اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-06-08

قادیان میں لجنہ اماء اللہ بھارت کی جانب سے Women in Islamکے موضوع پر ایک کامیاب جلسہ کا انعقاد

مورخہ 4؍دسمبر 2022ء کو سرائے خدمت قادیان میں لجنہ اماء اللہ بھارت کی جانب سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ایک جلسہ Women in Islamکے موضوع پر منعقد کیا گیا۔ لجنہ اماء اللہ بھارت اپنی مجلس کے قیام پر سو سال مکمل ہونے کی خوشی میں یہ سال صد سالہ جوبلی کے طور پر منا رہی ہے جس میں مختلف خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہاہے۔ یہ جلسہ بھی جوبلی کے منظور شدہ پروگراموں کا ایک حصہ تھا۔ اس پروگرام میں شرکت کیلئے صوبہ پنجاب سے کثیر تعداد میں غیر از جماعت معز ز خواتین کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کا مقصد اسلام میں عورت کے مقام اور عورت کو حاصل ہونے والے حقوق سے غیروں کو متعارف کرانا تھا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ پروگرام میں ہندوستان کا قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ استقبالیہ تقریر کے بعد 5مہمان مستورات نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان معزز مہمان مستورات نے اس بات کا اظہار کیا کہ اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جس میں بیٹی کوکبھی بھی بوجھ نہیں سمجھا جا تا بلکہ اس کی پیدائش پر خوشیاں منائی جاتی ہیں ۔ قرآن مجید میں بھی مرد اور عورت کو برابر کا درجہ دیا گیا۔ پردے کا نظریہ اسلام میں عورت کے ڈسپلن اور حفاظت کیلئے ہیں۔ نیز ان مہمان مستورات نے لجنہ اماء اللہ بھارت کی صد سالہ تقریبات کے حوالہ سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمنا ؤں کا بھی اظہار کیا۔ پروگرام میں شامل ہونے والی غیر از جماعت مہمان مستورات کے مابین Momentosتقسیم کئے گئے نیز کتاب Women in Islamبھی دی گئی۔آخر پر محترمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بھارت نے حاضر مہمان مستورات سے مخاطب ہوتے ہوئے انہیں اسلام میں عورت کے مقام اور حقوق کے حوالہ سے بتایا کہ کس طرح بانیٔ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور اس زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے عورتوں کے حقوق کو دنیا میں قائم کیا۔ انہوںنے شامل ہونیوالی تمام مہمان مستورات کا شکریہ ادا کیا اور دعا کے ساتھ جلسے کی کارروائی کا اختتام ہوا۔ تما م شاملین نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور جماعتی فلاح وبہبود اور قیام امن کی کاوشوں کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک ودوررس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین ۔

(کے طارق احمد ، انچارج شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت )