۲۳؍ نومبر کارڈف میں جماعت احمدیہ برطانیہ کے لیے ایک تاریخی دن رہا کیونکہ یہاں ویلز میں جماعت احمدیہ کی پہلی باقاعدہ مسجد، مسجد بیت الرحیم، کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنےخود تشریف لاکر مسجد کا افتتاح فرمایا۔
مسجد کی تعمیر اور افتتاح کے تمام مراحل مجلس انصار اللہ برطانیہ کی زیر نگرانی بخوبی مکمل ہوئے۔ افتتاح کی تقریب میں صبح سے ہی مہمانوں کی آمد جاری رہی اور شرکاء کے لیے لنگر اور گرم چائے کا انتظام کیا گیا، کیونکہ اس دن کارڈف میں موسم سرد اور بارش والا تھا، درجہ حرارت سات ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، لیکن سرد ہوا کی وجہ سے وہ صفر کے برابر محسوس ہو رہا تھا۔
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ چار بج کر ۵۳ منٹ پر مسجد بیت الرحیم تشریف لائے۔ سب سے پہلے یادگاری تختی کی نقاب کشائی ہوئی اور اجتماعی دعا کی گئی۔ اس کے بعد حضورِ انور نے ایک یادگار پودا بھی لگایا۔ مرکزی ہال میں نماز مغرب اور عشاء جمع اور قصرکر کے ادا کی گئی، نماز مغرب میں حضورِ انور نے سورۃ الفلق، سورۃ الناس اور نماز عشاء میں ۳۱تا۳۳ اور دوسری رکعت میں آیت ۳۴تا۳۷ کی تلاوت فرمائی۔
نماز کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح نے مختلف گروپس کے ساتھ تصاویر بنوائیں، جن میں درج ذیل اراکین شامل تھے:
اراکین نیشنل مجلس عاملہ اور مجلس انصار اللہ برطانیہ
اراکین Fundraising کمیٹی مسجد بیت الرحیم
ریجنل ناظمین اعلیٰ مجلس انصار اللہ برطانیہ
مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے والے Construction Workers
مقامی مجلس عاملہ اور ممبران جماعت احمدیہ کارڈف
مسجد کے صحن میں نصب پنڈال میں چھ بج کر تین منٹ پر ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں محمد نعمان صاحب، ریجنل امیر ساؤتھ ویسٹ ریجن، نے ماڈریٹر کے فرائض انجام دیے۔ حافظ فارس احمد نے سورۃ البقرہ کی آیات کی تلاوت کی جبکہ انگریزی ترجمہ سلیم Doumon صاحب نے پیش کیا۔
بعد ازاں تین معزز مہمانوں High Sheriff مکرمہ Janet Davies صاحبہ، High Sheriff of Gwent – Lieutenant Colonel Ralph Griffin صاحب اور Cabinet Secretary for Social Justice, Trefnydd and Chief Whip مکرمہ Jane Hutt MS صاحبہ نے مختصر کلمات پیش کیے جبکہ Jo Stevens جو Secretary of State for Wales ہیں کا ایک ویڈیو پیغام دکھایا گیا۔ چھ بج کر ۲۵؍منٹ پر حضور انور منبر پر تشریف لائے اور انگریزی زبان میں خطاب کا آغاز فرمایا۔ جو انشاء اللہ آئندہ شمارہ میں شامل اشاعت کیاجائے گا۔