اردو   हिंदी   বাংলা   ಕನ್ನಡ   മലയാളം   ଓଡ଼ିଆ   தமிழ்   తెలుగు  




.

2025-12-04

قادیان دارالامان میں واقفین و واقفات نو کا 27واں سالانہ اجتماع

اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل قادیان کے واقفین و واقفاتِ نو کا 27واں سالانہ اجتماع’’نماز دین کا ستون ہے‘‘ کے عنوان کے تحت مؤرخہ23 تا 25 نومبر 2025ء قادیان میں منعقد ہوا۔
اجتماع کا آغاز نماز تہجد، خصوصی درس اور مزار مبارک پر اجتماعی دعا سے ہوا۔ سرد موسم کے باوجود بڑی تعداد میں واقفین و واقفات نو والدین کے ساتھ شامل ہوئے۔ صبح 9 بجے مسجد اقصیٰ میں افتتاحی اجلاس زیر صدارت محترم ناظر صاحب تعلیم قادیان بمقام مسجد اقصیٰ منعقد ہوا۔
امسال 3 تا 21 سال کی عمر کے کل 640 واقفین و واقفات نو نے مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ اجتماع کے دوران واقفین و واقفات نو کو چھ مختلف گروپس میں تقسیم کرکے حسنِ قرأت، نظم خوانی، تقریر، کوئز، پیغام رسانی، کسوٹی، مضمون نویسی، ریسرچ سیشن، پرچۂ ذہانت، ترتیب سازی اور ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے گئے۔ امسال گذشتہ سال کی نسبت کئی نئے علمی مقابلہ جات متعارف کروائے گئے جنہیں والدین اور بچوں نے بے حد پسند کیا اور شاملین نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔
24 نومبر کی شام مسجد اقصیٰ میں اجتماع کی تھیم ’’نماز دین کا ستون ہے‘‘کے موضوع پر مذاکرہ اور اس کے بعد محترم ناظر صاحب تعلیم قایان اورمحترم انچارج صاحب شعبہ وقف نو قادیان کی انتظامی و تربیتی رہنمائی پر مشتمل خصوصی نشست منعقد ہوئی۔
بچوں کی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر نے کی غرض سے امسال احمدیہ گراؤنڈ میں ایک نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں تقریباً 80 واقفین و واقفات نو نے سائنسی و دینی نوعیت کے تحقیقی و تخلیقی پروجیکٹس پیش کیے جنہیں حاضرین نے بہت سراہا۔
اختتامی اجلاس 25 ؍نومبر کی شب محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمدیہ قادیان کی صدارت میں مسجد اقصیٰ میں منعقد ہوا، جس میں سالانہ رپورٹ پیش کی گئی،اجتماع کے پروگرامز کی ویڈیو جھلکیاں دکھائی گئیں اور اجتماع کے مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں اور بچیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ اجتماع بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قادیان کے جملہ واقفین و واقفات نو کے علم و عرفان میں ترقی دے اور انہیں خلافتِ احمدیہ کا سچا معاون و سلطانِ نصیر بنائے۔ آمین۔
سلیق احمد نایک
سیکرٹری وقف نو قادیان