جماعت احمدیہ برطانیہ کے سترہویں نیشنل امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد
حضور پُر نور ایدہ اللہ تعالیٰ کی امن کانفرنس میں شرکت اور بصیرت افروز خطاب
مورخہ 4؍مارچ2023ء بروز ہفتہ مسجد بیت الفتوح کی نو تعمیر شدہ عمارت میں جماعت احمدیہ برطانیہ کی سترہویں نیشنل امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد ہوا۔ کورونا وبا کے باعث تین سال کے وقفے کے بعد امن کانفرنس منعقد ہوئی جس میں چالیس ممالک کی نمائندگی ہوئی۔ اس بابرکت موقع پر سیّدنا وامامنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بنفس نفیس تشریف لائے اور کانفرنس کے شرکاء سے بصیرت افروز خطاب فرمایا جو ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے توسط سے پوری دنیا میں براہِ راست سنا اور دیکھا گیا۔
نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد 6 بجکر 39 منٹ پر حضور انور آفتاب خان لائبریری سے ملحقہ نمائش میں تشریف لائے جہاں معززین پہلے سے موجود تھے۔ حضور انور نے بعض مہمانوں سے تعارف حاصل کیا۔ حضور نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد حضورانور میٹنگ ہال میں تشریف لے گئے جہاں گذشتہ سالوں (2019ء اور2022ء) میں The Ahmadiyya Muslim Prize for the Advancement of Peace کے حقدار ٹھہرنے والے مہمانوں کے علاوہ بعض دیگر معززین نے بھی حضور انور سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔
بعد ازاں حضور انور ناصر ہال میں تشریف لائے جہاں پر موجود افراد نے حضور انور کا دیدار کیا۔ حضور انور کی آمد پر ہال نعرہائے تکبیر سے گونج اٹھا۔ بعد ازاں حضور انور7 بجکر9 منٹ پر طاہر ہال میں تقریب کیلئے تشریف لے گئے جہاں پر موجود افراد پہلے سے اپنی نشستوں پر موجود تھے۔ حضور انور کرسیٔ صدارت پر رونق افروز ہوئے۔ حضور انور کے دائیں اور بائیں کل 16؍معززین بیٹھے تھے۔ اسٹیج کی پچھلی جانب دیوار پر اوپر خوبصورت انداز میں کلمہ طیبہ کے دائیں اور بائیں بالترتیب آیات کریمہ ’اِنَّ اللہَ یُحِبُّ الْمُقْسِطِیْنَ‘ اور ’لَا اِکْرَاہَ فِی الدِّیْنِ‘ مع انگریزی ترجمہ لکھیں تھیں۔ اسٹیج کے بیک گراؤنڈ میں مسجد بیت الفتوح کی تعمیر نو کی تصویر لگائی گئی تھی۔
تلاوت قرآن کریم اور اسکے انگریزی ترجمہ کے بعد مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ یو.کے نے افتتاحی خطاب فرمایا بعد ازاں سیکرٹری صاحب امور خارجہ نے وزیر اعظم برطانیہ رشی سونک کا تہنیتی پیغام پڑھا جس میں اس بات کا ذکر تھا کہ یہ بہت زبردست امر ہے کہ جماعت احمدیہ عالمگیر یہ تقریب منعقد کر رہی ہے۔ جماعت کی مساعی قابلِ ستائش ہے، جو عالمگیر امن کو فروغ دے رہی ہے۔ اس موقع پر میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
اسکے بعد ایم پی Ed Davey لیڈر آف لبرل ڈیموکریٹک پارٹی و وائس چیئر مین آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ فار احمدیہ کمیونٹی اور ایم پی Paul Scully نیز پٹنی کی ممبر آف پارلیمنٹ Fleur Andersonنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بعد ازاںمحترم امیر صاحب نے2019ء اور 2022ء میں امن انعام حاصل کرنے والے افراد کا مختصر تعارف پیش کیا۔ حضور انورنے دونوں انعام کے حقدار کو انعامات سے نوازا۔ 2019ء میں Barbara Hofmann اس انعام کیلئے نامزد ہوئی تھیں۔ انہوں نے Beira (Mozambique) میں یتیموں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی زندگی وقف کر دی۔2022ء کاچودھواں امن ایوارڈ ڈاکٹرTadatoshi Akibaآف جاپان نے حاصل کیا انہوںنے کہا کہ مَیں اس ایوارڈ کو ہیروشیما اور ناگاساکی کے متاثرین اور کارکنان کے نام کرتا ہوں۔
بعد ہ ٹھیک 8 بجے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ منبر پر تشریف لائے۔ تعوذ اور تسمیہ کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا معزز مہمانان! السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ۔سب سے پہلے مَیں آپ سب کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ سب ہماری اس تقریب میں شرکت کیلئے تشریف لائے۔ گزشتہ برسوں میں کورونا وبا کے باعث ہم اس تقریب کا انعقاد نہیں کر پارہےتھے تاہم اب اس اعتبار سے نہایت خوشی اور مسرت کا موقع ہے کہ ہم اپنے نئے اور پرانے دوستوں کے ہمراہ آج اس تقریب میں شریک ہیں۔ آج امن کانفرنس کےساتھ مسجد بیت الفتوح کی تعمیر نو کا بھی موقع ہے اور اس طرح یہ دونوں تقاریب اکٹھی ہوگئی ہیں۔ مَیں آج مساجدکی غراض و مقاصد اور امن عالم کے قیام اور اسکے طریق کے متعلق مختصراً کچھ ذکر کروں گا۔
(حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطاب کا مکمل متن آئندہ کسی شمارہ میں انشاء اللہ شائع ہوگا)
(بشکریہ اخبار الفضل انٹرنیشنل 10؍مارچ2023ء)