مورخہ 10؍دسمبر 2022ء کو ہندوستان کی دارالحکومت نئی دہلی میں جماعت احمدیہ کی طرف سے پیس سمپوزیم کا شاندار انعقاد کیا گیا ۔ یہ پیس سمپوزیم Constitutional Club of Indiaمیں منعقد ہوا۔ امسال کے پیس سمپوزیم کا عنوانTrue & Sustainable Peaceمقرر کیا گیا۔ اس پیس سمپوزیم کی صدارت مکرم ناظر نشر واشاعت قادیان نے کی ۔ اس پیس سمپوزیم میں حکومت ہند کے منسٹر آف اسٹیٹ فار مائنارٹی افیئرز جناب جان بارلا صاحب بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اسی طرح ہائی کورٹ وکلاء ، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز ، مذہبی لیڈران اور مختلف رفاہی وفلاحی اداروں کے چیئر مین صاحبان نے بھی شرکت کی۔ تلاوت قرآن مجید سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ مکرم نائب ضلعی امیر دہلی نے مہمانان کرام کا استقبال کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ جماعت کے تعارف کے ساتھ موصوف نےPower Point Presentation کا بھی اہتمام کیا جس میں تصاویر بھی پیش کی گئیں۔ اس پیس سمپوزیم میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیام امن کی کاوشوں اور قیام امن عالم کیلئے زریں اصول کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس ڈاکو منٹری میں جماعت احمدیہ کی طرف سے کئے جانے والے خدمت خلق کے کاموں کو بھی پیش کیا گیا۔ اسی طرح اس ڈاکومنٹری میں نئی دہلی سے تعلق رکھنے والےسوامی سُشل جی کی حضور انور سے اسلام آباد کی ملاقات کے بعد جو تاثراتی انٹرویو ایم ٹی اے نیوز میں نشر ہوا و ہ بھی دکھایا گیا۔ اسی طرح حضور انور کےدورہ امریکہ 2022کی جھلکیاں اور حضور انور کے اس دورہ کے مختلف خطبات میں سے اہم حصص بھی اس ڈاکومنٹری میں شامل کئے گئے ۔اس پیس سمپوزیم میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی میں مکرم قائمقام ناظر صاحب امور خارجہ نے بزبان انگریزی سامعین سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کے موجودہ حالات کی طرف سامعین کی توجہ مبذول کروائی۔ بعدہ حضور انور کے مختلف خطابات سے ماخوذ اقتباسات کی روشنی میں معاشرتی سطح پر اور عالمی سطح پر امن کیلئے اسلام کی پیش کردہ تعلیمات کا تفصیلاً ذکر کیا۔ اسی طرح کتاب ورلڈ کرائسس اینڈ دی پاتھ وے ٹو پیس کا بھی تعارف کراتے ہوئے اسے پڑھنے اور اس کے مطابق اپنی اپنی زندگیوں کے ضابطہ عمل تجویز کرنے کی طرف حاضرین کو نصیحت کی۔ اس پیس سمپوزیم پر تشریف لانے والے معزز مہمانان کو بھی مقررہ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقعہ دیا گیا۔ چنانچہ انہوںنے اپنے نیک خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی قیام امن کی کا وشوں کو سراہااور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔صدارتی خطاب اور اجتماعی دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا جس کے بعد مہمانا ن کیلئے ضیافت کا انتظام کیا گیا۔ اس موقعہ پر ہال کی ایک جانب جماعتی بک اسٹال بھی لگایا گیاجس سے شاملین نے بھر پور استفادہ کیا۔ معزز مہمانان کرام کو جماعتی لٹریچر اور Momentosپیش کئے گئے ۔ اس پیس سمپوزیم میں شامل ہونے والوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور اس قسم کے پروگرامز کے انعقاد کی اہمیت وضرورت بیان کرتے ہوئے جماعتی کاوش کو سراہا۔نئی دہلی کے مختلف اخبارات اور نیوز چینلز میں پیس سموپزیم کی خبریں نشر ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک ودور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین ۔
(کے طارق احمد ، انچارج شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت )