اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-06-08

کلکتہ شہر میں جماعت احمدیہ کی طرف سے پیس سمپوزیم کا شاندار انعقاد

مورخہ 3؍دسمبر 2022ء کو شہر کلکتہ صوبہ بنگال میں جماعت احمدیہ کی طرف سے ایک پیس سمپوزیم کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ کلکتہ شہر ہندوستان کا ایک اہم اور میٹرو پولیٹن شہر ہے۔ اس شہر کےThe Park Hotelمیں پیس سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔امسال کے پیس سمپوزیم کا عنوان Fundamentals of Establishing Lasting Peace مقرر کیا گیا۔ اس پیس سمپوزیم میں مختلف مکاتب ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے ایک صد سے زائد معززین نے شرکت کی جن میں سیاسی وسرکاری عہدیداران ، تعلیمی ادارہ جات کے پروفیسر صاحبان و طلباء ، مختلف مذاہب کے لیڈران اور مختلف رفاہی وفلاحی تنظیموں کے ساتھ جڑے ہوئے احباب شامل تھے۔ اس پیس سمپوزیم کی صدارت مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ کلکتہ نے کی۔ ہندوستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تلاوت قرآن مجید سے پیس سمپویم کا آغاز ہوا۔ مکرم مبلغ انچارج صاحب جماعت احمدیہ کلکتہ نے مہمانان کرام کا استقبال کرتے ہوئے انہیں بنگلہ زبان میں جماعت احمدیہ کا تعارف کرایا۔ جس میں موصوف نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد بیان کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیان فرمودہ انسانی ہمدردی اور امن عامہ کی تعلیمات حاضرین کے سامنے پیش کیں اور سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز دنیا بھر میں امن عالم کیلئے جو کوششیں فرمارہے ہیں ان کا ذکر کیا۔ اس پیس سمپویم میں سیدناحضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیام امن کی کاوشوں اور قیام امن عالم کے ذریں اصول کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس ڈاکومنٹری میں جماعت احمدیہ کی طرف سے ہندوستان بھر میں کئے جانے والے خدمت خلق کے کاموں کو بھی پیش کیا گیا۔ اس پیس سمپوزیم میں خاکسار نے بحیثیت صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت مرکزی نمائندہ کے طور پر شرکت کی اور Fundamentals of Establishing Lasting Peace کے موضوع پر سیّدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب جو حضور انور نے پیس سمپوزیم یو.کے2018 ء کے موقع پر ارشاد فرمایا تھا اس سے استفادہ کرتے ہوئے اس کے اقتباسات پر مشتمل خطاب حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ اسی طرح حاضرین کو تیسری عالمی جنگ کے خطرات سے متنبہ کرتے ہوئے خدا تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے ، ہر سطح پر انصاف قائم کرنے اور مخلوق خدا سے ہمدردی کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔اس پیس سمپوزیم پر تشریف لانے والے معزز مہمانان کو بھی مقررہ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقعہ دیا گیا۔ چنانچہ انہوں نے اپنے نیک خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی قیام امن کی کاوشوں کو سراہا۔ آخر پر مکرم نائب امیر صاحب کلکتہ نے شکریہ احباب پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ کلکتہ نے صدارتی خطاب اور اجتماعی دعا کروائی۔ اس کے بعد مہمانان کیلئے ضیافت کا انتظام بھی کیا گیا۔ اس موقعہ پر ہال کی ایک جانب جماعتی بک اسٹال بھی لگایا گیا جس سے شاملین نے بھر پور استفادہ کیا۔ معززمہمانان کرام کو جماعتی لٹریچر پیش کئے گئے۔ پیس سمپوزیم کی خبریں 6مختلف اخبارات اور 3ریجنل نیوز چینلزمیں نشر ہوئیں۔اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک ودوررس نتائج ظاہر فرمائے ۔ آمین۔

(کے طارق احمد ، انچارج شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت )