اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




2023-06-08

قادیان دارالامان میں ’’مخزن التصاویر ‘‘نمائش کا رینوویشن وافتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے قادیان دارالامان میں البلاغ بلڈنگ میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے ’’مخزن التصاویرقادیان‘‘کی نئی نمائش کا دعا کے ساتھ افتتاح عمل میں لایا گیا۔ مخزن التصاویر کے افتتاح کی تقریب مورخہ 17؍دسمبر2022ء بعد نما عصر شام 4بجے عمل میں آئی۔ محترم مولانا جلال الدین نیر صاحب صدر انجمن تحریک جدید قادیان نے اجتماعی دعا کے ساتھ اسکا افتتاح فرمایا۔ اس افتتاحی تقریب میں جماعتی عہدیداران اور جلسہ سالانہ قادیان 2022ء میں شمولیت کی غرض سے تشریف لائے بعض غیر ملکی مہمانان کرام نے شرکت فرمائی۔ تلاوت قرآن مجید سے تقریب کا آغاز ہوا جسکے بعد مکرم انچارج صاحب شعبہ مخزن التصاویر قادیان نےقادیان میں  شعبہ مخزان التصاویر کے قیام اور اسکے رینوویشن کے پس منظر سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ بعدازاں محترم مولانا جلال الدین نیر صاحب صدر انجمن تحریک جدید نے اجتماعی دعا کروائی ۔ اسکے بعد معزز حاضرین نے مخزن التصاویر نمائش کا وزٹ کیا۔ جماعتی تصاویر ، جماعتی تاریخ کے اہم ماخذ ہیں اور ان تاریخی ونایاب جماعتی تصاویر کو دیکھ کر ایمان کو بھی تقویت حاصل ہوتی ہے کہ جماعت احمدیہ کو اللہ تعالیٰ نے کس طرح ہر زمانہ میں خلفاء کرام کے عظیم الشان روحانی قیادت میں ترقیات سے نوازا ہے۔ اسی غرض کیلئے قادیان دارالامان میں خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رہنمائی ومنظوری سے ’’البلاغ‘‘بلڈنگ میں سن 2012ءمیں پہلی مرتبہ ’’مخزن التصاویر‘‘نمائش کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ اس نمائش میں تازہ تصاویر کے اضافہ کی ضرورت محسوس ہوئی نیز پرانے فریمز کو جو خراب حالت میں تھے ان کو تبدیل بھی کیا جانا تھا۔ چنانچہ سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی منظوری سے مخزن التصاویر نمائش کی رینوویشن کرتے ہوئے نئی نمائش تیار کی گئی ہے اور مورخہ 17؍دسمبر2022ء کو اس نئی نمائش کا افتتاح کیاگیا۔ مخزن التصاویر قادیان کی اس نئی نمائش میں جماعتی تاریخی تصاویر کو دیدہ زیب طریق پر ترتیب کے ساتھ آویزاں کیا گیا ہے ۔ اس نمائش میں مختلف سیکشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپؑکی مبشر اولاد کی تصاویر ، اسی طرح خلفاء کرام اور ان کے دور خلافت میں ہونے والے اہم اور تاریخی مواقع کی تصاویر اور خلافت خامسہ کے بابرکت دور کے اہم واقعات کی تصاویر بالخصوص حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے حالیہ دورہ جات اور دیگر مختلف مصر وفیات کی تازہ تصاویر بھی اس نئی نمائش کی رونق بنی ہوئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ نمائش مقامی احباب اور مہمانان کرام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی رہی اور جلسہ سالانہ قادیان 2022ء کے موقعہ پر بھی مہمانان کرام نے اس نمائش سے بہت استفادہ کیا اور پسند یدگی کا بھی اظہار کیا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔اللہ تعالیٰ اس نئی نمائش کے قیام کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس سے احباب جماعت وغیر از جماعت کو بھی استفادہ کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

(عطاء المجیب لون ، قائم مقام انچارج شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت)