اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




 جلسہ سالانہ برطانیہ 2023ءکی مختصر رپورٹ

 جماعت احمدیہ برطانیہ کا 57واں جلسہ سالانہ نہایت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے چار بصیرت افروز خطابات اور علماء کرام کی پر مغز تقاریر

دُنیا بھر سے معززین کے خیرسگالی کے ایمان افروز پیغامات

دوران سال 114 ممالک سے 430 سے زائد اقوام کےدو لاکھ اکہتّر ہزار ایک سو اڑسٹھ افراد کا جماعت احمدیہ مسلمہ میں شمولیت

کل 118ممالک سے41 ہزار 654؍ افراد کی جلسہ میں شرکت

کل65؍ممالک کی بذریعہ لائیو سٹریمنگ جلسہ میں شمولیت

قادیان دارالامان کی جملہ مساجدمیں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ برطانیہ کے پروگرام لائیو ایم ٹی اے کے ذریعہ سننے اور دیکھنے کا انتظام

پاکستان کے علاوہ دنیا میں 330 نئی جماعتوں کا قیام

کل 1016 مقامات پر پہلی بار احمدیت کا پودا لگا

کل 185 مساجد اللہ تعالیٰ نے جماعت کو عطا کیں

دوران سال 124 مشن ہاؤسز کا اضافہ

کل76 زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم کی اشاعت

دنیا کے 104 ممالک میں 620 سے زائد ریجنل لائبریریز کا قیام

واقفین نو کی تعداد اسّی ہزار چھ سو

حضور انور کے خطبات جمعہ 30 زبانوں میں الاسلام ویب سائٹ پر مہیا ہیں

mtaانٹرنیشنل کے 8 چینل چوبیس گھنٹے کی نشریات پیش کررہے ہیں

کل 25 ریڈیو اسٹیشن تبلیغ و اشاعت کا کام کررہے ہیں

مکرم David Spurdleصاحب آف یوکے کو 2023 کا احمدیہ پیس پرائز دینے کا اعلان

 
معائنہ انتظامات جلسہ 23؍جولائی 2023بروز اتوار

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 23؍جولائی بروز اتوار جلسہ کے انتظامات کا معائنہ فرمایا۔ حضور انور نے پہلے جامعہ احمدیہ یو کے پھر حدیقۃ المہدی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعدہ حضور انورجلسہ گاہ تشریف لائے اور اسٹیج پر رونق افروز ہوئے ۔ تلاوت قرآن کریم مکرم رضوان بٹ صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے کی۔ مکرم یعقوب حمیدی صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے نے ان آیات کا اردو ترجمہ پیش کیا۔ بعدہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ منبر پر تشریف لائےاور کارکنان سے خطاب فرمایا ۔
آپ نے کارکنان کو نصیحت فرمائی کہ ہمیشہ مسکراتے چہرے کے ساتھ اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ، دعاؤں پر زور دیتے ہوئے اور ذکر الٰہی کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹیاں دیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو احسن رنگ میں اپنے فرائض سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس کے بعد حضو ر انور نے دعا کروائی ۔

پہلادن مورخہ 28 ؍جولائی 2023 بروز جمعہ

الحمد للہ جماعت احمدیہ برطانیہ کا 57واں جلسہ سالانہ مورخہ 28جولائی 2023بروز جمعہ سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بصیرت افروز خطبہ جمعہ سے حدیقۃ المہدی (آلٹن) میں شروع ہوا۔
قادیان دارالامان کی جملہ مساجدمیں اجتماعی طور پر جلسہ سالانہ برطانیہ کے پروگرام لائیو ایم ٹی اے کے ذریعہ سننے اور دیکھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ جبکہ مسجد اقصیٰ میںجلسہ کے پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے احباب جماعت کیلئے خصوصی انتظام کیا گیا تھا اور اس کیلئے ناظران ،نائب ناظران وافسران صیغہ جات کے علاوہ ہر سہ انجمنوں کے کارکنان ، طلباء جامعہ احمدیہ قادیان و دیگر اہالیان قادیان کودفتری طور پر دعوت نامے تقسیم کئے گئے تھے۔ مسجد اقصیٰ میں اس خصوصی انتظام کے تحت ایک بڑی led screen لگائی گئی تھی نیز شعبہMTA قادیان مسجد اقصیٰ ، منارۃ المسیح،دارالمسیح ودیگر مقامات مقدسہ کے لائیوآڈیوویڈیو مناظر ایم ٹی اے انٹرنیشنل کو بھیج رہی تھی جبکہ حفاظت مرکز کے عملہ کے ساتھ ساتھ خدام الاحمدیہ قادیا ن کےخدام حفاظتی ڈیوٹیوں کے فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔ اسی طرح اطفال الاحمدیہ قادیان کے تحت آب رسانی کا مناسب انتظام کیا گیا تھا۔

خطبہ جمعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5بجکر40منٹ (12:10 GMT ) پر خطبہ جمعہ ارشاد فرمانے کیلئےجلسہ گاہ تشریف لائے اور خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔جس میں حضور انور نے جلسہ سالانہ کے مقاصد بیان فرماتے ہوئے میزبان ومہمانان کوان کے فرائض سے متعلق زریں نصائح سے نوازا۔خطبہ کا مکمل متن آئندہ شمارہ میں شائع ہوگا۔

پرچم کشائی وافتتاحی اجلاس

سیدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ہندوستانی وقت کے مطابق رات9 بجکر3 منٹ پر جلسہ گاہ تشریف لائے اور لوائے احمدیت لہرایا جبکہ محترم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت برطانیہ نے برطانیہ کا قومی پرچم لہرایا۔
جونہی حضور انور مردانہ پنڈال میں رونق افروز ہوئے فلک شگاف نعروں کے ساتھ حضور انور کا استقبال کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہواجومکرم مولانا فیروز عالم صاحب نے کی ۔ مکرم عاشق حسین صاحب نےحضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کا قرآن کریم کی مدح میں فارسی منظوم کلام پیش کیا۔ بعد ہ مکرم مرتضیٰ منان صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کا اردو منظوم کلام پڑھ کر سنایا۔اسکے بعد سیدنا حضرت امیر المو منین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز افتتاحی خطاب کیلئے ہندوستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر32منٹ  (16:02 GMT) پرمنبر پر رونق افروز ہوئے۔

افتتاحی خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ 

تشہد،تعوذ اورسورۃ الفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا کہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے جلسے کے انعقاد کا ایک بہت بڑا مقصد یہ بتایا ہے کہ اس جلسے میں شامل ہونے والوں میں زُہد و تقویٰ پیدا ہوجائے۔ جب یہ زہد و تقویٰ پیدا ہوگا تو خدا تعالیٰ کا قُرب پیدا ہوگا اور اس طرح انسان خداتعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر چلے گا اور جب انسان خدا تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر چلے گا تو یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ وہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں سستی دکھائے۔
حضور انور نے فرمایا حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام نے اپنے ماننے والوں کو صرف یہ نہیں فرمایا کہ تقویٰ اختیار کرو، بلکہ ایک درد کے ساتھ قرآن کریم اور رسول اللہ ﷺ کے ارشادات اور آپﷺ کے اسوۂ حسنہ کی روشنی میں تقویٰ کی راہوں پر چلنے کے راستے بھی دکھائے ہیں۔ آپؑنے واضح فرمایا ہے کہ میرے سلسلۂ بیعت میں آنے والے وہی ہیں جو اللہ تعالیٰ کی بتائی ہوئی تعلیم کے مطابق تقویٰ پر چلنے والے ہیں۔
ایک موقعے پرحضرت مسیح موعود علیہ السلام اپنی جماعت کو تقویٰ اختیار کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: جماعت کی خیر خواہی کیلئے ضروری بات یہ معلوم ہوتی ہے کہ تقویٰ کی بابت نصیحت کی جاوے کیونکہ یہ بات عقل مند کے نزدیک ظاہر ہے کہ بجز تقویٰ کے اور کسی بات سے اللہ تعالیٰ راضی نہیں ہوتا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اِنَّ اللہ مَعَ الَّذِیْنَ اتَّقَوْا وَالَّذِیْنَ ھُمْ مُحْسِنُوْنَ۔خطاب کا مکمل متن انشاء اللہ آئندہ کسی شمارے میں شائع ہوگا۔
خطاب کے اختتام پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اجتماعی دعا کروائی جس کے ساتھ اس اجلاس کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔

دوسرا دن مورخہ 29 جولائی 2023 بروز ہفتہ

مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ بینن کی زیر صدارت جلسہ کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق ٹھیک 2:30بجے دوپہر ہوا۔تلاوت قرآن کریم مکرم راحیل احمد صاحب نے کی ۔ بعدہٗ مکرم ندیم زاہد چغتائی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام خوش الحانی سے سنایا۔اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم محمد ابراہیم اخلف صاحب سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے نے کی۔ آپ کا موضوع تھا ’’ ضرورۃ الامام حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات کی روشنی میں‘‘ یہ تقریر انگریزی میں ہوئی۔ بعدہٗ اجلاس کی دوسری تقریر مکرم ڈاکٹر فہیم یونس قریشی صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے کی۔ آپکا موضوع تھا ’’ہستی باری تعالیٰ کا ثبوت سائنسی دلائل کی روشنی میں‘‘ بعدہٗ ایک نظم ہوئی جو مکرم خالد محمود بٹ صاحب نے خوش الحانی سے پڑھی۔ بعدہٗ اجلاس کی تیسری تقریر مکرم ڈاکٹر زاہد احمد خان صاحب صدر قضا بورڈ برطانیہ نے کی۔ آپ کا موضوع تھا ’’خلافت ہی نظام کی ضامن ہے‘‘ یہ تقریر بھی انگریزی میں  ہوئی۔ اور آخر پر ایک نظم ہوئی جو مکرم صہیب احمد صاحب مربی سلسلہ نے پڑھی۔

کارروائی اجلاس مستوارت

جلسہ سالانہ کے دوسرے روز یو کے کے وقت کے مطابق صبح 10بجے مستوارت کا اپنا جلسہ منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت محترمہ ڈاکٹر فریحہ خان صاحبہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم مکرمہ رضوانہ شمس صاحبہ نے کی اور ان آیات کا اردو ترجمہ امتہ الودود چیمہ صاحبہ نے پیش کیا۔ بعدازاں ساعدہ عروج صدیقی صاحبہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اردو منظوم کلام میں سے منتخب اشعار خوش الحانی سے پڑھے۔ اجلاس کی پہلی تقریر مکرمہ فرزانہ یوسف صاحبہ نیشنل سیکرٹری تبلیغ لجنہ اماء اللہ یوکے نے ’’خلافت کی بابرکت رہنمائی میں لجنہ اماء اللہ کی ترقی ‘‘کے عنوان پر انگریزی میں کی ۔ دوسری تقریر ’’معاشرے میں امن پیدا کرنے میں احمدی خواتین کا کردار‘‘کے عنوان پر مکرمہ شرمین بٹ صاحبہ معاونہ صدر برائے پریس اینڈ میڈیا ، لجنہ اماء اللہ یوکے نے اردو میں کی۔ تیسری تقریر ’’احمد یت یعنی حقیقی اسلام کی طرف میر اسفر ‘‘کے عنوان پر مکرمہ قدسیہ وارڈ صاحبہ نے کی ۔

حضور انور کا مستورات کے جلسہ سے خطاب

ہندوستانی وقت کے مطابق سیّدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ٹھیک 4 بجکر 40 منٹ پر مستورات کے جلسہ گاہ میں تشریف لائے۔ تلاوت قرآن کریم ہبۃ الرحمٰن الجابی صاحبہ نے کی اوران آیات کا ترجمہ قرۃ العین طاہر صاحبہ نے پڑھ کر سنایا۔ بعدہٗ عربی نظم بارہ رشد عودہ صاحبہ نے پڑھی جس کا اُردو ترجمہ در عجم صاحبہ نے پیش کیا۔ بعدہٗ اُردو نظم مکرمہ کاشفہ قمر صاحب نے خوش الحانی سے پڑھی۔ اسکے بعد سیکرٹری صاحبہ امور طالبات نے تعلیمی اعزازات کا اعلان کیا۔
ہندوستانی وقت کے مطابق حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ  بنصرہ العزیز نے 5 بجکر 15 منٹ پر خطاب شروع فرمایا۔ تشہد تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا کہ آج میں صحابیات رضی اللہ عنہم کے واقعات پیش کروں گاکہ کس طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت سے فیضیاب صحابیات نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا نمونہ قائم کیا۔عبادات میں ، تعلق باللہ میں، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے عشق و محبت میں، مالی قربانی میں، جان کی قربانی میں، اپنے بچوں کی تربیت میں غرضیکہ ان صحابیات نے ہر معاملات میں آنے والی نسلوں کے لئے اور قیامت تک کے لئے مسلمان عورتوں کے لئے ایک نمونہ قائم کیا۔ چنانچہ اس ضمن میں حضور انور نے صحابیات کی قربانیوں اور صبر و تحمل اور اسلام کی خاطر ہر مشکل اور تکلیف کو انتہائی صبر اور شکر کے ساتھ برداشت کرنے کے نہایت ایمان افروز واقعات سنائے۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بعد دوپہر کا خطاب

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب سے قبل مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی صدارت میں ایک نشست منعقد ہوئی جس میں کہ معزز مہمانوں نے جلسہ سالانہ یو.کےکے متعلق اور جماعت احمدیہ کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کچھ مہمانوں کے ویڈیو پیغامات دکھائے اور سُنائے گئے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ ہندوستانی وقت کے مطابق  تقریباً 8:30 بجے رات جلسہ گاہ میں تشریف لائے۔ تلاوت قرآن کریم مکرم راشد خطاب صاحب نے کی۔ تلاوت کی گئی آیات کا ترجمہ مکرم حافظ اعجاز احمد صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ بعدہٗ ایک نظم مکرم عمر شریف صاحب نے خوش الحانی سے پڑھی۔ ہندوستانی وقت کے مطابق ٹھیک 8 بجکر57 منٹ پر حضور انور نے خطاب کا آغاز فرمایا۔
تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور نے فرمایا : آج کی تقریر میں جماعت احمدیہ پر نازل ہونے والے اللہ تعالیٰ کے افضال و برکات کا ذکر کروں گا۔چنانچہ حضور انور نے دنیا بھر میں جماعت احمدیہ کی ترقی تبلیغ واشاعت اور قبول احمدیت کےمتعلق نہایت ایمان افروز واقعات سنائے۔

تیسرا دن مورخہ 30جولائی 2023 بروز اتوار

یہ اجلاس محترم عبدالاوّل صاحب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ تلاوت قرآن مجید مکرم احسان احمد صاحب نے کی ۔ مکرم محمد خالد چغتائی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام پڑھ کر سنایا۔بعدہ محترم ڈاکٹرسر افتخار احمد ایاز صاحب، چیئر مین انٹر نیشنل ہیومن رائٹس کمیٹی برطانیہ نے بعنوان ’’آنحضرت ﷺ کا اسوۂ حسنہ امن کا ضامن ہے‘‘ بزبان اردو تقریر کی ۔ دوسری تقریر محترم اظہر حنیف صاحب، نائب امیر و مبلغ انچارج یو ایس اے نے بعنوان ’’بچوں کو اسکول میں پیش آنے والی مشکلات کا حل ‘‘ بزبان اردو کی ۔اس کے بعد مکرم عبدالحئی سرمد صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام خوش الحانی سے پڑھ کر سنایا ۔ تیسری تقریر محترم مولانا عطا ء المجیب راشد صاحب ، امام مسجد فضل لندن و نائب امیر جماعت احمدیہ برطانیہ نے بعنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے علمی معجزات ‘‘ بزبان اردو کی ۔ اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یو.کے نے بعنوان ’’دنیاوی طاقتوں کے قدم امن کی طرف بڑھانے میں خلفائے احمدیت کی مساعی ‘‘ بزبان انگریزی کی ۔

عالمی بیعت

ہندوستانی وقت کے مطابق شام ٹھیک 5:30 بجے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز جلسہ گاہ میں تشریف لائے ۔ حضور انور نے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا بادامی رنگ کا بابرکت کوٹ زیب تن کیا ہواتھا۔ حضور انور اسیٹج کے سامنے بیعت کیلئے تیار کی گئی جگہ پر رونق افروز ہوئے ۔ بیعت لینے سے پہلے حضور انور نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے سال رواں میں بیعتوں کی مجموعی تعداد271,168 ہے ۔114ممالک سے 430سے زائد اقوام کے لوگ احمدیت میں داخل ہوئے۔ گزشتہ سال کی نسبت 40232کا اضافہ ہوا۔
اسکے بعد حضور انور نے بیعت کے الفاظ پڑھنے شروع کئے ۔ تمام حاضرین جلسہ اور دنیا بھر کے احمدیوں نے مواصلاتی رابطے کے ذریعہ اپنی اپنی جگہ پر اس بابرکت تقریب میں شرکت کی اور حضور انور کی اقتدا میں بیعت کے الفاظ دہرائے ۔حضور انور نے عربی دعائیہ کلمات کے بعد انگریزی میں بیعت کے الفاظ دہرائے ۔ اس کے بعد حضور انور نے اردو میں بیعت کے الفاظ دہرائے اور بیعت لی۔ بیعت کے اختتام پر حضو انور نے دعا کروائی ۔
جلسہ سالانہ کے آخری اجلاس سے قبل سات بج کر چوالیس منٹ پر محترم رفیق احمد حیات صاحب کی زیر صدارت ایک سیشن ہوا۔ جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد معززین کے پیغامات پیش کئے گئے ۔ بعض معززین کے ویڈیو پیغامات دکھائے گئے اور بعض نے جلسہ میں شامل ہو کر اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔

اختتامی اجلاس

8 بجکر 40 منٹ پر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ  بنصرہ العزیز جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے ۔ پنڈال نعرہ ہائے تکبیر سے گونج اُٹھا۔ اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم حافظ اسمٰعیل اُدوسی صاحب نے کی اور ترجمہ بھی پیش کیا۔ اسکے بعد مکرم فرج عودہ صاحب اور ان کے ساتھیوں نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ اس کا اردو ترجمہ مکرم طاہر احمد ندیم صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم رانا محمود الحسن صاحب نے سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ اردو منظوم کلام خو ش الحانی سے پڑھ کر سنایا۔ بعدہ سیکرٹری تعلیم یوکے نے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کے نام پڑھ کر سنائے ۔
اسکے بعد مکرم امیر صاحب یوکے نے’’احمدیہ مسلم پرائز فار پیس2023‘‘ کا اعلان کیا ۔ امسال یہ انعام جناب David Spurdleصاحب کو یو.کے پیس سمپوزیم کے موقع پر دیا جائے گا۔
اس کے بعد مسٹرJoil Turenneصاحب ایڈوکیٹ اینڈ ڈائریکٹرJudiciary Affairs at the Religious Ministry Haitiنے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو ایک خصوصی مونو منٹ پیش کیا ۔
اس کے بعد مکرم رفیق حیات صاحب نےKing Charles آف یو.کے کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ GMTٹائم کے مطابق ٹھیک 16:00بجے حضور انور نے خطاب کا آغاز فرمایا ۔

اختتامی خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ

تشہد، تعوذ اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کے بعدحضور انورنے فرمایا کہ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو بڑی تفصیل سے معاشرے کے ہر طبقے کے حقوق بیان فرماتا ہے۔ ان حقوق کی وضاحت اور تفصیل ہمیں قرآن کریم، احادیث اور اس زمانے میں سیّدنا حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے ارشادات میں ملتی ہے۔ گذشتہ تین سالوں سے مَیں مختلف مواقع پر جلسوں میں ان حقوق کو بیان کر رہا ہوں ۔
گذشتہ برس مَیں نے عورتوں کے حقوق کے متعلق کچھ بیان کیا تھا جسے اپنوں اور غیروں سب نے بہت پسند کیا۔ یقیناً جب حقیقی اسلامی تعلیم دنیا کے سامنے پیش کی جاتی ہے تو لوگوں کو یہ قبول کرنا پڑتا ہے کہ اسلام ہر طبقے اور ہر شعبہ ہائے زندگی کے متعلق بےمثال تعلیم پیش کرتا ہے۔ پس اسلامی تعلیم کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے ہمیں کسی قسم کے احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
حضور انور نے فرمایا:اب تک مَیں معاشرے کے اکیس مختلف طبقات کے حقوق بیان کرچکا ہوں، آج بھی کچھ بیان کروں گا۔ پس ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ انہیں ہم اپنی زندگیوں کا حصّہ بنائیں۔ تب ہی ہم وہ حسین معاشرہ قائم کرسکتے ہیں جو خداتعالیٰ ہم سے چاہتا ہے اور جس کی تعلیم اللہ تعالیٰ نے آنحضرتﷺ کے ذریعے سے ہمیں دی ہے۔
اس وقت مَیں غریبوں، محتاجوں اور مسکینوں کے حقوق بیان کروں گا۔ اس طبقے کے حقوق کا تحفظ نہ صرف خداتعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا موجب ہے بلکہ یہ معاشرے کے امن کے بھی ضامن ہیں۔حضور انور کا مکمل خطاب آئندہ کسی شمارہ میں شائع ہوگا۔
حضور انور کا خطاب تقریباً 6 بجےGMT تک جاری رہا۔ اس کے بعد حضور انور نے اجتماعی دعا کروائی۔ دعا کے بعد حضور انور نے اعلان فرمایا کہ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے118ممالک سے کُل41 ہزار654 ؍احباب جماعت نے شرکت کی جبکہ 65ملک بذریعہ لائیو سٹریمنگ شامل ہوئے۔ یہ حاضری2019ء کے ریکارڈ حاضری والے جلسے سے تقریباً دو ہزار زائد ہے۔
اس کے بعد عربی، اردو، افریقی، بنگالی اور سپینش زبانوں میں گروپس کی صورت میں ترانے پیش کیے گئے۔
6:15 بجےGMT حضور انور نے جلسہ سالانہ کے تمام شرکاء اور ایم ٹی اے کے توسط سے دنیا بھر کے تمام احمدیوں کو السلام علیکم ورحمۃ اللہ کا تحفہ عنایت فرمایا اور جلسہ گاہ سے تشریف لے گئے۔

٭٭٭