چند پروگرامز کی live streamingکی گئی۔ مجالس کی صدرات اور ضلعی صدرات کو اس کا لنک شیئر کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اس روحانی اجتماع کی برکات سے مستفید فرمائے اور ہمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(نصرت بیگم بدر، منتظمہ رپورٹ اجتماع گاہ)