حسبِ منظوری سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، مجلس انصار اللہ بھارت کا چھیالیسواں (46واں) سالانہ ملکی اجتماع مورخہ 23؍ تا 25؍ اکتوبر 2026ء کو قادیان دارالامان میں نہایت شان و شوکت اور کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ الحمدللہ۔ اس سہ روزہ بابرکت اجتماع کا مرکزی موضوع ’’اقامۃ الصلوٰۃ‘‘ رکھا گیا تھا جس کے تحت تمام علمی و تربیتی پروگرام منعقد ہوئے۔
پہلا دن: 23؍ اکتوبر 2026ء (بروز جمعۃ المبارک)
نمازِ تہجد، خصوصی درس اور اجتماعی دعا:
اجتماع کے تینوں ایام کا آغاز مسجد اقصیٰ اور مسجد مسرور میں باجماعت نمازِ تہجد سے ہوا۔ نمازِ فجر کے بعد مسجد اقصیٰ، مسجد مبارک اور مسجد مسرور میں اجتماع کی مناسبت سے خصوصی دروس دیے گئے، جس کے بعد اجتماعی تلاوتِ قرآن کریم کی گئی۔ صبح ساڑھے چھ بجے مزارِ مبارک حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پر محترم ناظر صاحب اعلیٰ قادیان نے اجتماعی دعا کروائی۔ بعدازاں دفتر مجلس انصار اللہ بھارت (ایوانِ انصار)کی چھت پر محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ بھارت نےلوائے انصار اللہ لہرایا، مہمانوں کی چائے سے تواضع کی گئی اور صفِ اوّل و صفِ دوم کے انصار کے مابین ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔
پرچم کشائی اور افتتاحی تقریب:
صبح ٹھیک 9 بجے اجتماع گاہ میں پرچم کشائی کی تقریب عمل میں آئی۔ خاکسار (صدر مجلس انصار اللہ بھارت) نے لوائے انصار اللہ لہرایا اور اجتماعی دعا کروائی، جس کے دوران "رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا إِنَّكَ أَنتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ" کی دعا دہرائی گئی۔ اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی مکرم نیاز احمد نائیک صاحب (صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت) شریک ہوئے۔
افتتاحی اجلاس کا باقاعدہ آغاز خاکسار کی زیرِ صدارت ہوا جس میں تینوں مرکزی انجمنوں کے افسرانِ صیغہ جات اور ملک بھر سے آئے ہوئے تقریباً 1000 انصار نے شرکت کی۔ تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ مکرم محمد نور الدین صاحب (قائد تحریکِ جدید مجلس انصار اللہ بھارت) نے پیش کیا، جس کے بعد خاکسار نے عہدِ انصار اللہ دہرایا۔
سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا پیغام اور سالانہ رپورٹ:
امسال بھی سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اراکینِ مجلس انصار اللہ بھارت کے نام محبت بھرا روح پرور پیغام مرحمت فرمایا، جسے خاکسار نے پڑھ کر سنایا اور تمام حاضرین میں موقع پر ہی تقسیم بھی کیا گیا۔ بعدازاں مکرم نصر من اللہ صاحب (قائد وقفِ جدید مجلس انصار اللہ بھارت) نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام خوش الحانی سے پیش کیا۔
مکرم طاہر احمد چیمہ صاحب (قائد عمومی مجلس انصار اللہ بھارت) نے سالانہ رپورٹ 2026ء پیش کی، جس کے اہم اعداد و شمار ایل ای ڈی (LED) اسکرین پر بھی دکھائے گئے۔ مکرم حافظ سید رسول نیاز صاحب (صدر موازنہ کمیٹی) نے ملک بھر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی مجالس اور بہترین ناظمینِ اضلاع کے ناموں کا اعلان کیا۔
صدارتی خطاب اور رسمِ اجراء کتب:
خاکسار نے اپنے صدارتی خطاب میں سورۃ الفرقان کی آیات، احادیثِ نبویؐ اور سیدنا حضور انور کے ارشادات کی روشنی میں ’’عبادالرحمٰن‘‘ کی صفات اپنانے کی طرف توجہ دلائی۔ اسی اجلاس میں مجلس کے سالانہ لائحہ عمل کے تحت شائع ہونے والے مختلف علاقائی زبانوں کے پاکٹ سائز کتابچہ ’’نماز مترجم‘‘ اور ماہنامہ ’’انصار اللہ‘‘ کے خصوصی نمبر بعنوان ’’اقامۃ الصلوٰۃ‘‘ کی تقریبِ رونمائی بھی عمل میں آئی۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
مقابلہ حسنِ قرأت، خطبہ جمعہ اور خصوصی نشست:
افتتاحی تقریب کے بعد معیارِ اوّل و دوم کے انصار کا مقابلہ حسنِ قرأت ہوا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ نمازِ جمعہ و عصر پنڈال اور مساجد میں ادا کی گئیں۔ سہ پہر 3:30 بجے بستانِ احمد میں ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ شام 5:30 بجے پنڈال میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہِ راست سنا گیا۔
رات 8:30 بجے بعنوان ’’اقامۃ الصلوٰۃ‘‘ ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی جس میں محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر مقامی قادیان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ آپ نے آنحضرت ﷺ، صحابہ کرامؓ اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام و صحابہ کرامؓ کے ایمان افروز واقعات بیان کرتے ہوئے نمازِ باجماعت کے التزام کی تلقین فرمائی۔
مجلسِ شوریٰ (پہلی نشست):
رات 9:30 بجے خاکسار کی زیرِ صدارت مجلسِ شوریٰ کی پہلی نشست منعقد ہوئی۔ مکرم قمر الحق خان صاحب (نائب پرنسپل جامعہ احمدیہ قادیان) نے تلاوت کی۔ مکرم طاہر احمد بیگ صاحب (معاون صدر برائے شوریٰ) نے گزشتہ شوریٰ کی منظور شدہ تجاویز کی تعمیلی رپورٹ پیش کی، جبکہ مکرم ڈاکٹر جاوید احمد لون صاحب (منتظم شوریٰ) نے رواں سال کا ایجنڈا اور رد شدہ تجاویز کی تفصیل پڑھ کر سنائی۔ ایجنڈے میں شامل تین تجاویز پر غور کے لیے دو سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔
لائیو اسٹریمنگ (Live Streaming):
حسبِ منظوری اجتماع کے اہم اجلاسات کی براہِ راست نشریات کا انتظام کیا گیا تھا جس سے قادیان نہ آسکنے والے بزرگ انصار نے گھروں میں بیٹھ کر استفادہ کیا۔ افتتاحی تقریب کو 700 جبکہ شب کی خصوصی نشست کو 339 اراکین نے آن لائن دیکھا۔
دوسرا دن: 24؍ اکتوبر 2026ء (بروز ہفتہ)
مقابلہ نظم خوانی اور خصوصی تربیتی سیشن:
صبح 9 بجے معیارِ اوّل و دوم کا مقابلہ نظم خوانی ہوا جس کے اختتام پر اول، دوم اور سوم آنے والوں کو انعامات دیے گئے۔ صبح 10:30 بجے مکرم طاہر احمد صاحب طارق (نائب صدر مجلس انصار اللہ بھارت)کی زیرِ صدارت خصوصی تربیتی سیشن ہوا۔ مکرم قمر الحق خان صاحب کی تلاوت کے بعد مکرم ایچ شمس الدین صاحب (قائد تربیت) نے ’’اقامۃ الصلوٰۃ اور انفاق فی سبیل اللہ‘‘ کے عنوان پر، جبکہ مکرم ایم ناصر احمد صاحب (نائب صدر برائے تربیتی امور) نے ’’رشتہ ناطہ کے مسائل کا حل جماعتی تعلیمات کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں۔ صدارتی کلمات کے ساتھ یہ نشست اختتام پذیر ہوئی جسے آن لائن 687 اراکین نے ملاحظہ کیا۔
مقابلہ پیغام رسانی اور ورزشی مقابلے:
دوپہر 12 تا 1 بجے مقابلہ پیغام رسانی منعقد ہوا جس میں 12 ٹیموں نے حصہ لیا۔ نمازِ ظہر و عصر اور ظہرانے کے بعد سہ پہر 3 بجے بستانِ احمد میں صفِ اوّل و دوم کے انصار کے مابین مختلف ورزشی مقابلے ہوئے اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
خصوصی مذاکرہ بعنوان ’’ہماری صحت‘‘ اور ڈاکیومنٹری:
نمازِ مغرب و عشاء اور عشائیہ کے بعد رات 8 بجے طبی آگاہی کے لیے ایک خصوصی مذاکرہ بعنوان ’’ہماری صحت‘‘ منعقد ہوا۔ اس پروگرام کی میزبانی مکرم ڈاکٹر جاوید احمد لون صاحب (ناظر دیوان قادیان) نے کی جبکہ مکرم ڈاکٹر طارق احمد صاحب (ایس ایم او، نور ہسپتال قادیان) بطور ماہرِ طب شریک ہوئے۔ ڈاکٹر صاحب نے چالیس سال کی عمر کے بعد جسمانی تبدیلیوں، متوازن غذا، ورزش کی اہمیت، جنک فوڈ سے پرہیز اور ذیابیطس (شوگر) سمیت دیگر امراض سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی اور حاضرین کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔ اس موقع پر سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے صحت و ورزش سے متعلق ارشادات پر مبنی ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے۔
اس کے بعد ’’نماز کی اہمیت و برکات‘‘ پر ایک بصیرت افروز ڈاکیومنٹری دکھائی گئی جس میں نمازِ باجماعت کے نتیجے میں صحابہ کرامؓ میں برپا ہونے والے روحانی انقلاب کو اجاگر کیا گیا۔
تیسرا دن: 25؍ اکتوبر 2026ء (بروز اتوار)
فائنل مقابلہ جات، مذاکرہ فقہی مسائل اور کوئز:
صبح کے سیشن میں رنگ اور بیڈمنٹن کے فائنل مقابلے ہوئے اور جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ ناشتے کے بعد 8:45 بجے مقابلہ مشاہدہ و معائنہ اور بعدازاں معیارِ اوّل و دوم کا مقابلہ تقاریر منعقد ہوا جس میں نمایاں پوزیشن پانے والوں کو انعامات دیے گئے۔
صبح 11 بجے مکرم طاہر احمد بیگ صاحب کی میزبانی میں ’’فقہی مسائل بابت نماز‘‘ کے عنوان پر ایک خصوصی مذاکرہ ہوا جس میں مکرم منصور احمد صاحب (پرنسپل جامعہ احمدیہ قادیان) اور مکرم سید کلیم احمد صاحب (قاضی سلسلہ نظامت دارالقضاء) نے نماز سے متعلق اہم فقہی مسائل کی وضاحت فرمائی۔ دوپہر 12:15 بجے مکرم سید کلیم احمد عجب شیر صاحب (قائد اشاعت) کی نظامت میں 4 منتخب ٹیموں کے مابین دلچسپ کوئز مقابلہ ہوا جس میں حاضرین سے بھی سوالات کیے گئے اور صحیح جواب دینے والوں کو انعامات دیے گئے۔
اختتامی تقریب اور صدارتی خطاب:
شام 4:45 بجے اجتماع گاہ میں محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان کی زیرِ صدارت اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ اسٹیج پر محترم ایڈیشنل ناظر صاحب اعلیٰ جنوبی ہند، محترم صدر صاحب انجمن تحریکِ جدید، محترم وکیل الاعلیٰ صاحب تحریکِ جدید اور خاکسار صدر مجلس انصار اللہ بھارت موجود تھے۔ تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ مکرم مولوی کے اے ظفر اللہ صاحب نے پیش کیا، خاکسار نے عہدِ انصار اللہ دہرایا اور مکرم رفیق احمد صاحب مدراسی (مبلغ سلسلہ تامل ناڈو) نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا منظوم کلام ’’بڑھتی رہے خدا کی محبت خدا کرے‘‘ خوش الحانی سے پڑھا۔ مکرم مولوی رفیق احمد بیگ صاحب (صدر اجتماع کمیٹی) نے جملہ شاملین و کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔
صدرِ اجلاس محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر مقامی نے قرآنِ کریم کی آیتقُوا أَنفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارًاکی تلاوت کے بعد خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ سیدنا حضور انور کی منظور کردہ سالانہ تھیم ’’اقامۃ الصلوٰۃ‘‘ کا اصل مقصد یہ ہے کہ ہم اس اہم فریضہ کو کماحقہ ادا کرنے والے بنیں۔ آپ نے آیات و احادیث کی روشنی میں نمازِ باجماعت بالخصوص نمازِ فجر و عشاء کی حفاظت کی طرف خاص توجہ دلائی۔
تقریب کے اختتام پر موازنہ مجالس (معیار الف، ب، ج) میں اول، دوم، سوم آنے والی اور خصوصی انعام کی حقدار مجالس کو اسناد دی گئیں۔ صدرِ اجلاس کی دعا اور فلک شگاف نعرہ ہائے تکبیر کے ساتھ یہ تین روزہ سالانہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
مجلسِ شوریٰ کا اختتامی اجلاس:
رات 8 بجے خاکسار کی زیرِ صدارت مجلسِ شوریٰ کا دوسرا اور آخری اجلاس منعقد ہوا۔ حاضری اور دعا کے بعد تربیتی و تبلیغی سب کمیٹی کی رپورٹ پیش ہوئی جس پر 9ممبران نے آراء کا اظہار کیا اور خاکسار کی وضاحت کے بعد کثرتِ رائے سے رپورٹ منظور کر لی گئی۔ بعدازاں مالی سب کمیٹی کی رپورٹ پیش ہوئی اور 4 ممبران کی آراء و وضاحت کے بعد شوریٰ کی کارروائی بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔(صدر مجلس انصار اللہ بھارت)